- الإعلانات -

بھارت میں سیاحتی کتابچے سے تاج محل کا نام خارج

آگرہ: بھارتی ریاست اترپردیش کی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے سیاحتی کتابچے سے دنیا کے 7 عجائبات میں سے ایک تاج محل کا نام خارج کر دیا گیا۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے محکمہ سیاحت کی جانب سے ایک کتاب شائع کی گئی ہے جس میں ریاست میں نئے سیاحتی مقامات اور مستقبل میں شروع کیے جانے والے منصوبوں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ کتاب میں بھارت کے مشہور سیاحتی مقامات کا بھی تذکرہ ہے تاہم حیران کن طور پر اس میں تاج محل کا نام شامل نہیں۔

اس کتابچے کے منظر عام پر آنے کے بعد صحافیوں، سیاستدانوں اور سماجی کارکنوں نے 17 ہویں صدی کے شاہکار تاج محل کی عدم موجودگی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر یہ موضوع بحث بنا ہوا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹوئٹر پر تاج محل کا لفظ 12 ہزار سے زائد مرتبہ لکھا جاچکا ہے۔