- الإعلانات -

عمران خان کے پاس جادو کی چھڑی نہیں تبدیلی آنے میں وقت لگے گا ، بشریٰ بی بی

اسلام آباد: خاتون اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ ملک میں تبدیلی آنے میں وقت لگے گا کیوں کہ عمران خان کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں۔ 

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عمران خان سادہ اور صاف گو قسم کے انسان ہیں، ان میں کسی قسم کا لالچ اور کوئی دنیاوی خواہش نہیں  بلکہ ان کی خواہش ہے کہ مرنے سے پہلے ملک کے لئے کچھ کرجاؤں۔

خاتون اول نے کہا کہ عمران خان کو سیاست دان نہیں کہا جا سکتا، سیاستدان اورلیڈر میں فرق ہوتا ہے، اس صدی میں عمران خان اور طیب اردگان ہی لیڈر ہیں، کوئی ایسا انسان نہیں جو ان کی برائی کرسکے، پاکستانی عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں عمران خان جیسا لیڈر ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہدایت کاوقت مقررکررکھاہے جب کہ اب عمران خان کی زندگی  اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لئے وقف ہے۔

بشریٰ بی بی نے کہا  کہ ملک میں تبدیلی آنے میں وقت لگے گا کیوں کہ عمران خان کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان محنت پاکستانی عوام کے لیے کر رہے ہیں، لگتا ہے اللہ نے لکھ دیا ہے کہ پاکستان کی تقدیرعمران خان ہی بدلیں گے اور ملک کو اوپراٹھائیں گے۔