- الإعلانات -

مارچ تک فالودے اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل میں ہوں گے، شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئندہ سال مارچ تک جھاڑو پھرجائے گی، فالودے اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل کا خام مال ہیں یہ لوگ جلد جیل میں ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ معلوم نہیں عمران خان نے یوٹرن والی بات کس سوال کے جواب میں کہی ، عمران خان بہترین انداز میں کام رہے ہیں جتنی ایک انسان کے بس میں ہوتی ہے اتنی عمران خان کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار احمد نہ پی ٹی آئی میں جارہے ہیں اور نہ ہی (ن) لیگ میں جارہے ہیں، چند روز قبل چوہدری نثار سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ میں نے ان سے متعلق ٹھیک بات کہی، اگر اس وقت چوہدری نثار میری بات مان لیتے تو کم از کم 40 ارکان ان کے ساتھ ہوتے۔

فواد چوہدری سے متعلق انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات بالکل ٹھیک کام کررہے ہیں جب کہ صدر مملکت کو ان کے منصب کے مطابق پروٹوکول مل رہا ہے۔

ریلوے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں 11 ہزارخالی آسامیوں کو میرٹ پرمکمل کیا جائے گا جب کہ زمین طاقتور قابضین سےخالی کرائیں گے اور  رائل پام اور شالیماراسپتال کاکیس نیب میں لےکر جارہےہیں۔