- الإعلانات -

اسپیشل پراسیکیوٹرنیب عمران شفیق نے استعفیٰ دیدیا

اسلام آباد: نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔ 

اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا ہے، تاہم ان کی منصب چھوڑنے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں  جب کہ دوسری جانب  ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ نیب کو ابھی تک اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق عمران شفیق نے گزشتہ روز العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں نیب کی جانب سے حتمی بحث کی تھی، وہ ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف  زرداری کی اپیلوں کے خلاف اسپیشل پراسیکیوٹر نیب تعینات تھے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیلوں سمیت اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف اپیل  کیس میں نیب کی نمائندگی کررہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران شفیق نے گزشتہ روز زلفی بخاری کی دہری شہریت پرہائیکورٹ میں سخت موقف اپنایا تھا اور مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت کے احاطے میں زلفی بخاری اور اسپیشل پراسیکیوٹر میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

عمران شفیق نے ایکسپریس نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پراستعفٰی دے رہا ہوں۔