- الإعلانات -

قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 3 فلسطینی نوجوان شہید

غزہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی نوجوان شہید اور 2 صحافی سمیت 4 پیرا میڈیکل اسٹاف زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی سرحد کی جانب احتجاجی مارچ کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض اسرائیلی فوج نے روایتی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے براہ راست فائرنگ کردی۔

اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 3 فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا تاہم دوران علاج تینوں نوجوانوں نے جام شہادت نوش کرلی۔ شہید ہونے والوں کی شناخت جاہ جوح، عبدالعزیز اور مہر یاسین کے نام سے ہوئی۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 صحافی شدید زخمی ہوئے جنہیں مظاہرین میں موجود پیرا میڈیکل کارکنان طبی امداد فراہم کر رہے تھے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے جس سے 4 پیرا میڈیکل اسٹاف زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں درجن سے زائد مظاہرین بھی زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس 30 مارچ سے شروع ہونے والی ’اپنے گھروں کو واپسی مہم‘ کے تحت فلسطینی شہریوں کا یہ مسلسل 39 واں ہفتہ وار مظاہرہ تھا۔ اس دوران اسرائیلی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے پیرا میڈیکل اسٹاف اور صحافیوں سمیت 250 سے زائد فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔