- الإعلانات -

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسلام آباد میں مصروفیات کا شیڈول تبدیل

اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسلام آباد میں مصروفیات کا شیڈول تبدیل کردیا گیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسلام آباد میں مصروفیات کا شیڈول تبدیل کردیا گیا۔ عمران خان شہزادہ محمد کا ایئرپورٹ پراستقبال کرنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس لائیں گے جہاں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنرپیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باضابطہ ملاقات ہوگی اورکل شام دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد کو ایوان صدرمیں عشائیہ دینے کا پروگرام بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں ہی عمران خان عشائیہ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور سینیٹ کے وفد کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی جب کہ صدر عارف علوی 17 فروری کوسعودی ولی عہد کے اعزازمیں ظہرانہ دیں گے۔ ایوان صدر کے ظہرانہ میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا، ظہرانہ میں وزراء اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔

سعودی ولی عہد ایوان صدرسے ہی واپس ایئرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔ سعودی ولی عہد کی سکیورٹی کی ذمہ داری ٹرپل ون برگیڈ کے سپرد کردی گئی جب کہ پولیس کے علاوہ ٹرپل ون بریگیڈ کی نو بی این اوررینجرز کے تین ونگ جبکہ لائٹ کمانڈو بی این کی دو بٹالین تعینات کی جائیں گی۔

زراراینٹی ٹیررسٹ یونٹ کی ایک بٹیالین، ائیر ڈیفنس کی ایک بیٹری فضائی نگرانی کرے گی، ایس ایل سی ٹو ریڈا دو مختلف مقامات پر نصب کئے جائیں گے، ایوی ایشن کے چھ عدد ایم آئی سترہ طیارے فضائی نگرانی کریں گے، انٹیلی جینس کی دو بٹالین جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 28 ٹیمیں کام کریں گی اورایمبولینسز میڈیکل عملہ سمیت لگ بھگ بارہ ہزار افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔