- الإعلانات -

سعودی ولی عہد کی آمد پر اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آبادانتظامیہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر وفاقی دارالحکومت میں عام تعطیل کا اعلان کردیا

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں 18 فروری کو عام تعطیل ہو گی تاہم اہم اداروں مثلاً ایم سی آئی، سی ڈی اے، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، آئی سی ٹی پولیس، آئی ای ایس سی او، ایس این جی پی ایل اور ہسپتالوں میں مذکورہ تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ وفاقی شہر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر راستوں کی بندش کے باعث عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔

اس حوالے سے ڈی سی حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ 18 فروری کو سکولز اور دفاتر بند رہیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کی آمد پر 18 فروری کو سینٹ ملازمین کو چھٹی دیدی۔

ترجمان سینٹ نے بتایا کہ ملازمین کو ممکنہ طور پر آمد و رفت میں مشکلات کے باعث چھٹی دی گئی تاہم ایوان بالا کے ملازمین 19 فروری بروز منگل کو ڈیوٹی پر آئیں گے۔

علاوہ ازیں ایوان زیریں میں پیر کو ہونے والا اجلاس بھی ری شیڈول کر دیا گیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کا 18 فروری کی شام 4 بجے ہونے والا اجلاس 20 فروری کی شام 4 بجے ہو گا۔

خیال رہے کہ محمد بن سلمان کی آمد پر ریڈ زون مکمل سیل کر دیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو ممکنہ مشکلات کے پیش نظر سوموار کو چھٹی دیدی گئی ہے

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین 19 فروری کو اپنی ڈیوٹی پر آئیں گے۔