Site icon Daily Pakistan

خیبرپختونخوا: سیلاب زدہ علاقوں میں قیامت صغریٰ، بپھری موجیں سب بہا لے گئیں

خیبرپختونخوا: سیلاب زدہ علاقوں میں قیامت صغریٰ، بپھری موجیں سب بہا لے گئیں

خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں قیامت صغریٰ برپا، بپھری موجیں سب بہا لے گئیں، خراب موسم اور مسلسل بارشوں کے باعث اکثرعلاقوں میں امداد کے لیے رسائی مشکل ہو گئی، متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہے، اور ادویات ناپید ہیں۔

 خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشوں کے بعد صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی ہے، 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، جس کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب چارسدہ کے قریب منڈا ہیڈ ورکس منہدم ہو گیا ہے، ذرائع کے مطابق منڈا ہیڈ ورکس ٹوٹنے کے باعث چارسدہ ،شبقدر اور دیگر علاقوں کے ڈوبنے کا خطرہ ہے، انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ علاقوں کو منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دریائے کابل میں بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی نوشہرہ کے نشیبی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا،  انتظامیہ کے مطابق اس وقت دریائے کابل میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 96 ہزار 400 کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں زمینی رابطے منقطع ہونے سے صوبے کے مختلف اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے، 10 اضلاع میں فصلیں تباہ ہو چکیں، 3 ارب 66 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا، کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل یونیورسٹی ڈرین ٹوٹ گئی، سیلابی ریلہ آبادیوں میں داخل ہو گیا۔

Exit mobile version