یوں تودہشتگردی کیخلاف پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج،سیکیورٹی اداروں کی فیصلہ کن جنگ جاری ہے اور بچے کُھچے دہشتگردوں کاصفایابھی جلدہورہاہے فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سیدحافظ عاصم منیرکی قیادت میں پاکستان کے بیٹے وطن عزیز کی حفاظت کیلئے پاکستان کے دُشمنوں اورعوام کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کیخلاف بھرپور آپریشن کررہے ہیںلیکن حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور پھرآپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کوشکست ملنے کے بعد بھارت نے اپنامکروہ چہرہ پھردکھاناشروع کردیاہے اورگزشتہ روزخضدار میں پاکستان کے معصوم بچوں پردہشتگردی میں بھرپور ملوث ہے۔خضدار میںبچوں کوسکول لے کرجانیوالی بس جوکہ مختلف مقامات سے بچوں کوپک کررہی تھی پردہشتگرد حملے میں تین معصوم بچے اور دو فوجی جوان شہید جبکہ 39 معصوم بچوں سمیت 53 زخمی ہوئے۔سانحہ خضدار کے بعد وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف ، فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر فوراً کوئٹہ پہنچے ۔وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات عطاءتارڑ،وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمدآصف بھی تھے۔وزیر اعظم اورفیلڈ مارشل نے خضدار میں ہولناک حملے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر متاثرین کی عیادت کی۔وزیراعظم، وفاقی وزراءاور آرمی چیف نے معصوم جانوں کے ضیاع اور سکول جانے والے معصوم بچوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے شدید زخمی بچوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ان بھارتی حمایت یافتہ پراکسیوں کے ذریعے دہشت گردی کی ایسی شیطانی کارروائی شرمناک اور قابل نفرت ہے۔نسلی بنیادوں کی آڑ میں چھپے ہوئے ان دہشت گرد گروہوں کوبھارت کی طرف سے نہ صرف ریاستی پالیسی کے آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے بلکہ یہ بلوچ اور پشتون عوام کی عزت اور اقدار پر بھی دھبہ ہیں،ایسے اخلاقی طور پر ناقابل دفاع ہتھکنڈوں پر ہندوستان کا انحصار خاص طور پر بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا، بین الاقوامی برادری سے فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ دہشت گردی کو خارجہ پالیسی کے آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت اور اس کا مقابلہ کیا جانا چاہئے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وحشیانہ فعل میں ملوث تمام افراد کا آخری حدتک پیچھا کریں گے۔ اس جرم کے منصوبہ سازوں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ہندوستان کے مکار کردار جو دہشت گردی کا ایک حقیقی مرتکب ہے لیکن خود کو مظلوم کے طور پر پیش کرنے کا ڈھونگ رچاتا ہے، کی سچائی کو دنیا کے سامنے آشکار کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کےلئے اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے ساتھ پرعزم کھڑی ہے۔وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی اور فیصلہ کن انجام تک پہنچانے کے لئے ہندوستان کی جارحیت کے خلاف حال ہی میں ظاہر کئے گئے مضبوط عزم کا مظاہرہ کرے۔سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس طرح کے واقعے کی ٹھوسں انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ انڈیا بلوچستان میں حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جائے گا اس کی توقع نہیں تھی۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو وہیکل بورن آئی ڈی بلاسٹ (گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد) سے حملہ کر کے نشانہ بنایا۔یہ انڈیا کی بزدلانہ سوچ ہے کہ وہ بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دشمن سے اس قدر گرنے کی توقع نہیں تھی۔ سانحہ خضدار میں معصوم بچوں پر بھارتی ہتھکنڈوں اورخارجیوں کی جانب سے بزدلانہ حملہ پرنہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔عالمی تنظیم یونیسف نے بھی معصوم شہداءپر حملے کی مذمت کی اِسی طرح پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے خضدار حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورکہاکہ ہم خضدار، بلوچستان میں سکول بس پر بے رحمانہ اور سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے کے ساتھ ہیں۔معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔ ہم اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔امریکی ناظم الامور نے کہاکہ ہم دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔بھارت پہلگام واقعہ جوکہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا کے بعد نہ صرف دفاعی طورپرمکمل شکست خوردہ ثابت ہوابلکہ خارجہ طورپر بھی اقوام عالم نے پہلگام واقعہ اور پھر پاکستان کی جانب سے بھارت کی شکست پرذمہ داربھارت کوہی ٹھہرایاجس کی وجہ سے بھارت اب اپنے مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث پایاجارہاہے لیکن بھارت کویادرکھنا چاہیے کہ نہ صرف سرحدوں پر بھارت کی شکست اِس کامقدر ہے بلکہ دہشتگردی کی جنگ میں بھی کلبھوشن یادیوجیسے ایجنٹ بھی پاکستان کی گرفت میں ہیں جوکہ دُنیاپر بھارتی مکروہ ہتھکنڈے عیاں کرنے کیلئے کافی ہیں۔