Site icon Daily Pakistan

سانحہ مری: 4 سالہ بچی نمونیا سے چل بسی، جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی

سانحہ مری: 4 سالہ بچی نمونیا سے چل بسی، جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی

مری میں برفباری دیکھنے کے لیے آنے والی ایک اور بچی انتقال کر گئی جس کے بعد شدید برفباری اور بدترین ٹریفک جام کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مری کے علاقے جھیکا گلی میں 4 سالہ بچی شدید سردی کے باعث دم توڑ گئی، بچی سخت سردی سے نمونیا کا شکار ہوئی تھی، بچی کو بروقت اسپتال نہیں پہنچایا جا سکا جس کی وجہ سے وہ انتقال کرگئی۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ بچی اپنے والدین کے ساتھ لاہور سے مری آئی تھی لیکن شدید برفباری میں اہلخانہ کے ساتھ پھنس گئی تھی۔

مری کی صورتحال اب کیسی ہے؟ مری میں برفباری تھمنے پر امدادی کاموں میں تیزی آگئی ہے اور سیاحتی مقام کی تمام مرکزی شاہراؤں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ کلڈنہ اور باڑیاں کے مقام پر پاک فوج کے انجینئرز اور جوان سڑک کھولنے میں مصروف ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق جھیکا گلی سے ایکسپریس وے اور جھیکا گلی سے کلڈنہ تک ٹریفک کلیئر کر دی گئی ہے۔ لوئر ٹوپہ سے بھی سڑک صاف ہے جبکہ گلیات کی مختلف سڑکوں سے ہیوی مشینری کی مدد سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔

Exit mobile version