Site icon Daily Pakistan

سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال

یہ حقیقت اب کسی بحث کی محتاج نہیں رہی کہ ہم انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں جی رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کو غیر معمولی سہولتیں فراہم کی ہیں اور سوشل میڈیا اس ٹیکنالوجی کا سب سے مثر اور طاقتور مظہر بن چکا ہے۔ اطلاعات تک فوری رسائی، تیز رفتار رابطہ، اظہارِ رائے کی آزادی اور عالمی سطح پر روابط کا قیام وہ سہولتیں ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا کو وقت کی ناگزیر ضرورت بنا دیا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ یہ حقیقت بھی اہم ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال اگر شعور، ذمہ داری اور احتیاط سے نہ کیا جائے تو یہی ذریعہ معاشرتی انتشار، غلط فہمیوں اور فکری افراتفری کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔ سوشل میڈیا کے استعمال میں سب سے بنیادی اصول ذمہ داری کا شعور ہے۔ کسی بھی خبر، تصویر، ویڈیو یا پوسٹ کو شیئر کرنے سے قبل یہ لازمی ہے کہ اس کی صداقت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔ غیر مصدقہ، مشکوک یا سنسنی خیز معلومات کو بغیر تحقیق آگے بڑھانا نہ صرف انفرادی سطح پر نقصان دہ ہے بلکہ اس کے اثرات پورے معاشرے تک پھیل سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر صارف معتبر اور مستند ذرائع سے معلومات کی تصدیق کرے اور کسی بھی ایسی خبر کو جاری نہ کرے جو کسی فرد، ادارے یا ریاست کیلئے نقصان کا باعث بن سکتی ہو۔ موجودہ دور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بڑھتے ہوئے استعمال نے سوشل میڈیا پر ایک نیا چیلنج پیدا کر دیا ہے۔ جعلی ویڈیوز، آوازوں کی نقل، پرانی فوٹیجز کو نئے تناظر میں پیش کرنا اور مواد کو اس انداز میں ایڈٹ کرنا کہ وہ حقیقی معلوم ہو یہ سب ایسے عوامل ہیں جو عوام کو گمراہ کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ ایسے حالات میں صارف کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ ہر ویڈیو یا خبر کو دیکھ کر فوری ردعمل دینے کے بجائے اس کے پس منظر، تاریخ اور اصل ماخذ کو جانچنے کے بعد ہی کوئی رائے قائم کرے۔ سوشل میڈیا پر اظہارِ رائے ایک بنیادی حق ضرور ہے، مگر اس آزادی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس کے نام پر کسی کی دل آزاری کی جائے، ذاتی زندگی میں مداخلت ہو یا نفرت انگیز بیانیے کو فروغ دیا جائے۔ مذہبی، لسانی، صوبائی یا فرقہ وارانہ حساسیت رکھنے والے معاشرے میں کسی بھی مواد کو شیئر کرنے سے پہلے اس کے ممکنہ ردعمل کو مدنظر رکھنا نہایت ضروری ہے۔ کوئی بھی ایسی پوسٹ جو نفرت یا انتشار کو ہوا دے، معاشرتی ہم آہنگی کیلئے زہرِ قاتل ثابت ہو سکتی ہے۔اسی طرح اشتہارات اور آن لائن مہمات کے حوالے سے بھی محتاط رویہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے اشتہارات یا کمپینز جو ذاتی انتقام، مالی فراڈ یا سنسنی پھیلانے کیلئے تیار کی گئی ہوں، نہ صرف قابلِ مذمت ہیں بلکہ ان کا حصہ بننا بھی ایک غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ صرف مستند ویب سائٹس، رجسٹرڈ اداروں اور معروف کمپنیوں کی فراہم کردہ معلومات پر اعتماد کیا جانا چاہیے، تاکہ عوام فراڈ اور دھوکے سے محفوظ رہ سکیں۔قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا صارفین پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ کسی بھی ایسی معلومات، تصاویر یا بیانات کو شیئر کرنے سے اجتناب لازم ہے جو ریاستی اداروں، سکیورٹی معاملات یا عوامی امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہوں۔ اسی طرح دہشت گردی یا تخریب کاری سے متعلق مواد کو پھیلانا، چاہے وہ تجسس یا غیر ارادی طور پر ہی کیوں نہ ہو، دراصل منفی قوتوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے، جس سے ہر صورت بچنا چاہیے۔اس کے برعکس اگر سوشل میڈیا کو ، تعمیری اور باخبر انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ تعلیم، آگاہی، معاشی ترقی اور سماجی اصلاح کا طاقتور ذریعہ بن سکتا ہے۔ تعلیمی مواد، تحقیق، مثبت مکالمہ، اخلاقی اقدار اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال ایک روشن اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔آخر میں یہ بات پوری ذمہ داری سے کہی جا سکتی ہے کہ کوئی بھی ٹیکنالوجی، آلہ یا ذریعہ بذاتِ خود اچھا یا برا نہیں ہوتا۔ اسے اچھا یا برا انسان اپنی سوچ، نیت اور عمل سے بناتا ہے۔ سوشل میڈیا بھی اسی اصول کے تابع ہے۔ اگر ہم اسے ذمہ داری، شعور اور مثبت مقصد کے ساتھ استعمال کریں تو یہ ترقی، آگاہی اور بہتری کا ذریعہ بن سکتا ہے، اور اگر اسے منفی رویوں کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہی قوت معاشرتی بے چینی اور انتشار کو جنم دے سکتی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے سوشل میڈیا کو ایک مثر، مہذب اور تعمیری پلیٹ فارم بنائیں کیونکہ درست استعمال ہی روشن، باخبر اور پرامن مستقبل کی ضمانت ہے۔

Exit mobile version