شوہر نے کورونا وائرس کے خوف میں بیوی کو باتھ روم میں بند کر دیا

72

ویلنیوس: یورپی ملک لیتھیونیا میں کورونا وائرس سے خوف زدہ شوہر نے اپنی اہلیہ کو صرف اس لیے باتھ روم میں بند کر دیا کیوں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض سے مل کر آئی تھیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کےمطابق یورپی ملک لیتھیونیا میں کورونا وائرس سے خوف زدہ ہونے سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ رونما ہوا ہے، اٹلی سے لیتھیونیا پہنچنے والی خاتون نے اپنے شوہر اور بچوں کو جیسے ہی یہ بتایا کہ وہ کورونا وائرس کے ایک مریض سے مل کر آئی ہیں تو شوہر اور بچوں نے خوف زدہ ہو کر انہیں باتھ روم میں بند کردیا۔

اہلیہ کو باتھ روم میں بند کرنے کے بعد شوہر نے ریسکیو ادارے کو فون کیا، امدادی ٹیم نے خاتون کو نہایت محتاط طریقے سے باتھ روم سے باہر نکالا اور ان کے ضروری طبی ٹیسٹ لیے گئے تاہم ٹیسٹ کے نتائج میں خاتون کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا جس پر شوہر اور بچوں نے سکون کا سانس لیا۔

واضح رہے کہ 28 لاکھ آبادی والے لیتھوینیا میں کورونا وائرس کے صرف ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ شخص بھی حال ہی میں شمالی اٹلی کے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ویرونا سے لیتھیونیا پہنچا تھا۔