Site icon Daily Pakistan

عوام کاکوئی پُرسان حال نہیں

a r tariq

مملکت خدادادپاکستان کا کوئی حال نہیں ہے ۔ ہر ادارے محکمے میں اوپر سے لیکر نیچے تک چور ، ڈاکو اورلٹیرے بیٹھے ہوئے ہیںجو کرپشن ، لوٹ مار،چوربازاری،بے ایمانی اور بددیانتی سے اس کو لے بیٹھے ہیںاور اس کے پلے ککھ نہیں چھوڑا۔اپنے پیٹ کا ایندھن ہوس زر سے بھرنے کی غرض سے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے گئے ۔ملک کو کمزور کر گئے ۔ اپنی عیاشیوں کی خاطر ملک کا بچہ بچہ مقروض کردیا۔جو آنے والا ہے اسے بھی دنیا میں جنم لیتے ہی قرض کی دلدل میں پھنسا دیا ۔ اسے کس نے نہیں لوٹا۔ہر ایک نے اسے کھایا ، ۔بیدردی سے نوچا۔اس کو زخم لگایا۔اس کی اور قوم کی عزت کوداﺅ پر لگایا۔اپنے ذاتی سکون وآرام کےلئے ملک عزیز کے وقار کو خراب کیا ۔ کسی نے بھی اسے معاف نہیں کیا الاماشااللہ جس کا جتنا زور لگا، اس نے اتنا ہی اس پرگہراوار کیا۔ملکی خزانے پر تو ہاتھ صاف کیا ہی ، اس کی شان وشوکت اورعزت ووقار سے بھی کھیلا ۔ کرپشن اورلوٹ مار کے باعث ملک کو بہت دور لا پھینکا۔ملک پاکستان کی یہ انتہائی بدقسمتی رہی ہے کہ اسے جو بھی ملا چور ہی ملا اور اس نے بجائے اس کے کہ اس کو ترقی وخوشحالی دیتا، تنزلی کا شکار کیا۔ اسے پاکستان کا مطلب کیا”لاالااللہ“ بنانے کی بجائے” کھاداپیتا راہے پیا“ کا اہل بنایا ۔ ملک کی بھولی بسری عوام کے حقوق وفرائض پر کوئی توجہ نہ دی مگر اپنے اقتدار کو طول دینے کےلئے ہر حربہ استعمال کیا۔ اگر خوش قسمتی سے کوئی اہل ملا بھی تو اسے کام نہیں کرنے دیا گیا،ٹکنے نہیں دیا گیا۔اس ملک کی بڑی بدقسمتی رہی ہے کہ اس ملک میں سچ بولنے والے کا ہی ہمیشہ گلا گھونٹا گیا۔ مختلف تکالیف اور ایذا رسانیوں سے گزارا گیا ۔حقیقت تو یہ ہے کہ یہاں چڑھتے سورج کو سلام کرنے والا ہی کامیاب اور سسٹم کو ٹھیک کرنے اور حالات میںبہتری کا خواہشمند ہی ناکام ٹھہرا۔یہاں میڈیا میں ہرآن لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال میں ہر آن پلک جھپکتے ہی اپنے انداز، طورا طوار ، خیال اورسوچ ووچار کے دھارے ذاتی مفادات کی خاطر بدلنے والے میڈیا پرسن کامیاب ٹھہرے مگر حقیقی تصاویر اور سچ کی آواز بننے والے صحافی صاحبان انتقامی کارروائیوں جیسے واقعات اور ظلم وجبر کے حقدار ٹھہرے ۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں سے سرزد ہونےوالے احتجاجی واقعات کو ملکی معیشت کےلئے بڑادھچکا،ملک وقوم کے مورال کو کم کرنے کی ایک ناپاک جسارت ،ایک بہت بڑاجرم اور حال میں ہی بدلتی سیاسی صورتحال میںاِسے ایک طویل سیاسی جدوجہد کہنے والے صحافتی طوطے ہرآن بدلتی صورتحال میں اینکر پرسن سینئرتجزیہ کار کہلائے اور تمام واقعات کو ماضی ، حال اورمستقبل کے حوالے سے صحیح سمت اوردرست رخ دینے والے حال وبے حال کہلائے ۔وطن عزیز پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں جھوٹ آسان اورسچ بولنامحال ہے۔ جھوٹ تمام تر دلفریبیوں کے ساتھ کامیاب اور سچ تمام تر سچائیوں کے باوجود ناکام۔پاکستان ایسا ملک ہے کہ جہاں آپ کا سچ بولنا آپ کی ہر لحاظ سے موت کا اعلان ہے ۔ جہاں سچ بولنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ۔ جہاں سچ کی کوئی قدر نہیں،جہاں سچ بولنے کے بعد خدشہ یہی ستاتا ہے کہ اب آپ کی خیر نہیں ۔ پاکستان میں جھوٹ کی بہت قدر ہے اور سچ بولنے کی سزا کا تصور ہی رونگٹے کھڑے کر دینے والا ہے اور اگر یہ سچ کسی ادارے کے یا ملکی سسٹم کے متعلقہ ہوتو سولی پر چڑھا دینے کا کام دیتا ہے ۔ پاکستان میں اگر کوئی کام مشکل ہے تووہ سچ بولنا ہے جو آپ کسی طرح بھی موجودہ پاکستانی سسٹم میںقطعی طور پر بولنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔موجودہ سسٹم میں آپ سچ نہیں بول سکتے، سچ نہیںلکھ سکتے،سچ نہیں دکھا سکتے ۔ اس لیے کہ موجودہ سسٹم میں حقیقتوں کاسامنا کرنے کی سکت یا برداشت بالکل نہیں ہے اور پھر یہ کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیںاپنی جگہ ایک حقیقت ہے۔ملک عزیز میں ہونےوالے الیکشن کیسے تھے ،کتنے فری اینڈ فیئر تھے،کس جگہ انصاف ہوا،کہاں شب خون مارا گیا،بس وہی کچھ بتایا گیاجس کا حکم ہوا ، دوسرا کچھ بھی نہیںہے۔بس وہی کچھ سامنے لایا گیا جو روزِ اول سے پاکستان کا نصیب ہے ۔ اپنی کوئی رائے تجزیہ اورخیال نہیں،بس دوسروں کا لکھا ہوا ایک سکرپٹ ہے جو ہر جگہ دیکھا ، پڑھا ، لکھا،بتایا اور دہرایا جا رہا ہے ۔ بس جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ ثابت کرنے کی ایک مہم شروع ہے جس میں وظیفہ خور ، زرخرید دانشور عقل وفہم سے عاری ہوکر حالات کے خونی دھارے کی لہروں میں اندھے ہوئے سب کچھ جانتے ہوئے بھی منہ ، آنکھ ،کان اورناک بند کیے بہے جارہے ہیںجیسے کچھ جانتے ہی نہیں۔قرآن پاک کی سورہ البقرہ کی اس آیت کی طرح ” وہ گونگے ، بہرے، اندھے ہیںپس واپس نہیں لوٹیں گے“ ۔ یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور پاکستان ایسے جھٹکوں کا عادی ہوچکا ہے اور سچ بولنے کی ہمت سکت اورپوزیشن ہم میں نہیں ہے ۔ بس لوٹنا،لوٹنا،لوٹنا اور کشکول گدائی ہی مملکت پاکستان کی قسمت میںلکھا ہے اور یہ سلسلہ شروع سے لیکر اب تلک جاری وساری ہے ۔ بس ہر طرف جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ ثابت کرنے کی ایک مہم جاری ہے ۔خدااس ارض وطن پاکستان کی خیر کرے ،اس پرکیا عجب وقت آن پڑا ہے۔

Exit mobile version