خاص خبریں

قوم افواجِ پاکستان کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے،شہباز شریف کا قوم سے خطاب

قوم افواجِ پاکستان کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے،شہباز شریف کا قوم سے خطاب

وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ وزیرِاعظم کے خطاب سے قبل تلاوتِ قرآنِ کریم اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب کا آغاز سورۂ صف کی آیت اور اس کے ترجمے سے کیا۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنی سر زمین کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں، بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا، دنیا پر واضح ہو گیا کہ پاکستانی قوم خودار اور غیرت مند ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی گئی، بھارت کے الزامات پر تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا، بھارت نے شہری آباد کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت نے ہم پر بلا جواز جنگ مسلط کی، حالیہ دنوں میں دشمن نے جو کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، دشمن کی جارحیت کا افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دیا، پاکستان نے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا کہ جو ملاقات میز پر ہونا تھی اب میدان جنگ میں ہو گی، بھارت نے پاکستان کی حرمت کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کی، بھارت نے ڈرون حملوں سے پاکستان کے صبر کا امتحان لیا، کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو ہم اپنی سر زمین کی دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو دشمن کی زبان میں جواب دیا جائے، چند گھنٹوں میں دشمن کی توپوں کو ایسا خاموش کیا کہ تاریخ یاد رکھے گی، افواجِ پاکستان کے جوانوں کا لہو دشمن کے ناپاک عزائم سے کھول اٹھتا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کے ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئے، افواجِ پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارت کی توپوں کو خاموش کر دیا، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے، پاکستان کو اصولوں کی بنیاد پر فتح حاصل ہوئی ہے، لمحۂ شکر ہے جس میں قوم نے افواجِ پاکستان پر محبت کے پھول برسائے۔
ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا اپنی اور قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں، چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر بابر اور ان کے جوانوں کو شاباش دیتا ہوں، افواجِ پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہر شہید کی ماں کو سلامِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچوں کو وطن پر قربان کر دیا، اپنے قائد نواز شریف کی قیادت و تجربے کار رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مشاورت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ جنہوں نے بھارتی جھوٹی خبروں کا مقابلہ کیا، امریکی صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے