دنیا

متحدہ عرب امارات کے نو مقرر سفیر میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب ال‌زعابی اسلام آباد پہنچ گئے۔

متحدہ عرب امارات کے نو مقرر سفیر میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب ال‌زعابی اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ سابق سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزعابی کی جگہ منصب سنبھالیں گے، جنہوں نے ایک ماہ قبل پاکستان میں اپنی کامیاب مدتِ سفارت مکمل کرنے کے بعد مصر میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔

ذرائع کے مطابق نئے سفیر کی آمد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کے نئے باب کی نوید ہے۔ دفاع اور سفارت دونوں شعبوں میں ان کا وسیع تجربہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم الباب ال‌زعابی کی ولادت 22 اپریل 1962ء کو "ال‌زعاب آئی لینڈ” میں ہوئی۔ وہ عربی اور انگریزی زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1983ء میں برطانیہ کے معروف رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ سے گریجویشن کیا اور 1993ء میں امریکہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج (میرین کور) سے اعلیٰ تربیت حاصل کی۔

انہوں نے 1979ء میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج میں شمولیت اختیار کی اور ایک درخشاں کیریئر کے دوران مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے، جن میں فرانس میں ملٹری اتاشی، ناتو کے لیے رابطہ افسر، اور وزارتِ دفاع میں پالیسی و تعاون ڈپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شامل ہیں۔ وہ میجر جنرل کے عہدے پر ریٹائر ہوئے۔

بعد ازاں انہوں نے وزارتِ خارجہ میں خدمات انجام دینا شروع کیں، جہاں وہ 2017ء سے 2023ء تک انٹرنیشنل سیکیورٹی کوآپریشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر رہے۔ 2023ء میں انہیں وزیرِ خارجہ کے مشیر کے طور پر تعینات کیا گیا اور ساتھ ہی افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی کے طور پر ذمہ داری سونپی گئی۔

سفارت حلکوں کی جانب سے سفیر سلیم البواب الزعابی کی آمد کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ وہ تجارت، سرمایہ کاری، سلامتی، توانائی اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات برادرانہ رشتوں، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ نئے سفیر کی تقرری امارات کی جانب سے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے