لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’پنجاب ٹورازم اتھارٹی‘ کے قیام، ڈیزائن اور جامع پلان کے حوالے سے تجاویز طلب کر لیں۔
انہوں نے صوبے کے اندر سیاحت کے فروغ کے لیے پالیسی اقدامات تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس مقصد کے لیے 25 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید سٹیئرنگ کمیٹی کے خصوصی رکن جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر کے فرائض انجام دیں گی۔ صوبائی وزراء اطلاعات، اقلیتی، ٹرانسپورٹ اور مواصلات بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ ارکان میں رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر، سینئر اینکر پرسن افتخار احمد سمیت مختلف وزارتوں کے سیکرٹریز شامل ہیں۔ کمیٹی کو 15 دن کے اندر تجاویز تیار کرنے کا کام سونپا گیا ہے تاکہ وہ وزیراعلیٰ کو پیش کرے، جس کا مقصد پنجاب کے لیے ایک جامع سیاحتی منصوبہ تیار کرنا ہے۔
اس اقدام کا مقصد پنجاب میں 8 سے 10 اہم سیاحتی مقامات کو فروغ دینا ہے جو مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور کاروباری ورثے کی اہمیت رکھتے ہیں۔ حکومت خطے میں غیر ملکی سیاحت اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پنجاب میں موجودہ ٹورازم فریم ورک کی مکمل ری سٹرکچرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اس میں نظام کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ آثار قدیمہ، عجائب گھروں اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی جامع اوور ہالنگ بھی شامل ہوگی۔ ایک جدید ٹیکنالوجی ایپ اور ٹورازم پورٹل کی تیاری کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔