پاکستان کی معیشت اس وقت ایک ایسے مرحلے سے گزر رہی ہے جہاں روایتی آمدنی کے ذرائع اپنی حدیں واضح کر چکے ہیں ۔ زرعی پیداوار موسمیاتی تبدیلیوں کے رحم و کرم پر ہے۔ صنعت توانائی کے مسائل اور محدود منڈیوں میں جکڑی ہوئی ہے۔ برآمدات چند مخصوص شعبوں تک محدود رہنے کے باعث عالمی مقابلے میں وہ مقام حاصل نہیں کر سکیں جو ایک بڑی آبادی والے ملک کے شایانِ شان ہو۔ ایسے میں معدنی وسائل وہ شعبہ ہیں جن کی طرف سنجیدہ توجہ پاکستان کو محض وقتی ریلیف نہیں بلکہ دیرپا معاشی استحکام فراہم کر سکتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان زمین کے نیچے چھپے ایسے ذخائر کا حامل ہے جن کی عالمی طلب آنیوالے عشروں میں مزید بڑھے گی اور یہی طلب ملک کیلئے ایک نادر موقع بھی ہے اور ایک امتحان بھی۔پاکستان کو طویل عرصے تک ایک ایسی معیشت سمجھا جاتا رہا ہے جو بیرونی قرضوں اور امداد پر انحصار کرتی ہے مگر عالمی سطح پر توانائی کی منتقلی، الیکٹرک گاڑیوں، جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعتوں میں تیزی سے بدلتی ضروریات نے معدنی وسائل کی اہمیت کو یکسر تبدیل کر دیا ہے ۔ تانبہ، سونا، لیتھیم، کوبالٹ اور نایاب زمینی عناصر اب محض قدرتی وسائل نہیں بلکہ اسٹریٹجک اثاثے بن چکے ہیں۔ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں یہ معدنیات مختلف خطوں میں قابلِ ذکر مقدار میں موجود ہیں مگر بدقسمتی سے ماضی میں یہ دولت یا تو عدم توجہی کا شکار رہی یا ناقص منصوبہ بندی، قانونی پیچیدگیوں اور انتظامی کمزوریوں کی نذر ہو گئی ۔ حالیہ برسوں میں عالمی تحقیقی اور پالیسی جرائد میں پاکستان کے معدنی شعبے پر دوبارہ توجہ دی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی ماہرین اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ اگر پاکستان اپنے معدنی وسائل کو جدید خطوط پر استوار کر لے تو وہ نہ صرف اپنی معاشی کمزوریوں پر قابو پا سکتا ہے بلکہ خطے میں ایک اہم سپلائی ہب کے طور پر بھی ابھر سکتا ہے۔ اس تناظر میں حکومت کی جانب سے معدنی پالیسیوں میں اصلاحات ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے ۔ لائسنسنگ کے عمل کو شفاف بنانے، ریگولیٹری فریم ورک کو واضح کرنے اور صوبوں کے کردار کو مضبوط کرنے کی کوششیں اس بات کا اشارہ ہیں کہ ریاست اب اس شعبے کو وقتی آمدنی کے بجائے طویل المدتی ترقی کے زاویے سے دیکھ رہی ہے۔ ریکوڈک منصوبہ اس بدلتے ہوئے نقطہِ نظر کی ایک نمایاں مثال ہے۔ بلوچستان کے اس علاقے میں موجود تانبے اور سونے کے ذخائر دنیا کے بڑے معدنی منصوبوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ماضی میں یہ منصوبہ قانونی تنازعات اور باہمی عدم اعتماد کے باعث تعطل کا شکار رہا جس کے نتیجے میں پاکستان کو نہ صرف مالی نقصان اٹھانا پڑا بلکہ عالمی سرمایہ کاروں میں بھی منفی پیغام گیا۔ اب اس منصوبے کو ایک نئے شراکت داری ماڈل کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے جس میں وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شمولیت واضح اصولوں کے تحت طے کی گئی ہے۔ اس ماڈل کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ شفافیت اور معاہدوں کی پاسداری کو محض کاغذی دعویٰ نہ رہنے دیا جائے بلکہ عملی طور پر اس کا مظاہرہ کیا جائے ۔ ریکوڈک جیسے منصوبے محض معدنی پیداوار تک محدود نہیں رہتے بلکہ ان کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوتے ہیں۔ انفراسٹرکچر کی بہتری، مقامی روزگار کے مواقع ، معاون صنعتوں کا قیام اور ٹیکنالوجی کی منتقلی وہ عوامل ہیں جو کسی بھی بڑے معدنی منصوبے کو قومی ترقی کا محرک بنا سکتے ہیں۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ مقامی آبادی کو محض مزدور کے طور پر نہیں بلکہ شراکت دار کے طور پر دیکھا جائے ۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا جیسے صوبوں میں معدنی وسائل کی کثرت ہے مگر وہاں کی آبادی طویل عرصے سے احساسِ محرومی کا شکار رہی ہے۔ اگر اس بار ترقی کے ثمرات مقامی لوگوں تک نہ پہنچے تو یہ منصوبے معاشی فائدے کے باوجود سماجی تنازعات کو جنم دے سکتے ہیں۔معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ پاکستان کا جیم اسٹون سیکٹر بھی ایک ایسا شعبہ ہے جس کی صلاحیت اور کارکردگی کے درمیان فرق حیران کن حد تک زیادہ ہے۔ شمالی علاقوں اور قبائلی اضلاع میں دنیا کے بہترین قیمتی پتھر پائے جاتے ہیںمگران کی عالمی منڈی میں پاکستان کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ خام پتھروں کی غیر قانونی یا کم قیمت پر فروخت نے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچایا بلکہ اس شعبے میں مہارت اور ویلیو ایڈیشن کے امکانات بھی محدود کر دیے۔ اب قومی سطح پر جیم اسٹون پالیسی متعارف کرانا ایک درست سمت میں قدم ہے مگر پالیسی کا اصل امتحان اس کے نفاذ میں ہے۔ سرٹیفیکیشن، کٹنگ اور پالشنگ کی صنعت اور نوجوانوں کی تربیت اگر واقعی مربوط انداز میں آگے بڑھی تو یہ شعبہ برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔عالمی معیشت میں لیتھیم اور کوبالٹ کی بڑھتی ہوئی طلب پاکستان کیلئے ایک اور اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں ان معدنیات کی ضرورت مستقبل میں مزید بڑھے گی۔ اگر پاکستان ان وسائل کی تلاش، نکاسی اور پراسیسنگ کیلئے بروقت تیاری کر لے تو وہ محض خام مال فراہم کرنے والا ملک بننے کے بجائے ویلیو چین کا فعال حصہ بن سکتا ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ تحقیق اور ترقی کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے اور جامعات و صنعتی اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کیا جائے۔معدنی ترقی کا راستہ اگرچہ امکانات سے بھرپور ہے مگر خطرات سے خالی نہیں۔ سب سے بڑا خطرہ گورننس کا ہے۔ ماضی کے تجربات یہ بتاتے ہیں کہ غیر واضح معاہدے، سیاسی مداخلت اور احتساب کے کمزور نظام بڑے منصوبوں کو ناکامی کی طرف لے جاتے ہیں۔ عالمی سرمایہ کار صرف وسائل نہیں دیکھتے بلکہ ادارہ جاتی استحکام، قانونی تحفظ اور پالیسی کے تسلسل کو بھی پرکھتے ہیں۔ اگر پاکستان ان تقاضوں پر پورا نہ اترا تو موجودہ دلچسپی جلد مایوسی میں بدل سکتی ہے ۔ ایک اور اہم پہلو ماحولیاتی تحفظ ہے۔ جدید دنیا میں معدنی ترقی کو ماحولیاتی ذمہ داری سے الگ نہیں دیکھا جاتا۔ پانی کے وسائل، زمین کی بحالی اور مقامی آبادی کی صحت جیسے عوامل کو نظرانداز کرنا مستقبل میں ایسے مسائل پیدا کر سکتا ہے جو معاشی فائدے کو زائل کر دیں۔ماہرین کا اندازہ ہے کہ اگر معدنی اور جیم اسٹون سیکٹر کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت فروغ دیا جائے تو آنے والے دس برسوں میں قومی معیشت کو سالانہ اربوں ڈالر کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے جو نوجوان آبادی کیلئے ایک مضبوط سہارا بن سکتے ہیں مگر یہ سب اسی صورت ممکن ہے جب ریاستی ادارے، نجی شعبہ اور مقامی کمیونٹیز ایک مشترکہ وژن کے تحت آگے بڑھیں۔پاکستان اس وقت ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں عالمی حالات، داخلی ضرورتیں اور قدرتی وسائل ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں۔ یہ موقع بار بار نہیں آتا۔ اگر اس موقع کو شفافیت، دانش مندی اور تسلسل کے ساتھ استعمال کیا گیا تو معدنی وسائل محض زمین کے نیچے چھپے ذخائر نہیں رہیں گے بلکہ معاشی خود اعتمادی، صنعتی ترقی اور قومی استحکام کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ بصورت دیگر یہ بھی ایک اور ادھورا خواب بن کر تاریخ کے اوراق میں دفن ہو جائے گا۔ فیصلہ اب بھی ہمارے ہاتھ میں ہے کہ ہم امکانات کو حقیقت میں بدلتے ہیں یا ایک نئی معاشی صبح کو طلوع ہونے سے پہلے ہی غروب ہونے دیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *