Home » انٹر ٹینمنٹ » میرا 13 سال قبل ریپ کیا گیا، معروف فلم ساز جامی

میرا 13 سال قبل ریپ کیا گیا، معروف فلم ساز جامی

پاکستان کے نامور فلم ساز جمشید محمود عرف جامی ہمیشہ سے ہی خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف سامنے آئی مہم ‘می ٹو’ کا کھل کر سپورٹ کرتے آرہے ہیں اور اب انہوں نے ایسا کرنے کی وجہ بھی بتادی۔

فلم ساز نے می ٹو کے دو سال مکمل ہونے پر اس مہم کا سہارا لیتے ہوئے اپنے ساتھ ہوا ایک بھیانک حادثہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

جامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس کے ذریعے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں پاکستانی میڈیا انڈسٹری کی ایک نامور شخصیت نے 13 سال قبل ان کا ریپ کیا تھا۔

جامی کے مطابق ‘میں نے اپنے چند قریبی دوستوں کو اس بارے میں بتایا تاہم کسی نے میرا یقین نہیں کیا، 6 ماہ تک میں ہسپتال میں اپنا علاج کروایا، تاہم بعدازاں میں پاکستان چھوڑ کر چلا گیا، میں نے آج تک اس شخص کا نام نہیں لیا اور میں جانتا ہوں کہ اگر اب بھی میں کچھ کہوں گا تو میرے دوست میرا مذاق اڑائیں گے’۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ آج تک اپنے ساتھ ہوئی زیادتی کو نہیں بھولے اور یہی وجہ ہے کہ وہ می ٹو مہم اور اس کا سہارا لے کر سامنے آئے افراد کی حمایت میں ہمیشہ ہی آگے سے آگے رہتے ہیں۔

جامی کا کہنا تھا کہ ‘میں می ٹو کا حمایتی کیوں ہوں؟ کیوں کہ میں جانتا ہوں کہ جسے ہراساں کیا گیا ہو اس پر کیا گزرتی ہے اور وہ کیوں سب سے چھپ کر رہنا پسند کرتا ہے’۔

چند روز قبل معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لاہور کے پروفیسر کی خودکشی کے واقعے کا حوالہ دینے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ‘لیکچرار مسٹر افضل نے خود پر لگائے گئے غلط الزامات کے بعد خودکشی کرلی، خودکشی کے بعد ایک نوٹ چھوڑا جس میں لکھا کہ ان کی اہلیہ نے انہیں چھوڑ دیا اور ان کی عزت مٹی میں مل گئی، اب ان کے لیے کتنے لوگ آواز اٹھائیں گے؟ می ٹو کے غلط استعمال کے خلاف کتنے لوگ آواز اٹھائیں گے؟ اس کا ذمہ دار کون ہے؟’

جامی نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں اسی واقعے کا حوالہ دیا، اور بتایا کہ انہوں نے 13 سال بعد کیوں سب کو یہ بات بتائی۔

جامی کے مطابق ‘میں یہ سب اب اس لیے بتا رہا ہوں کیوں کہ می ٹو مہم تنازع کا شکار ہورہی ہے، ایک حادثہ یہ ثابت نہیں کرتا کہ اس مہم کا سہارا لے کر سامنے آنے والے باقی تمام افراد جھوٹے ہیں، مجھے غصہ آرہا ہے کہ لوگ اس مہم کو غلط کہہ رہے ہیں، اس لیے میں 13 سال بعد سامنے آکر سب کچھ بتارہا ہوں اور یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس مہم کا سہارا لے کر سامنے آنے والے 99 فیصد افراد سچے ہی ہوں گے’۔

انہوں نے لکھا کہ وہ خود سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہمیشہ می ٹو کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

جامی کا شمار پاکستان کے بہترین فلم سازوں میں کیا جاتا ہے، وہ ‘آپریشن 021’ اور ‘مور’ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے کئی گانوں کی ویڈیوز اور اشتہارات بھی ڈائریکٹ کیے ہیں، یاد رہے کہ علی ظفر کے کامیاب گانے ‘چل دل میرے’ کی ویڈیو کی ہدایات بھی جامی نے ہی دی تھی۔

About Admin

Google Analytics Alternative