نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی

4

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری معصوم کشمیریوں کو بھارتی جبرواستبداد سے نجات دلانے کے لئے نتیجہ خیز اقدام اٹھائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں بریفنگ کے دوران کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنم لیتے ہوئے ممکنہ انسانی المیے کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی اور مواصلات کے بلیک آؤٹ کے ذریعے حقائق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے حوالے سے وزیرخارجہ نے کہا کہ خطہ کسی نئی محاذآرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ پاکستان مشرق وسطی کے بحران میں فریق نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی پر سفارتکاری کو موقع دینا چاہیے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا