Home » تازہ ترین » وفاق کا سندھ کے تین اسپتالوں کا کنٹرول حاصل کرنے پر بلاول کا اظہار برہمی

وفاق کا سندھ کے تین اسپتالوں کا کنٹرول حاصل کرنے پر بلاول کا اظہار برہمی

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب ہونے نہیں دیں گے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین اسپتالوں جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ کا کنٹرول حاصل کرنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں سندھ حکومت کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ آنے تک انتظار کرنا بھی گوارا نہیں کیا، چیئرمین نیب کی جانب سے وفاقی وزرا کے خلاف تحقیقات روکنے کے اعترافی بیان اور وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے ملک میں آئینی بحران کو ظاہر کردیا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت ملنے والے مذکورہ اسپتالوں میں حکومت سندھ نے انقلابی اقدامات اٹھائے، این آئی سی وی ڈی کا دیگر شہروں میں قیام حکومتِ سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے، جس میں میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کے علاج کے اخراجات سندھ حکومت نے اُٹھا رکھے تھے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پر سندھ کے عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں، وفاقی حکومت کا یہ اقدام صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے، سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب نہیں کرنے دیں گے اور ہم ہر فورم پر اس کی مزاحمت کریں گے، وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔

About Admin

Google Analytics Alternative