ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس۔۔۔۔جرم کیا تھا

18

اب آئیے اس اہم ترین سوال کی جانب کہ عافیہ صدیقی کا جرم کیا تھا؟ انہیں کس جرم میں سزا دی گئی؟ اور جب میں یہ کہتا ہوں کہ انہیں جس جرم میں سزا دی دی گئی وہی ان کی بے گناہی کا اعتراف ہے تو یہ بظاہر عجیب سی بات میں کیوں کہتا ہوں؟این جی اوز نے جب سے اہل دانش کو لپیٹ میں لیا ہے ایک ایسا فکری طبقہ وجود میں آ گیا ہے جو چیزوں کو مغرب کی آنکھ سے دیکھتا ہے۔اس طبقے کے نزدیک دنیا میں جو کرتا ہے امریکہ کرتا ہے اور امریکہ جو کرتا ہے ٹھیک کرتا ہے۔چنانچہ یہ حضرات سوال اٹھاتے ہیں کہ عافیہ نے کچھ تو کیا ہو گا کہ امریکہ نے انہیں سزا دی۔آخر امریکہ کو ان سے کیا دشمنی ہو سکتی ہے ۔دنیا میں اور بھی بہت سی مسلمان خواتین امریکہ میں رہتی ہیں تو امریکہ صرف عافیہ کے پیچھے کیوں پڑ گیا؟یعنی کسی کی بے گناہی کے دستیاب شواہد کی ان کی نزدیک کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ان کے نزدئیک اہمیت صرف اس بات کی ہے کہ امریکہ نے سزا سنائی ہے تو کچھ ہو گا تو سنائی ہے۔چنانچہ اب ہم اسی پہلو کو دیکھتے ہیں کہ ووہ کیا جرم تھا جس میں عافیہ کو سزا سنائی گئی۔فرد جرم اور سزا سے پہلے معاملے کو سمجھنے کے لیے پس منظر سمجھنا بہت ضروری ہے۔امریکہ نے نزدیک عافیہ صدیقی کی حیثیت کیا تھی اس کو دیکھنا بہت ضروری ہے۔
1۔ایف بی آئی نے 2003میں عافیہ صدیقی کو سیکنگ انفارمیشن وار آن ٹیرر لسٹ میں ڈالا تھا۔(بحوالہ Order of US District Court Southern District of New York, 08CR. 826(RMB))
2۔صرف ایک سال بعد ایف بی آئی نے عافیہ صدیقی کو دہشت گرد قرار دے دیا۔ نہ صرف دہشت گرد قرار دے دیا بلکہ سات خطرناک ترین دہشت گردوں کی جاری کردہ فہرست میں عافیہ صدیقی کا نام شامل کر دیا گیا۔ ( بحوالہ : Scroggins, Deborah (March 1, 2005), ” The Most Wanted Woman in the World”- "FBI Seeking Information Poster”, The FBI(reprinted by NEFA Foundation)
3۔جب عافیہ کی مبینہ گرفتاری عمل میں لائی گئی تو امریکہ کے نزدیک یہ گزشتہ پانچ سالوں کی سب سے بڑی کامیابی تھی۔سی آی اے کے سابق ڈائرکٹر John Kirakauنے اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم نے 2003 سے اب تک اتنا اہم آدمی نہیں پکڑا۔یہ سب سے اہم گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ‘‘
4۔ امریکی اٹارنی جنرل کا موقف تھا کہ یہ القاعدہ کی مطلوب ترین شخصیت کی گرفتاری عمل میں لائی گی ہے۔( بحوالہ : ‘ The Intelligence Factory133..” By Petra Bartosiewicz. Harper Magazine, 26 Nov. 2010 )
5۔عافیہ صدیقی کو امریکی سرکاری حلقے لیڈی القاعدہ اور دہشت گردوں کا ماں کہتے رہے۔ ( بحوالہ :- Rodriguez Alex, "IS She a Victim of the US or is She ‘Terror Mom, "The Los Angeles Times, February 3, 2010.)
6۔عافیہ صدیقی پر ایک ا نتہائی سنگین الزام یہ عائد کیا گیا کہ اس نے دو امریکی صدور جمی کارٹر اور جارجک ڈبلیو بش سینیر کو قتل کرنا چاہا تھا اور اسی وجہ سے امریکی اسسٹنٹ اٹارنی کرسٹوفر لائڈ نے عافیہ کو ہائی سیکیورٹی رسک قرار دیا۔( بحوالہ:Melissa Grace; Stepanie Gaskell, "Lady al-Qaeda’s threat real, pol syas; Layers want to see evidence” New York daily News. August 14, 2008.(۔یہ تھا فرد جرم سے پہلے امریکہ کا عافیہ کے بارے میں موقف۔اب عافیہ کی گرفتاری کا ایک ڈرامہ رچایا جاتا ہے اور ان کا ٹرائل شروع ہوتا ہے۔فرد جرم عائد ہوتی ہے۔یہ فرد جرم قانون و تعزیز کی معلوم تاریخ کا سب سے بڑا لطیفہ ہے۔کیا آپ جانتے ہیں فرد جرم میں عافیہ پر کیا الزام عائد کیا گیا اور کس جرم میں سزا دی گئی؟ فرد جرم یہ تھی کہ جب انہیں گرفتار کر کے غزنی پولیس سٹیشن میں رکھا گیا تو وہاں چھ رکنی امریکی ٹیم ان سے تفتیش کرنے گئی جہاں انہوں نے امریکی ٹیم پر انہی کی گن سے فائر کیے ۔اور یوں انہوں نے امریکی شہری کو قتل کرنے کی کوشش کی اور امریکی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا۔گرفتاری کی طرح اس الزام کی بنیاد بھی جھوٹ پر کھڑی ہے اور اس پر ہم تفصیل سے آگے جا کر بات کریں گے۔فی الوقت ایک اور سوال پوچھنا ہے ۔اور سوال یہ ہے کہ امریکہ نے عافیہ کو اس جرم میں سزا کیوں سنائی جو گرفتاری کے بعد ہوا؟جس جرم میں عافیہ مطلوب تھی اس جرم کا فرد جرم میں ذکر کیوں نہیں ہے۔ وہ مطلوب دہشت گرد تھی،سات بڑے دہشت گردوں میں ان کا نام شامل کیا گیا تھا،وہ لیڈی القاعدہ تھیں،وہ دہشت گردی کی ماں تھیں،ان جیسا بڑا دہشت گرد آپ نے پانچ سالوں میں نہیں پکڑا، وہ آپ کے دو صدور پر حملہ کی خواہش رکھتی تھیں تو یہ سب کچھ فرد جرم میں شامل کر کے ان کا ٹرائل کر کے انہیں سزا کیوں نہیں دی گئی؟جس جرم میں آپ انہیں گرفتار کرتے ہیں اس میں سزا کیوں نہیں دیتے۔جو الزام آپ ان پر عائد کرتے رہے اور ان کی زندگی جہنم بنا دی فرد جرم میں وہ الزام شامل کیوں نہیں کیے؟اگر عافیہ کو جرم گرفتاری کے بعد سرزد ہوتا ہے تو جناب یہ تو بتائیے کہ ان پر یہ سارے الزامات کیوں لگائے ؟کیا ثبوت تھے ؟انہیں گھوسٹ پرزنز کے طور پر کیوں رکھا گیا؟ان پر سارا ظلم و جبر کس جواز کے تحت ہوا؟جن الزامات کے تحت عافیہ کو لیڈی القاعدہ اور ٹیرر مام کہا گیا جب مقدمہ چلانے کا وقت آیا تو کسی ایک الزام کو بھی شامل نہیں کیا گیا؟کیا یہ اس بات کا اعتراف نہیں کہ سارے الزامات جھوٹے تھے؟
(باقی:سامنے والے صفحہ پر)