- الإعلانات -

کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے لاک ڈائون کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے لاک ڈائون کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔جمعرات کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک کے مہینے کے دوران مذہبی سرگرمیوں کے لئے ایس او پیز پرمکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹیوںکی تشکیل کا جائزہ لے رہی ہے اور مذہبی سکالرز، کمیونٹی لیڈرز اور سیاسی رہنما ان کمیٹیوںکا حصہ ہوں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پورے ملک میںسخت لاک ڈائون سے متوسط اور کم آمدن والے طبقہ کے لئے معاشی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ، اس لئے حکومت ایسے علاقوں کو محاصرے میں لے گی جہاں کورونا کیسز سامنے آئیں۔ انہوں نے کہاکہ 18ویںترمیم کے بعد صوبائی حکومتیں عوام کی بہبود کے لئے اقدامات کرنے کے لئے آزاد ہیں تاہم وفاقی حکومت رہنمائی فراہم کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کی معاونت کرے گی ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس صورتحال میںسیاسی مخالفین سیاست کرنے سے باز رہیںاور وہ عوام کی خدمت پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی قدر کرتے ہیں جو مہلک بیماری کے خلاف لڑ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی حفاظت پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے