- الإعلانات -

کورونا وائرس کی وباءکے تدارک کیلئے پوری قوم متحد اور یکجا ہو کر جنگ لڑ رہی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءکے تدارک کیلئے پوری قوم متحد اور یکجا ہو کر جنگ لڑ رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کے تدارک کے ساتھ ساتھ احساس کفالت پروگرام کے تحت غریب طبقات کی مشکلات کے ازالے کے لیے بھرپور اور مربوط اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ بلوچستان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ، تفتان اور پاک افغان بارڈر چمن کے مقامات بارڈر سے داخل ہونے والے افراد کی اسکریننگ اور قرنطینہ کی سہولیات پر صوبائی حکومت کی خدمات کو سراہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے دورے کے موقع پر اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر داخلہ برگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل، صوبائی وزراءمیر ظہور بلیدی، انجینئر زمرک اچکزئی، عبدالخالق ہزارہ ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے صدر مملکت عارف علوی کو کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ دی۔ صدر عارف علوی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وباءکے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے تعاون سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہیں۔ صدر نے کہا منتخب نمائندے غریب عوام کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ شعوری آگاہی کی ترویج کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔ صدر نے منتخب قومی و صوبائی اسمبلی کے نمائندوں اور تمام علماءکرام پر زور دیا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ غربت کے خلاف بھی لڑ رہی ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کی اس غیر معمولی صورتحال میں تعلیمی سلسلے کو جاری و ساری رکھنے کے لیے ٹیلی ویژن اور ایف ایم ریڈیو کو بروئے کار لاکر تعلیمی حرج کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی اس وباءمیں ہم نے بہت سی مثبت باتیں بھی سیکھیں اور یہ واضح ہوا کہ خوراک اور زرعی پیداوار میں خود کفالت اختیار کر کے خوراک کے بحران سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران غریب افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے تجارتی مراکز بند ہونے کے اثرات محنت کش اور کاروباری طبقات پر پڑے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد کورونا وائرس کو شکست دے کر معمولات زندگی بحالی کی جانب گامزن ہوں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے اجلاس کو بتایا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور ضروریات کے مطابق سامان فراہم کررہے ہیں اور صوبائی حکومت کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان بھی فراہم کریں گے