- الإعلانات -

ہوائی جہاز میں کورونا وائرس کیسے پھیلتا ہے؟ انتہائی تشویشناک ویڈیو سامنے آگئی

 اگر آپ ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہیں یا ایئرکنڈیشنڈ ہالز میں بیٹھتے ہیں تو ماہرین کی بنائی گئی یہ ویڈیو آپ ہی کے لیے ہے۔ اس ویڈیو میں ماہرین نے یہ دکھایا ہے کہ ایسی بند جگہوں پر جہاں وینٹی لیشن کا خاطر خواہ انتظام نہ ہو وہاں کورونا وائرس کے ایک مریض کے کھانسے سے وائرس کس طرح پورے جہاز یا پورے ہال میں پھیلتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس ویڈیو میں امریکہ پرڈیو یونیورسٹی کے ماہرین نے ہوائی جہاز کے اندر کا منظر دکھایا ہے جہاں ایک مریض کھانستا ہے تو اس کے کھانسے سے وائرس بہت بڑی مقدار میں ایک ہلے کے ساتھ چاروں طرف پھیلتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک مریض کے کھانسنے سے اس پہلے ہلے میں ہی وائرس اردگرد بیٹھے کم از کم 10دیگر مسافروں تک پہنچتا ہے اور پھر مزید آگے پھیلتا چلا جاتا ہے کیونکہ ہوائی جہاز کے ایئرکنڈیشنڈ کیبن میں بھی ہوا کے اخراج کا راستہ نہیں ہوتا اور ایسی صورت میں وائرس فضاءمیں زیادہ دور تک جاتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ویڈیو پرڈیو یونیورسٹی کے ماہرین نے 2014ءمیں سارس کی وباءپھیلنے کے بعد بنائی تھی اور بتایا تھا کہ سارس مریض کے کھانسنے سے کیسے پھیلتا ہے۔ تاہم یہ ویڈیو آج کورونا وائرس کی وباءکے حوالے سے بھی اتنی ہی اہم ہے۔