کشمیر صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ کروڑوں مسلمانوں کی امنگوں اور پاکستان کی سلامتی کا مرکز ہے۔ بابائے قوم ،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی دور اندیشی سے بھانپ لیا تھا کہ کشمیر کی پاکستان کیلئے کیا اہمیت ہے اسی لیے انہوں نے کشمیرکو پاکستان کی ”شہ رگ” سے تعبیر کیا۔ جس طرح انسانی جسم شہ رگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا،اِسی طرح کشمیربھی پاکستان کی شہ رگ ہے۔ لیکن۔ کشمیری عوام کی اُمنگوں کیخلاف اورتقسیم ہندوستان کے اصولوں کوروندتے ہوئے بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرپرناجائزقبضہ کیاہوا ہے ۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت تنازعہ کشمیر کا فریق ہے جبکہ پاکستانی عوام کشمیر کے ساتھ گہری ثقافتی، خاندانی، مذہبی اور تاریخی وابستگی بھی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ تنازعہ کشمیر کو پاکستانی اور کشمیری دونوں برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا سمجھتے ہیں۔تقسیم ہندکے اصول دوقومی نظریہ کے مطابق مسلم اکثریتی علاقہ ہونے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرپاکستان کاحصہ ہوناچاہیے اورآج بھارتی فاشسٹ حکومت اِس اصول کیخلاف بھی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے اوراقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری جوفرضی اورکاغذی طورپرتوانسانی حقوق کے علمبرداربنتے ہیں لیکن حقیقت میںا ج بھی سات دہائیاں گزرنے کے باوجودمقبوضہ جموں وکشمیرکی عوام کوحق خودارادیت دینے سے قاصر ہیں۔اِس حوالے سے شاعرکیاخوب کہتے ہیں کہ
اے میرے کشمیر،اے ارض دلگیر
اپنے لہو سے تونے لکھی جوروشن تحریر
بدلے گی اِک روزاِسی سے دُنیاکی تقدیر
اے میرے کشمیر،اے ارض دلگیر
مسئلہ کشمیرکے حوالے سے پاکستان نے ہمیشہ ہرعالمی پلیٹ فارم پر اپنا بھرپور کرداراداکیااورمظلوم کشمیریوں کے حق میں ہمیشہ آواز بلند کی لیکن بھارت نے ہمیشہ اپنامکرہ چہرہ دکھایا نہ صرف عالمی پلیٹ فارمز سے راہ فراراختیار کی بلکہ پاکستان کیخلاف مزید سازشوں کے جال بُنے ۔لیکن الحمد اللہ پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج،حکومت پاکستان،پاکستانی عوام نے ہمیشہ دُشمن کو دندان شکست جواب دیا۔گزشتہ سال بھی بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان پرناکام جارحیت کی کوشش کی توآپریشن راہ حق اوربنیان مرصوص میں پاکستان نے ایسی عبرتناک شکست فاش سے دوچارکیاکہ آج وہی فاشسٹ بھارت دُنیامیں منہ چھپائے پھررہاہے ۔پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی کے بعدبھی اقوام عالم پرواضح کیاکہ پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے ہمیشہ آواز بلندکرتارہے گا۔
آج کشمیر کی وادی میں دیوار کی ہر اینٹ ایک سفاکانہ کہانی بیان کرتی ہے۔ جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف آواز اٹھانے پر اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری مرد، خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں۔ ہزاروں گرفتار اورمسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے،بھارتی ظالم افواج کی جانب سے نہ صرف کشمیری خواتین کی عصمت دری کی گئی بلکہ ہزاروں نوجوان اپنی بینائی سے بھی محروم ہوچکے ہیں اور ان کے گھر بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔آج انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیمیں اور میڈیا بھی مقبوضہ وادی میں بے پناہ مصائب، خوراک کی فراہمی، ادویات کی کمی، ہسپتال تک رسائی سے انکار، سکیورٹی لاک ڈاؤن اور میڈیا بلیک آؤٹ کو اجاگر کررہاہے ۔لیکن بجائے مظلوم کشمیریوں کواِن کاحق حق خودارادیت دینے کے مودی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی بھارت کے بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیرونی لوگوں کو گھریلو سرٹیفکیٹ کی اجازت دے کر آبادیاتی تبدیلیوں کیلئے زمین تیار کر رہی ہے اوراِس کے خلاف بھی بھارت کے اندر سے چیخ و پکار کے باوجود، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بہت سی دوسری تنظیموں اور دنیا بھر کے رہنماؤں بشمول ایران، ترکی، چین اور دیگر ممالک سے اپیلوں کے باوجود بھارتی حکومت کشمیریوں پر مسلسل مظالم ڈھا رہی ہے۔لیکن آفریں ہے کشمیری غیوراوربہادرقوم پرکہ یہ تمام ترمظالم اور ناانصافیاںکشمیریوں کے عزم کو دبانے میں مسلسل ناکام ہیں۔ پاکستانی قوم نہ صرف اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کااحترام کرتے ہیں بلکہ ان کے ناقابل تسخیر جذبے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ انشااللہ پاکستان یہ حمایت اور یکجہتی اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کشمیری بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج جائز حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔آج بھارت کافاشسٹ چہرہ پوری دُنیا پر عیاں ہو چکا ہے جہاں آج بھارت خارجہ محاذ پرتنہائی کا شکار ہوچکاہے تووہیں اقوام عالم سمیت اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کشمیریوں کواِن کا حق خودارادیت دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکریں اورمسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔
کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے!

