اسلام آباد: حکومت کی جانب سے کم آمدن والوں کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کے اعلان پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تحفظات کا اظہار کردیا۔نمائندہ آئی ایم ایف ایسٹر پیریز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے موٹرسائیکل اور گاڑیوں والوں سے متعلق اسکیم پر عالمی مالیاتی فنڈ سے کوئی مشورہ یا رابطہ نہیں کیا۔ایسٹر پیریز نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف اس حوالے سے جامع تفصیلات چاہتا ہے، تفصیلات میں اس اسکیم کی ٹرمز اینڈ کنڈیشن، لاگت، ٹارگٹنگ، اسکیم کے غلط استعمال اور دیگر اقدامات سے متعلق حکومت سے انتہائی محتاط ہوکر بات چیت کی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور اسکیم کو 6 ہفتوں میں نافذ العمل کر دیا جائے گا۔مزید برآں ایسٹر پیریز نے اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق جاری بیان میں کہا ہے کہ نویں اقتصادی جائزے کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے، کچھ باقی پوائنٹس پورے ہونے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ حالیہ دنوں میں پالیسیز کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، پالیسی ایجنڈے کے نفاذ میں معاونت کے لیے خاطر خواہ مالی اعانت یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، کچھ باقی پوائنٹس پورے ہونے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا۔