Site icon Daily Pakistan

آئی ایس پی آر:کامران،سرخرو

چند دہائیوں قبل سائنسدانوں نے ایک ایسے وجود کا اعلان کیا جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیاکیونکہ یہ انسانوں کی آپس کی بات کرنے کا وجودتھا جس کے متعلق سائنسدان یہ دعوی کر رہے تھے کہ یہ آج تک جتنے انسانوں نے آپس میں بات کی ہے انکی ریکارڈنگ ہے جو فضا میں موجود ہے اور ہم انکو ریکارڈ کرنے میں کامیاب ہو گئے اور ممکن ہے آنیوالے وقت میں ہم ان آوازوں کو الگ الگ کر سکیںاور پہچان سکیں کہ یہ کس کس کی آوازیں ہیں تاہم اس ضمن میں کسی قسم کی پیشرفت بارے آگاہ نہیں کیا گیا۔اب میں اپنے موضوع کی طرف آتا ہوں۔

6 اور 7مئی کی درمیانی شب دشمن بھارت مادروطن پاکستان پر اپنے ناپاک عزائم کیساتھ حملہ آورہواجس کے نتیجے میں متعدد معصوم نہتے پاکستانی شہری ہندوستانی جارحیت واشتعال انگیزی کی بھینٹ چڑھ گئے،بظاہر تو ہمارے ازلی دشمن بھارت نے سرحدی وفضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے جنگ کا ایک محاذ کھولا تھا لیکن پس پردہ بھارت نے پاکستان کوبیانیہ کی شکست سے دوچار کرنے کیلئے بھی پوری تیاری کر رکھی تھی اور اس محاذ سے متعلق پاکستانی قوم ناواقف تھی تاہم ہمارے ادارے سو رہے تھے نہ ہی غافل تھے۔

پاکستان کی مسلح افواج نے پہلے دن سے جس طرح بھارت کے جنگی جنون اور خطے کے چوہدری ہونے کا غرور خاک میں ملایا وہ نہ صرف ہمارے بلکہ پوری دنیا کے سامنے ہے ،رافیل اور مگ جنگی طیاروں سمیت6بھارتی طیارے بھارتی فضاؤں سے ایسے غائب کیے جیسے انکا کبھی وجود تھا ہی نہیں،پھر10مئی آیا جب پاکستان نے نمازفجر کے وقت آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھارت کو فیصلہ کن شکست سے دوچار کر کے ہندوستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرتے ہوئے طاقت کا نیاتوازن قائم کیا۔

6اور7مئی کی درمیانی شب سے لیکر 9اور10مئی کی درمیانی رات تک مسلسل شکست کا منہ دیکھنے پرمودی حکومت اور بھارتی فوج کے گٹھ جوڑ نے انڈین میڈیا کے ذریعے پوری دنیا میں غلط معلومات پھیلانااورجھوٹاپراپیگنڈا شروع کر دیاجس کا جواب ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہت تحمل وبردباری سے دیا،بھارتی میڈیا اپنے گلے پھاڑ پھاڑ کرگھنٹوں بریکنگ پربریکنگ چلا کرفتح کا عارضی وجھوٹا ماحول بناتا لیکن ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری چھوٹی سی مگر جامع ومدلل پریس کانفرنس کر کے سارے بیانیے کا ستیاناس کر دیتے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری مودی حکومت وبھارتی میڈیا کے من گھڑت پراپیگنڈے پرسچ کی ایسی تلوار چلاتے کہ بھارتی بیانیہ ہندوستان کی بے عزتی کاسبب بن جاتا جس پر بھارتی میڈیا نے بعد میں معافیاں بھی مانگیں اور مودی سرکار نے بھی ان پرپردہ ڈالنے کی ناکام کوششیں کیں۔

یہ بات درست ہے کہ جنگ کے ماحول میں ذرائع کی خبروں پرانحصار بڑھ جاتا ہے لیکن ایسا بھی کیسا انحصار کہ آپ لاہور میں سمندر لے آئیں اور کراچی کی بندرگار کو تباہ کرنے کی باتیں کرنے لگ جائیں،بھارتی میڈیا کی جانب سے متعدد ایسی خبریں چلائی گئیں جس سے صاف ظاہر تھا کہ یہ صرف ہندوستانی عوام کو خوش اور پاکستانی عوام کامورال ڈاؤن کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے مگر مجھے اپنے اداروں اور اداروں کے سربراہان پر کل بھی فخر تھا اور آج بھی فخر ہے جنھوں نے بغیر کسی ہیجان پیداکیے بھارتی بیانیہ کو اس انداز سے شکست دی کہ دشمن اپنی چال کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نہ صرف بھارتی بیانیہ کو شکست دی بلکہ پاکستانی قوم کا مورال مزید بلند کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کادھیمالہجہ مگر سچ کی

گھن گرج دشمن کے دلوں پرایسے وار کرتی کہ وہ پہلے سے زیادہ جھوٹ اور گمراہ کن خبریں پھیلانے پر مجبورنظرآتا،ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیرمعمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کا نہ صرف جھوٹ بے نقاب کیا بلکہ پاکستانی قوم کیساتھ پوری دنیا کو سچ اور حقیقت سے بھی آگاہ رکھا جو کہ خود میں ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی قیادت نے نہ صرف بھارت کے ناقص بیانیوں کے دھوکے کوایک لمحہ بھی سچ پر غالب نہیں آنے دیابلکہ سچ کا میناراتنا بلند تعمیر کر دیا کہ پاکستانی سرحدوں سے بھارتی عوام کو بھی صاف شفاف نظرآنے لگ گیا جس سے بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کے جھوٹ کا پول کھل گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دوملکوں کے بیانیہ کی جنگ لڑی اور پاکستان کو فتح سے ہمکنارکیا، اس پر پوری قوم انکو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آج بھارت کا جھوٹابیانیہ فضاؤں میں اپنا وجود بنا چکا مگر آج ہمیں اسے ڈی کوڈ کرنے کیلئے کسی سائنسدان کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ سب ایک ترقی یافتہ دور میں ہوا جو جدیدریکارڈنگ آلات کی نذربھی ہو چکا ہے،بھارت کا جھوٹا بیانیہ اور آئی ایس پی آر کی سچائی پرکھڑی عمارت سب کچھ روز روشن کی طرح عیاں اورحقائق سے پردہ اٹھا رہے ہیںیہی وجہ ہے کہ اسی سچ کی عمارت کو دیکھ کر واشنگٹن پوسٹ،نیویارک ٹائمز سمیت عالمی جریدے بھارت کے پول کھول اور پاکستان کی فتح کا اعلان کر رہے ہیں جو کہ آئی ایس پی آر کی بڑی جیت ہے

اقوام عالم کا معاملہ تو رہا ایک طرف ، صورت حال یہ ہے کہ خود بھارت کے اندر بھارت کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ جس وقت بھارت یہ جھوٹا الزام عائد کر رہا تھا کہ پاکستان نے گولڈن ٹمپل پر حملہ کیا جسے بھارت نے ناکام بنا دیا ہے عین اسی وقت روز نیوز پر خالصتان تحریک کے رہنما گرپتومت سنگھ گفتگو کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اس جھوٹے الزام کا جواب دے کیونکہ بھارت سازش کر رہا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ ابھی ابھی ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان نے بالکل کوئی حملہ نہیں کیا بلکہ ہم نے تو سکھوں کیلئے جنگ کے دوران بھی کرتارپور کاریڈور اوپن رکھا ہوا ہے۔ اس پر سردار جی نے نعرے لگانے شروع کر دیے کہ پاکستان زندہ باد ، پاکستان زندہ باد ۔

Exit mobile version