Site icon Daily Pakistan

حکومت ،پاک افواج اور عوام کادوٹوک پیغام!

وطن عزیز پاکستان کا77واں یوم آزادی انتہائی جوش وجذبہ اور عزم صمیم کےساتھ منایا گیا۔پوری قوم کویوم آزادی پر دوہری خوشیاں نصیب ہوئیں ۔ایک خوشی وطن عزیز کی آزادی کا دِن اور دوسری خوشی پاکستان کے ہیرو جس نے اولمپکس میں نہ صرف وطن عزیز کا پرچم بلند کیا بلکہ عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا ارشد ندیم کی وطن واپسی تھی۔رواں سال یوم آزادی پرپہلے کی نسبت عوام میں زیادہ جوش وجذبہ دیکھنے کو ملا۔بزرگ،نوجوان ،بچے،خواتین سب سبز ہلالی پرچم اُٹھائے یکذباں کہہ رہے تھے ”دِل دِل پاکستان ،جان جان پاکستان “۔”پاک فوج زندہ باد“یہ نعرے نہ صرف ایک شہر بلکہ وطن عزیز کے کونے کونے میں بلند ہوئے ۔حکومت پاکستان کی جانب سے قومی ہیروکوخصوصی طور پر ائیرپورٹ پر خوش آمدید کہا گیا،وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ نے وفاقی اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ اپنے قومی ہیرو کو خوش آمدید کہا۔وزیر اعظم ہاﺅس اسلام آباد میں 14اگست کی مرکزی تقریب میں جہاں یوم آزادی کا جذبہ دیدنی تھا وہاں حکومت پاکستان نے ارشد ندیم کو خصوصی اور مہمان اعزاز کے طو رپر مدعو کیا۔ وزیرِ اعظم ہاﺅس پہنچنے پر وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم، انکی والدہ اور انکے اہلِ خانہ کا پرتپاک استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو یوم آزادی سے پہلے ایک شاندار تحفہ دیا جس نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم 25 کروڑ پاکستانی عوام کے ہیرو اور دلوں کی دھڑکن ہیں، ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کیلئے اللہ تعالی کی رحمت، شبانہ روز محنت اور والدین اور قوم کی دعاﺅں سے گولڈ میڈل جیتا، اس پر پوری پاکستانی قوم آپ کی شکر گزار ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جیولین تھرو میں ریکارڈ قائم کیا ہے، قوم کا مورال بلند ہے، اس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہئے بلکہ ان کا ہمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی ہم سب کیلئے روشن مثال ہے، ہم یوم آزادی منا رہے ہیں، اس مثال سے ہمیں حوصلہ ملا ہے اس راستے پر چل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے، شبانہ روز محنت اتحاد و اتفاق سے ان چیلنجز سے نمٹیں گے اور ملکر ملک کو عظیم طاقت بنائیں گے۔ ارشد ندیم کی والدہ کی دعاﺅں سے ارشد ندیم کو کامیابی اور پوری قوم کو عزت ملی جس پر ان کی والدہ کے شکر گزار ہیں، آپ عظیم ماں کے عظیم بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا یہ پودا سایہ دار درخت بنے گا، مستقبل میں آپ کامیابی کے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھیلوں کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں، ہاکی، کرکٹ، سکوائش کو دوبارہ بحال کریں گے۔ سینئر کھلاڑی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی تجاویز دیں تاکہ پاکستان کی عظمت رفتہ کو واپس لایا جا سکے۔ وفاقی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے صوبائی حکومتوں سے ملکر کام کرے گی، وزیراعظم نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلایا جا سکے۔ وزیراعلی پنجاب نے ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے جبکہ وزیراعلی سندھ نے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ ارشد ندیم کی بھرپور پذیرائی پر سندھ اور پنجاب حکومت کا شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رانا مشہود کا شکر گزار ہوں انہوں نے پنجاب میں نوجوانوں کیلئے بہت کام کیا۔ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں، ملکی ترقی میں ان نوجوانوں کا بڑا کردار ہے۔ وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کار کردگی، طلائی تمغہ جیتنے اور اولمپک ریکارڈ بنانے پر انکے لئے 15 کروڑ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 15 کروڑ روپے اس انعام پر ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ وزیراعظم نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کیلئے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا جہاں 2028 اولمپکس کیلئے ایتھلیٹس و کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کیلئے تیار کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقادکیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سپہ سالار چٹان صفت مسلح افواج جنرل حافظ سید عاصم منیرتھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کی راہ ہموار کر دیتے ہیں ‘ افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے‘عزم استحکام قومی عزم کا استعارہ، سلامتی کا ضامن اور وقت کا اہم تقاضا ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دُشمنوں اور سازشی عناصر کودوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دشمنوں کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ چاہے روایتی یا غیر روایتی جنگ ہو، Dynamicیا Proactive جنگی حکمتِ عملی ہو، ہمارا جواب تیز اور دردناک ہوگا، ہم یقیناً گہرا اور دور رس جواب دیں گے۔آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان کو ہمارا پیغام ہے کہ وہ فتنہ الخوارج کو اپنے دیرینہ، خیر خواہ اور برادر ہمسائے ملک پر ترجیح نہ دے۔ قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے‘ مجھے پختہ یقین ہے کوئی منفی قوت اعتماد کے اس رشتے کو کمزور کرسکی ہے اور نہ ہی آئندہ کرسکے گی، افواج پاکستان نے ملک کے دفاع کی قسم کھا رکھی ہے جس کی آبیاری وہ اپنے خون سے کررہی ہے، ہم کسی بھی صورت اور قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں ڈیجیٹل دہشت گردی کی کوشش کی جارہی ہے جس کا مقصد قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے جبکہ قرآن میں حکم ہے کہ کسی بھی خبر کی تحقیق کرلیا کرو تاکہ پھر اپنے کیے پرپچھتاوانہ ہو ۔ آئین آزادی اظہار کی ضرور اجازت دیتا ہے، مگر آئین پاکستان نے اسکی واضح حد بندی بھی کر رکھی ہے‘عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے اور دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ عوام اور فوج ایک ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف اور اِن کی پوری ٹیم کی شبانہ روز محنت رنگ لائی اور پاکستان میں مایوسی کی خبریں اور سازشیں رچانیوالوں کو منہ کی کھانا پڑی۔اسی طرح وطن عزیز کی چٹان صفت مسلح افواج ،سیکیورٹی اداروں کی دِن رات محنت اور شہداءکی قربانیوں سے امن کا ثمربھی ثبوت ہے کہ آنیوالے دِن خوشحالی ،ترقی اورامن کے ہیں ۔وطن عزیز،اس سوہنی دھرتی ، امن کے آشیاں کے دُشمنوں اور سازشیوں کویوم آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان ،مسلح افواج اور غیور عوام نے یکجاں ،ایک قالب ہوکربتادیا ہے کہ یہ وطن تاقیامت شادوآباد رہے گااورپاکستان کے دُشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھاناپڑے گی ۔ آخر میں بقول شاعر کہ
دِل ہماراایک ہے ایک ہے ہماری جان
پاکستان ہماراہے ہم سب کی ہے شان

Exit mobile version