وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثالیں ہیں۔مریم نواز نے دیہی خواتین کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہم دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی معیشت کے استحکام میں دیہی خواتین کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے فروغ میں دیہی خواتین کا کردار قابل تعریف ہے، دیہی خواتین کو مساوی سہولیات فراہم کرنے کا عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دیہی خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے، دیہی خواتین کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیلڈ اسپتال کا منصوبہ جاری ہے، دیہات میں پرائمری ہیلتھ یونٹس کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشن خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔