Site icon Daily Pakistan

رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان !

(گزشتہ سے پیوستہ)
پاکستان ترکیہ بزنس فورم کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے ہر قسم کی معاونت اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور ترکیہ کی گہری دوستی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں جبکہ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، طے پانے والے معاہدوں اور ایم او یوز سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا، اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کیلئے اہم ہے، پاکستان اور ترکیہ مل کر خطے میں امن و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے دو طرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا ہے جو کئی وجوہات کی بنا ءپر منفرد حیثیت کے حامل ہیں،پاکستان اور ترکیہ برادر دوست ملک ہیں اور تقسیم ہند سے بھی پہلے بھائی چارہ کی تاریخ رکھتے ہیں جب ہندوستان کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جنگ آزادی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان کی دانشمندانہ قیادت میں ترکیہ کی فعال معیشت جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور یورپی معیارات پر پوری اترتی ہے، صدر رجب طیب ایردوان امت مسلمہ کی آواز ہیں، انہوں نے ہمیشہ غزہ، فلسطین اور کشمیر کے معصوم اور مظلوم مسلمانوں کےلئے آواز اٹھائی ہے، پاکستان بھی ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کی آزادی کےلئے ان کی آواز کے ساتھ آواز ملا کر کھڑا ہوا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معززمہمان رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ہمیں مشترکہ ریل ٹرانسپورٹیشن بالخصوص اسلام آبادتہران استنبول فریٹ ٹرین لائن کو فعال بنانا چاہئے، یہ پورے خطے کے مفاد میں ہے،اس سے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کےلئے اہم ہے ، مستقبل میں بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھا جا سکتا ہے،پاکستانی عوام نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ترکیہ کا ساتھ دیا ہے،دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا،دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں بے پناہ ظلم ڈھایا ہے، اس جنگ کے دوران ہزاروں فلسطینی شہید ہوئے، جنگ بندی کے بعد غزہ میں صورتحال میں بہتری آئی اور غزہ کے شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر خطے میں امن سمیت دیگر مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ترکیہ کے صدر اور پاکستان کے معززمہمان صدررجب طیب ایردوان کے دورہ پاکستان مکمل ہونے کے بعد وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف ، نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر اطلاعات عطاءتارڑاور اعلیٰ حکام نے معززمہمان کوائیرپورٹ پررُخصت کیا۔ترک صدررجب طیب ایردوان کا دورہ پاکستان اور دونوں ممالک میں ہونیوالے نئے تجارتی معاہدے نہ صرف پاکستان کی معیشت کیلئے نیک شگون ثابت ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات میں مزید گرمجوشی پیدا ہوگی ۔خطے میں بدلتے ہوئے حالات اور ترقی کے نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کاحامل ہے جس کے مثبت نتائج اور ثمرات سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔

Exit mobile version