کالم

سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین انصاف کے منتظر

سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین 18سال گزرجانے کے باوجود انصاف سے محروم ہیں اورلواحقین کے غم آج بھی تازہ ہیں۔ 18 فروری 2007ء کو بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے سمجھوتہ ایکسپریس کی ٹرین کو نشانہ بناکر 68 بے گناہ افراد کو قتل کردیا تھا جن میں سے اکثریت پاکستانی شہریوں کی تھی۔بھارت نے اس دلخراش سانحے کی ذمہ داری پاکستانی تنظیموں پر ڈال دی تھی ، تاہم واقعے کے بعد راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارکن کمل چوہان کی گرفتاری نے بھارتی سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا۔تحقیقات کے دوران آر ایس ایس کے غنڈوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے سانحہ کا ذمہ دار ثابت کیا گیا ۔ فروری 2007ء کو لاہور اور دہلی کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس پرہندو انتہاپسندوں نے بم سے حملہ کر کے آگ لگائی جس کے نتیجے میں 68 افراد جان کی بازی ہار گئے ،جن میں زیادہ تر پاکستانی تھے۔پانی پت کے مقام پر ٹرین میں لگائی گئی آگ میں 43 پاکستانی، 10 بھارتی جبکہ 15 نامعلوم افراد ہلاک ہوئے۔ دہشت گرد حملے میں 10 پاکستانی اور 2 بھارتی زخمی بھی ہوئے۔بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل پروہت کو بھی گرفتار کیا گیا،کرنل پروہت نے بھی اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلح تصادم کرانے کیلئے ہندو دہشت گردوں کو تربیت دی ۔ بھارت نے کئی بار پاکستان مخالف میڈیا مہم اورفالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیا لیکن سمجھوتہ ایکسپریس کی طرح بھارتی حکومت کا ہر ایک حربہ خود ہی بے نقاب ہو گیا۔ ہندوستان کا عدالتی نظام بھی مذاق بن چکا ہے۔ بھارت کی قومی تفتیشی ایجنسی کی ایک خصوصی عدالت سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکے کیس میں سوامی اسیم آنند سمیت تمام (4) ملزمان کو بری کر چکی ہے۔ تحقیقات سے یہ بات منظر عام پر آئی کہ انتہا پسند ہندوئوں نے ٹرین کو آگ لگانے کیلئے مٹی کا تیل ،سلفر اور پوٹاشیم نائٹریٹ کے آمیزہ استعمال کیا اور انہوں نے آگ لگانے والے یہ بم ٹرین کے اندر چھپا کر رکھے تھے بدقسمتی سے یا منصوبے کے تحت ٹرین کے دروازے اندر سے بند تھے۔ ٹرین میںکل 757افراد سوار تھے جن میں 553 پاکستانی تھے۔ بھارتی حکومت اس ٹرین کی حفاظت کی ذمہ دار تھی جس نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ اس دہشتگرد واقعے کی ماسٹر مائنڈ ابھیناو بھارت نامی انتہا پسند تنظیم تھی۔ابھیناو بھارت کی بنیاد 2006 میں بھارتی فوج کے (ر) میجر رمیش اپادھیائے اور لیفٹیننٹ کرنل پرساد شری کانت پروہت نے رکھی تھی۔ لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت اس و قت انٹیلی جنس کور سے تعلق رکھنے والا حاضر سروس فوجی افسر تھا۔بھارت کی انتہا پسند ہندو تنظیم ‘بجرنگ دل’ نے سمجھوتہ ایکسپریس میں بم دھماکوں اور آتشزدگی کی ذمہ داری قبول کی اور مسلمانوں کے خلاف معاندانہ سرگرمیاں جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھارتی حکومت انتہا پسند ہندو تنظیموں کے چہرے سے نقاب ہٹانے سے انکار کر تی رہی۔ پاکستان نے سانحہ کی مشترکہ تحقیقات کی دعوت دی مگر بھارت مشترکہ ٹیم کی جانب سے تحقیقات سے گریزاں کر رہا ۔ کیونکہ بھارتی حکومت ہرگز یہ پسند نہیں کرتی کہ اس آتشزدگی میں جو خفیہ ہاتھ کارفرما تھے وہ بے نقاب ہوں اور ساری دنیا سمجھوتہ ایکسپریس کی آتشزدگی میں ملوث انتہاپسند ہندو تنظیموں بشمول بجرنگ دل کا بھیانک چہرہ دیکھے۔بھارت نے پاکستان مخالف میڈیا مہم اور فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیا لیکن سمجھوتہ ایکسپریس کی طرح مودی سرکار کا ہر ایک حربہ خود ہی بے نقاب ہو چکا ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر ہندو توا کے پرچار نے بھارت کے ایک نام نہاد سیکولر ریاست ہونے کا ڈھونگ بھی دنیا پر آشکار کر دیا۔سانحے کے گیارہ سال بعد دہشت گردوں کی رہائی نے بھارتی عدالتوں کی ساکھ کو بے نقاب کر دیا ۔اس طویل مقدمہ میں تقریباً 300 گواہ تھے جبکہ سماعت کے دوران گزشتہ تین برس میں درجنوں سرکاری گواہ منحرف ہوئے۔سوامی اسیم آنند سمجھوتہ ایکسپریس کے علاوہ مکہ مسجد اور اجمیر درگاہ سمیت بعض دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملزم رہا لیکن وہ ان میں سے بھی کئی واقعات میں بری ہوچکا ہے۔ بھارت نے اس دھماکے کی ذمہ داری پاکستانی تنظیموں پر ڈالی تھی تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ حملہ آور بھارتی تھے اور ان کو بھارتی فوج کے حاضر سروس کرنل پرساد نے اسلحہ فراہم کیا تھا۔ب تک تو بھارتی حکام ان سانحات کی ذمہ داری مسلمانوں پر ڈالتے چلے آرہے تھے مگر اب معلوم ہو چکا ہے کہ ان میں ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس ملوث ہے۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے نہایت ڈھٹائی سے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل پروہت کا سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گرد حملے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ ایک اور عجیب منطق یہ پیش کی گئی ہے کہ بھارتی ادارے لیفٹیننٹ کرنل پروہت کے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے میں کردار کی ابھی تحقیقات کر رہے ہیں۔سمجھوتہ ایکسپریس شہدا ء کے لواحقین کو ان کا حق دلانے کی خاطر یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دھماکہ کر کے معصوم پاکستانیوں کو زندہ جلانے کے جرم کا اعتراف کرنے والوں کو بری کرنے کی بنیاد پر عالمی عدالت انصاف میں بھارت کے خلاف رجوع کیا جائے۔پاکستان کی طرف سے قانونی فورم استعمال کرنے سے پہلے سفارتی محاذ پر سمجھوتہ ایکسپریس میں ملوث انتہا پسند ہندوئوں کے کردار کو زیادہ اجاگر کرنے سے داد رسی کا زیادہ امکان ہے۔پاکستانیوں کے لواحقین کو بھارتی عدالت نے اپنا قانونی موقف بھی پیش کرنے کی اجازت نہیں دی اور ملزمان کو رہا کر دیا۔سمجھوتہ ایکسپریس کے سانحہ کو لگ بھگ 17 سال گزر چکے ہیں۔ عدالتی کمیشن اور تحقیقاتی رپورٹوں کے مطابق ملزم بھی نامزد ہو چکے ہیں ۔ ممبئی حملوں کے بعد تو بھارت نے پاکستان پر دبائو ڈالے رکھا اور نام نہاد اجمل قصاب کو پھانسی تک دے دی مگر سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کا کیا کیا؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے