چند دن قبل امریکی سنٹرل کمانڈ کے جریدے کا سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرنا میری نظر میں نہ صرف پاکستان کے لئے بلکہ عالمِ اسلام کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے جریدے یونی پاتھ نے سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور انتہا پسندوں کے خلاف ایک توانا آواز قرار دیا ہے ۔ جریدے میں شائع ہونے والے مضمون میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے سے لکھا ہے کہ موصوف کو پاکستان کی سلامتی و استحکام و خوشحالی کے لئے پرعزم رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔ سپہ سالار جنرل عاصم منیر نومبر 2022 سے کمان سنبھالنے کے بعد ملکی سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں ، ان کی قیادت میں شدت پسند گروپوں کیخلاف 22ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوئے اور 398دہشتگردوں کا خاتمہ کر دیا گیا ۔ جریدے کے مطابق جنرل عاصم منیر نے واضح کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کےلئے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرے گا۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے آرمی چیف کے بارے میں لکھا جانے والا یہ مضمون ایک غیر معمولی اشاعت ہے ۔ اس کا ایک ایک لفظ حقیقت پر مبنی ہے اور اس میں بالکل بھی کوئی مبالغہ آرائی نہیں کی گئی ۔ بلاشبہ پاک فوج کو دنیا بھر کے ممالک کی افواج میں ایک نمایوں اور اہم مقام حاصل ہے ۔ امیر المومنین، شیرِ خدا مولا علی حیدر کرار علیہ السلام نے گورنر مصر کے نام اپنے ایک خط میں لکھا تھا کہ فوجی اللہ کے سپاہی اور ملک و ملت کے نگہبان ہوتے ہیں جو دین کی حفاظت کے لیے قوت مہیا کرتے ہیں ۔ درحقیقت وہی امن و امان کی اصل محافظ ہوتے ہیں اور ان کے ذریعے ہی اندرونی انتظام اور انصرام درست رکھا جا سکتا ہے۔ نہ صرف ماضی میں بلکہ عہدِ موجود میں بھی عالمی سطح پر ہماری افواج کی شہرت سب سے بڑھ کر ہے اور سارے عالم میں چہارسو تذکرے اور چرچے پاک فوج کے ہی ہیں ۔ اس ضمن میں میرا اپنا ہی ایک اچھوتا اور منفرد شعر ہے کہ :
ایک مسلم سا کسی کا اوج نہیں ہے
پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں ہے
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی نے معلومات کے پھیلا میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن گمراہ کن اور غلط معلومات کا پھیلا انتہائی اہم چیلنج ہے ۔ اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024 کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کےلئے اپنا مثبت کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی سرحدوں کو محفوظ بنانے کےلئے جامع مینجمنٹ رجیم قائم کی گئی ، ویژن عزمِ استحکام نیشنل ایکشن پلان کا اہم جزو ہے اور اس کا مقصد دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہے ۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج دنیا کی تمام دہشت گرد تنظیموں اور پراکسیز کی آماجگاہ بن چکی ہے ، افغانستان سے توقع ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا۔ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے حوالے سے گزشتہ دنوں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی کافی فکر مند اور پرعزم نظر آ رہے تھے اور انہوں نے سب کو حیران کر دیا یہ کہہ کر کے دہشت گردی کے واقعات پر تعزیتی بیانات دورے اور اعلانات تو ہو جاتے ہیں لیکن حکومت محض باتیں ہی نہیں باتوں پر عمل بھی کر کے دکھائے ۔ در حقیقت دہشتگردی ایسے ایشوز پر اے این پی اور پیپلز پارٹی کی توجہ اور فوکس زیادہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ماضی میں یہ دونوں پارٹیاں دہشت گردوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ رہی ہے ، سندھ کے ساتھ بار بار تفریق اور الگ سلوک نظر آتا ہے ۔ اس اتحادی حکومت کی سب سے بڑی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین جناب بلاول بھٹو زرداری نے دو ٹوک کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن سے احتجاجا علیحدہ ہوئے ہیں ، اگر میں شامل ہوتا تو آئینی بنچ میں فرق کے حوالے سے ضرور بات کرتا ، قانون سازی پر مشاورت ضرور ہونی چاہیے ، یہ عجب ہے کہ پہلے فلور پر بِل آتا ہے اور پھر بعد میں مجھے کاپی دی جاتی ہے ۔ صدر مملکت سردار آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق چیئرمین پی پی پی نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ قبل صدر زرداری کی ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا ، اب ان کی طبیعت کچھ بہتر ہے اور علاج چل رہا ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ بفضل اللہ صدر مملکت پاکستان سردار آصف علی زرداری جی کو تتی ہوا بھی نہ لگے ، وہ جلد صحت یاب ہوں ۔ صدر زرداری ایک مدبر و بہادر سیاسی لیڈر ہیں اور پاکستانی قوم کو ان سے بڑی امیدیں ہیں ۔ میرے پاکستان میں جواں مردی اور استقلال کے ساتھ طویل جیل کاٹنے والے مردِحر سردار آصف علی زرداری جی کے حوالے سے میں نے ایک نظم قلمبند کی تھی اس کے چند اشعار حاضر خدمت ہیں پلیز آپ بھی ملاحظہ فرمائیے :
کبھی جھکایا سر نہ تو نے
اور مانا مول جبر نہ تو نے
کوئی دکھا دو رنگ نیارے
ہم سبھی ہیں سنگ تمہارے
علم اور عدل عام کر دو
دیس عوام کے نام کر دو
کالم
سپہ سالار سے صدرِ مملکت تک
- by web desk
- نومبر 20, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 22 Views
- 2 دن ago