کالم

عوام کی تفریح کےلئے جشن بہاراں کا انعقاد

riaz chu

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب میں 5سے 12مارچ تک جشن بہاراں کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی مرتبہ جشن بہاراں سرکاری وسائل کی بجائے مکمل طورپر سپانسرڈ ہوگا اور سرکار کے خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور اور فیصل آبادمیں جشن بہاراں کی تقریبات کاآغازکیا جارہا ہے۔ جیلانی پارک میں فوڈ فن میلہ شروع کیا جارہا ہے جہاں لاہور کے ٹاپ 20فوڈ برینڈ کے سٹال لگائے جائیں گے۔ جیلانی پارک میں پنجابی فوک میوزک شو منعقد کئے جائیں گے۔ ا سکے علاوہ لاہور ہاکی سٹیڈیم میں ہر شام نامور گلوکار میوزک شو پیش کریں گے۔ عوام کی تفنن طبع کیلئے راحت فتح علی خان، ساحر بگا، بلال سعید، آئمہ خان اور دیگر گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے۔ داتا دربار سمیت دیگر مزارات پر محافل نعت گوئی اور محافل سماع منعقد ہوں گی۔ شہر کی بڑی سڑکوں کو آراستہ کیا جائے گا۔ کینال میلہ اور سپورٹس میلے بھی ہوں گے۔ گریٹر اقبال پارک میں 7 روز تک لکی ایرانی سرکس کے 3شو ہوں گے۔ 12مارچ کو میراتھن ریس مقابلے ہوں گے، ریس آن وہیل اور فن ریس بھی ہوگی۔42کلومیٹر طویل سائیکلوتھان میں پروفیشنل سائیکلسٹ حصہ لیں گے۔
تقریبات کی تفصیل میں بتایا گیا کہ نیشنل ہسٹری میوزیم میں قیام پاکستان سے آگاہی کے لئے”ڈیجیٹل جرنی“ شو ہوگا۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہی قلعہ میں شام کو لائٹ اینڈ میوزک ایکسٹرا وگنزا شو پیش کیاجائے گا۔”روشن گلیاں“، ”ویکھ لاہور“، ”رنگیلا رکشہ“، ”داستان گوئی“، ”ہیر گائیکی“ اور ”ڈرم سرکل شو“ ہوں گے۔ 8مارچ کو عالمی یوم خواتین کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی، خواتین کا مشاعرہ بھی ہوگا۔جی سی یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ہینڈ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کی خواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں۔
پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جسے قدرت نے دلفریب موسموں سے نوازا ہے ،کبھی موسم سرما ہے تو کبھی گرما،کبھی خزاں ہے تو کبھی بہار۔ سردیوں کی طویل اداس خاموشی کے بعد بہار کا خوبصورت اور دلفریب موسم پوری فضا کو پھولوں کی خوشبو سے معطر اوران کے رنگوں سے ہی رنگین کر دیتا ہے۔ بڑی بڑی شاہراہوں کے گرد کھلے پھول، دھوئیں اور ٹریفک کے اڑدہام میں بھی ذہن و دل کو تروتازگی بخشتے ہیں۔بہار کا موسم اللہ کی طرف سے دیا گیا وہ موسم ہے جس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔یہ موسم اپنے ساتھ مختلف رنگ لے کر آتا ہے، جن کی خوبصورتی سے ہر انسان اپنے ذوق کے مطابق لطف اندوز ہوتا ہے۔ موسم بہار کی آمد پر خواتین کے شوق قابلِ دید ہوتے ہیں۔ خواتین رنگ برنگ اور آنکھوں کو اچھے اور بھلے دکھنے والے ملبوسات زیب تن کرتی ہیں۔ بچے، نوجوان، مرد، خواتین اور بوڑھے ہر عمر کا شخص اپنے ذوق کے مطابق موسم بہار سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ بہار کا موسم مارچ اور اپریل تک رہتا ہے۔ دنیا بھر میں موسم بہار کو بہت اچھے انداز سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔مارچ کے مہینے میں ہی دنیا کے متعدد ملکوں میں جشنِ نوروز منایا جاتا ہے، جس سے مراد بہار کا استقبال کرنے کا دن ہے۔موسم بہار ترقی خوشی ، خوش حالی، امن وسکون اور آزادی کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو طلبا وطالبات کیلئے فری سفر کی سہولت دینے کے لئے سمری جلد بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کرنے والے طلبا وطالبات کے لئے بڑا ریلیف دینے کافیصلہ کیا ہے ۔ میٹروبس سروس او راورنج لائن میٹرو ٹرین پر طلبا وطالبات کو فری سفر کی سہولت دی جائے گی۔ لہٰذا میٹروبس پر سفر کرنے والے مزدوروں کے لئے بھی احسن ا قدام کرتے ہوئے میٹروبس سروس کو صبح ساڑھے 6بجے کی بجائے صبح 6بجے چلانے کا پلان طلب کرلیا۔ہزاروں مزدور میٹروبس پر سفر کرتے ہیں اور انہیں 7بجے اپنے کام پر پہنچنا ہوتا ہے۔6بجے صبح میٹروبس سروس شروع ہونے سے ہزاروں مزدور بروقت منزل مقصود پرپہنچ سکیں گے۔
پنجاب کابینہ نے گندم خریداری پالیسی برائے 2023-24 کی منظوری دی۔پنجاب بھر میں گندم خریداری مہم کا آغاز 10 مارچ سے کیا جائے گا اورپنجاب حکومت 35 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی جبکہ صوبہ بھر میں گندم خریداری کے لئے 395سنٹرز بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم کو روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کاجائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اجلاس میں محکمہ خوراک کے فوڈ آپریشن کے حوالے سے سرکلر ڈیٹ میں 300ارب روپے کمی کے پلان کی منظوری دی گئی جبکہ نان اے سی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر نظرثانی کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ نے عالمی تبلیغی مرکز رائے ونڈ میں کہا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، علماءکرام کی دین اسلام کیلئے خدمات کو سراہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے دین کو پھیلانے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ اس موقع پر عالمی تبلیغی مرکز میں مسجد نبوی کے ماڈل پر 10 لاکھ نمازیوں کے لئے مسجد تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مسجد نبوی کے ماڈل پر مسجد کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بھی نیک کام میں برکت ڈالتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس تجویز پر ابتدائی بات ہوئی ہے اور انشاءاللہ یہ نیک کام آگے بڑھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri