کالم

فیصل آباد یونیورسٹی میںیوم اقبال ؒ

علامہ اقبالؒ کے یوم ولادت پر پنجاب بھر میں بہت سی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ایک تقریب فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں بھی منعقد کی گئی جس میں بریگیڈئیر(ر) پروفیسر ڈاکٹر وحید الزمان طارق نے بطور مہمان خصوصی طلباءسے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے نام اقبالؒ کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر صاحب نے یونیور سٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ظفر اقبالؒ چودھری صاحب کا بطور خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے تین مرتبہ اقبالیا ت پر خطاب کرنے کی دعوت دی۔ ایک مرتبہ بطور پرنسپل خواجہ صفدر میڈیکل کالج، اور دو مرتبہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے۔تقریب میں علامہ اقبالؒ کے 145 ویں یوم ولادت پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر تنویر حسین بھی موجود تھے۔ محترم ڈاکٹر وحید الزمان طارق نے قوموں کی تعمیر وترقی میں نوجوانوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے شکست خوردہ قوم کے تن مردہ میں زندگی کی روح پھونک دی اور نوجوانوں کو عمل پر آمادہ کیا۔ پاکستان خواب اقبالؒ ہے، جس کی تعبیر آج کے نوجوانوں نے کرنی ہے۔ یقیناً پاکستانی نوجوانوں میں ایک عزم و حوصلہ موجود ہے لیکن انھیں تربیت اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ تعمیر پاکستان کیلئے نوجوانوں کو قلم اور کتاب سے رشتہ استوار کرنا ہوگا، علمی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہوئے غفلت اور لاپروائی کے رویے کو ترک کرنا ہوگا۔ یقیناً ہم اس معاشرے کی تعمیر کرسکیں گے، تعمیر پاکستان ہی ہماری منزل ہے، اس منزل تک رسائی ممکن ہے کیونکہ علامہ اقبالؒ کے خواب کی سرزمین یعنی پاکستانی فضاﺅں میں عدل و انصاف کی بہار کی اساس فکر اقبالؒ ہے، جو بزرگوں کے نقش قدم کی پیروی کرنا ہے۔یہ حقیقت ہے کہ ا قبالیات کو گہرائی سے جانچنے اور پرکھنے کا ملکہ محقق و مفکر وحید الزمان طارق کو حاصل ہے جس پر وہ مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان جیسے لوگ بہت کم رہ گئے ہیں جو اقبالؒ کے افکار و نظریات کو صحیح انداز میں پیش کرسکتے ہیں۔ ایسے لوگ پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی قدر ان کی زندگی میں کی جانی چاہیے تاکہ ان کو اپنی خدمت کا ثمر مل سکے۔ اقبالؒیات پر عبور رکھتے ہوئے وحید الزمان طارق کو پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، پاکستان سوشل سنٹر شارجہ اور دیگر علمی ادبی تنظیموں کے پلیٹ فارم پر خطاب کا موقع ملا اور متعدد مشاعروں کی صدارت کا اعزاز بھی ملا۔ وحید الزمان طارق نہ صرف امارات میں بلکہ دنیا بھرمیں انتہائی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں اور عظیم علمی ادبی شخصیت کی پہچان رکھتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ کے موضوع پر گھنٹوں کے حساب سے تقریر کرنا ان کا خاصہ ہے۔ ان کی تقاریر کے دوران سامعین ان کے علم پر رشک کرتے ہیں اور پوری دلچسپی و دل جمعی سے انہیں سنتے ہیں۔ سفارتخانہ پاکستان ابوظہبی میں بھی وحید الزمان کے اعزاز میں تقاریب ہوئیں اور انہیں سنا گیا۔ امارات میں ویسے تو بہت سی علمی ادبی شخصیات موجود ہیں لیکن وحید الزمان طارق ایک عظیم علمی ادبی شخصیت ہیں۔علامہ اقبالؒ نے مسلم نوجوانوں کو مخاطب کرکے انھیں عرفانِ نفس اور شعورِ ذات کا درس دیا۔ بالفاظِ دیگر ان کے اندر احساسِ خودی پیدا کرنے کی کوشش کی۔انھیں مسلمانوں کے شان دار ماضی، آبا و اجداد کی شان و شوکت اور تاریخِ اسلامی کی عظمت سے روشناس کرایا، ان کے سامنے دورِ حاضر کے پ±ر آشوب حالات کی ایک عبرت خیز تصویر پیش کی اور پھر ان کے دل میں احیاے دین و ملت کی تمنا بیدار کر کے انھیں ایک ولولہ تازہ عطا کیا۔ نوجوانانِ ملت سے مکالمہ کرتے ہوئے اپنی شاعری میں علامہ اقبالؒ ان مراحل کا ذکر بڑے حکیمانہ انداز میں کرتے ہیں۔ بعض نظموں میں تو وہ براہِ راست نوجوانوں سے مخاطب ہیں، جیسے ’طلبہ علی گڑھ کالج کے نام‘ یا ’خطاب بہ نوجوانانِ اسلام‘ یا ’ ایک فلسفہ زدہ سید زادے کے نام‘ وغیرہ۔ اکیسویں صدی میں ہم نے اپنی نوجوان نسل کی علمی و فکری اور نظریاتی تربیت کس طرح کرنی ہے؟ اس حوالے سے علامہ محمد اقبالؒ کی فکر اور سوچ بہت اہم ہے اور اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ اس قوم کی تعمیر کا راستہ صرف اقبالؒ ہی کا راستہ ہے۔ ہمارے پاس تعمیرِ زندگی، حالات کو سمجھنے اور بطورِ تہذیب اپنے آپ کو آگے لے کر چلنے کی فکرِ اقبالؒ کے علاوہ کوئی ایسی سبیل موجود نہیں ہے جہاں ہمیں ہمارے سوالات کا جواب ملتا ہو اور مسائل کا ایک قابلِ فہم حل میسر آسکے۔ یہ کہنا بے جا اور مبالغہ نہیں ہوگا کہ اگر ہم اقبالؒ کو نظر انداز کرکے آگے بڑھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم تہذیبی، سیاسی اور ملّی طور پر آج سے ڈیڑھ دو سو سال پیچھے رہ کر سوچ رہے ہیں۔ اگر ہم اقبالؒ کو ردّ کرکے مستقبل میں قدم رکھتے ہیں تو ہم بہت ہی فکری پسماندگی کے ساتھ قدم رکھ رہے ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri