خاص خبریں

مجوزہ پاکستان سعودی بزنس و انویسٹمنٹ فورم پر تبادلہ خیالات

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر اور وزیرِ اعظم کے ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی سے متعلق ٹاسک فورس کے رکن، سردار طاہر محمود نے مملکتِ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سے پاکستانی سفارتخانے ریاض میں تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو ہوئی،خاص طور پر اُن شعبوں پر زور دیا گیا جو دونوں ممالک کے لیے باہمی فوائد کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ سردار طاہر نے سفیر احمد فاروق کی پاکستانی اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے متحرک کوششوں کو سراہا اور وزیرِ اعظم پاکستان کے سعودی عرب کے کامیاب دورے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے سعودی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کے کئی امید افزا شعبوں کی نشاندہی کی جن میں شامل ہیں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، ماربل اور تعمیراتی مٹیریل، ہوٹل اور ہاسپٹیلٹی سیکٹر ، ایکسپورٹ پر مبنی رابطہ منصوبے شامل ہیں۔پاکستان کا آئی ٹی اور ڈیجیٹل سروسز سیکٹر جو گزشتہ دو سالوں میں نمایاں ترقی کر چکا ہے، ٹیکنالوجی پارٹنرشپ اور آؤٹ سورسنگ کے اشتراک کی منصوبوں کے لیے بہترین بنیاد فراہم کرتا ہے۔

سردار طاہر محمود نے اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی ریاض میں پاکستان سعودی بزنس و انویسٹمنٹ فورم منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد پاکستانی ایکسپورٹرز، صنعتکاروں اور ڈیولپرز کو سعودی سرمایہ کاروں اور بزنس رہنماؤں سے جوڑنا ہے۔انہوں نے سفارتخانے سے اس اعلیٰ سطحی تقریب کے انعقاد میں معاونت اور سرپرستی کی درخواست کی تاکہ پاک سعودی اقتصادی تعاون کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے