انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں کیوں کہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور بادشاہ شاہ رخ خان 17 سال بعد ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔بگ بی کے نام سے شہرت رکھنے والے امیتابھ بچن اور کنگ خان شاہ رخ آخری بار 2006 میں فلم ‘کبھی الوداح نہ کہنا’ میں نظر آئے تھے، اس فلم کو کرن جوہرنے ڈائریکٹ کیا تھا جبکہ فلم میں ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، پریتی زنٹا اور کیرن کھیر نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔فلم پٹھان سے بالی وڈ میں شاندار کم بیک کرنے والے شاہ رخ خان اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو مداح ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ دیکھنا چاہتے تھے تاہم اب یہ انتظار ختم ہونے جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق 17 سال بعد شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن ایک ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔مداحوں کو شاہ رخ اور امیتابھ کے ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اس وقت معلوم ہوا جب ایکس( سابقہ ٹوئٹر) پر سوال و جواب کے سیشن میں شاہ رخ نے اس نئے پراجیکٹ کے بارے میں بات کی۔