کالم

مسلک پرستی کی بیماری

انتخابی منشور۔

حقیقت یہ ہے کہ آج سے چند سالوں پہلے ہماری اپنی الگ پہچان، اپنا الگ رعب ودبدبہ، اپنی الگ شان و شوکت ، اپنی الگ بے مثال زندگی اور اپنا الگ خاص اسلامی طرہ امتیاز تھا۔کس قدر روشن اور تابناک تھا ہمارا ماضی؟ کس قدر عروج پر ہم تھے؟ کیا ہی شان وشوکت تھی؟ کیا عظمت وسطوت تھی؟ سب چلی گئی۔اب چاروں طرف اندھیرا ہی اندھیرا ، پستی ہی پستی، ناکامی ہی ناکامی، افسوس ہی افسوس، فریاد ہی فریاد۔ آخر کیا وجہ ہے کہ آج ذلت وپستی کے قعرگمنامی میں ہیں؟ وہ کون سے اسباب و عوامل ہیں جن کی وجہ سے آج ہم اس صورتحال سے دوچار ہیں مگر آج کی مادیت پرستی میں ہمارے پاس وقت کہا ںہے کہ تھوڑی دیر کےلئے رک کران اسباب پر غور و فکر کریں ہمارے پاس تو قرآن اور سنت کی شکل میں وہ ضابطہ حیات موجود ہے جس کو اپنا کر ہم دونوں جہانوں کی لازوال کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں اگر ہم ساری ملت اسلامیہ کا جائزہ لیں تو اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو ہر طرح کے وسائل سے سرفراز کررکھا رہا ہے مگر مسلکی اختلاف نے ہمیں ٹکڑوں میں تقسیم کردیا بلکہ یہ کہیں جسم مسلم کو کاٹ کاٹ کر الگ کردیا۔ ہمارا سر الگ اور دھڑ الگ ہے۔دشمنوں کے ہتھکنڈوں نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جس قدر مسلک پرستی نے دین اسلام اور قوت مسلم کوپہنچا۔ ایک دوسرے کو کافر قراردینا، ایک دوسرے مسلمان سے شادی بیاہ، لین دین اور قطع تعلق کرنا، ایک دوسرے کو نیچااور غلط ثابت کرنے کےلئے تلوارونیزے اٹھانا بلکہ کافروں سے بدتر سلوک کرناآپس میں اس قدر شدید ہے کہ یہودیت ونصرانیت کی دشمنی ماندپڑگئی۔ جب مسلمانوں میں متعدد فرقے پیدا ہوجائیں اور ہرفرقے کا مقصد اپنے خاص مسلک کی ترویج واشاعت اور دوسرے مسلک پر کیچڑ اچھالنا ، اس کی توہین کرنا ہوتو پھر مسلمانوں میں خیر و بھلائی، اتحاداتفاق، اخوت ومحبت اور عظمت وسطوت کہاں سے ہوگی؟مسلک پرستی کی بیماری نے ہماری صفوں میں دراڑ پیدا کردیا، بھائی کو بھائی سے الگ کردیا، آپس میں ایک دوسرے کو دشمن بنادیا، مسلم قوم کی عظمت کو تارتار اور رعب ودبدبہ کو پارہ پارہ کردیا اورقوت دین اسلام کو پاش پاش کرکے رکھ دیا اس حوالے سے ایک حدیث سنتے جائے ترجمہ: قریب ہے کہ دیگر قومیں تم پر ایسے ہی ٹوٹ پڑیں جیسے کھانے والے پیالوں پر ٹوٹ پڑتے ہیں، تو ایک کہنے والے نے کہا:کیا ہم اس وقت تعداد میں کم ہوں گے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:نہیں، بلکہ تم اس وقت بہت ہو گے ، لیکن تم سیلاب کی جھاگ کے مانند ہوگے، اللہ تعالیٰ تمہارے دشمن کے سینوں سے تمہارا خوف نکال دے گا، اور تمہارے دلوں میں ”وہن” ڈال دے گا، تو ایک کہنے والے نے کہا: اللہ کے رسول! وہن کیا چیز ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:یہ دنیا کی محبت اور موت کا ڈرہے، مصر،لبنان، عراق، فلسطین،لیبیااور برما وغیرہ کے حالات سے اندازہ ہوتا ہے کہ نبی ﷺ کا مذکورہ فرمان صادق آرہا ہے۔ ایسا نہیں ہیں کہ ہم کمزور ہیں یا ہماری تعداد کم ہے بلکہ ہمارے اندر دنیا کی محبت پیدا ہوگئی جس نے دین سے غافل کردیا، کثرت کے باوجود ہماری طاقت ختم ہوگئی اور ہم ریزہ ریزہ ہوگئے ۔سب سے پہلے ہمیں اپنے حالات کا گہرائی سے جائزہ لینا ہوگا اور جن کمزوریوں کی وجہ سے نقصان اٹھارہے ہیں انہیں دور کرنا ہوگاکیونکہ اللہ کا فرمان ہے ترجمہ: تمہیں جو کچھ مصیبتیں پہنچی ہیں وہ تمہارے اپنے ہاتھوں کے کرتوت کا بدلہ ہے اور وہ تو بہت سی باتوں سے درگزر فرمادیتا ہے۔اس لئے اپنے اعمال کا جائزہ لےکر غلطی کی اصلاح کرنی ہے۔ ہمارے سامنے اس کی قرآنی مثال موجودہے جب بنی اسرائیل نے دین سے تغافل برتااور زمین میں فتنہ وفساد مچایا تو اللہ تعالیٰ نے اس پر مجوسی کافروں کو مسلط کردیا جنہوں نے اس پر بیحد مظالم ڈھائے اور گھروں میں تباہی مچادی ۔ تو ہمیں بھی بنی اسرائیل کی اس مذموم صفت سے جو اس کی تباہی کا سبب بنی بچنا ہوگا اور دین اسلام سے گہرا تعلق پیدا کرنا ہوگا۔قرآن کہتا ہے کہ ترجمہ: اور آپس میں تنازع نہ کرو ورنہ بزدل ہوجا¶ گے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی اور صبر سے کام لو بے شک اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ ہم سب ایک عقیدہ بنائیں جو قرآن و حدیث کا عقیدہ ہواس میں مسلک کا، ذات کا، کسی خاص فقہ کا کوئی عمل دخل نہ ہو۔ یعنی شریعت الہیہ سے ثابت شدہ عقائد پر ایمان لائیں اور اپنے تمام تر مسائل و امور میں شریعت کی طرف ہی التفات کریں جیساکہ اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے ترجمہ: تمہارے درمیان کسی چیز میں اختلاف ہو جائے تو اسے اللہ اور اس کے رسول کی طرف لوٹا¶ اگر تمہیں اللہ تعالیٰ پر اور قیامت کے دن پر ایمان ہے۔ یہ بات ڈھکی چھپی نہیں ہے اور ظاہر ہے کہ آپ تمام حضرات کو اس کا مکمل احساس و ادراک ہے کہ اس وقت پورا عالم اسلام عموماً اور ہمارا ملک خاص طور پر دشمن کا بہت بڑا نشانہ بنا ہوا ہے،اس وقت ساری اسلام دشمن طاقتیں متحد ہیںاور اس فکر میں ہیں کہ عالم اسلام کی قوت کو کس طرح پارہ پارہ کیا جائے اور جہاں کہیں اسلام و دین کی آواز بلند ہو، اس کو خاموش کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri