کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا اپنی ذیلی ایپلی کیشن واٹس ایپ میں صارفین کے لیے دیگر پیغام رساں ایپس سے براہ راست پیغامات موصول کرنے کے فیچر پر کم کر رہی ہے۔واٹس ایپ بِیٹا انفو کی جانب سے شائع کی جانے والی ایک پوسٹ کے مطابق یہ فیچر حال ہی میں واٹس ایپ کے آئی او ایس بِیٹا ورژن میں آزمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔واٹس ایپ بِیٹا نے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں تصویر شائع کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیٹ ٹیب میں ایک نیا خانہ شامل کیا گیا ہے جو ثالث فریق سے موصول ہونے والے پیغامات کے لیے مختص ہے اور اس میں واٹس ایپ کے باہر سے آنے والی تمام چیٹس جمع ہوں گی۔بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ صارفین کے پاس اس فیچر کو استعمال کرنے کے حوالے سے اختیار حاصل ہوگا اور وہ اپنی مرضی سے کبھی بھی اس سہولت کو غیر فعال کر سکیں گے۔مزید برآں ثالث فریق ایپ سے موصول ہونے والے یا ان کو بھیجے جانے والے پیغامات اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ ہوں گے جس سے پرائیوسی کو یقینی بنایا جائے گا۔تاہم، فی الحال یہ بات واضح نہیں ہے کہ اس فیچر کی مدد سے واٹس ایپ کتنے پلیٹ فارمز سے رابطہ قائم کر سکے گا۔