نئی دہلی:کرکٹ ورلڈکپ2023 میں پاکستانی پریزینٹر زینب عباس نے بھارت چھوڑ دیا ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کی تصدیق کردی پہے۔ زینب عباس نے بھارت کیوں چھوڑنا پڑا ؟ اس کی وجوہات سامنے آ گئی ہیں ۔بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ زینب عباس کو بھارت سے ڈی پورٹ کیا گیا تاہم ان خبروں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔آئی سی سی ترجمان کے مطابق زینب عباس بھارت سے ‘ذاتی وجوہات’ کی وجہ سے گئی ہیں،انہیں ڈی پورٹ کرنے کی بات درست نہیں۔اس سے قبل پریزینٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ زینب بھارت سے دبئی پہنچ گئی ہیں۔زینب پر بھارت میں بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے حفاظتی اقدام کے طور پر بھارت چھوڑدیا، زینب نے براڈ کاسٹرز اور فیملی کے مشورے پر یہ قدم اٹھایا۔واضح رہے کہ زینب عباس کے خلاف بھارت میں ایک وکیل نے کیس کرنے کی درخواست کی تھی۔بھارتی وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے۔