آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 12 فروری کو ملک بھر کی جامعات سے آئے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب تک قوم بالخصوص نوجوان ساتھ کھڑے ہیں، جب تک ہم میں قربانی کا جذبہ موجود ہے پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی، ہمارے لیے پاکستانیت سب سے اہم ہے، ہم فتنہ الخوارج کے فسادیوں سے لڑ رہے ہیں، فسادی پہلے سرینڈر پھر رحم کی توقع کریں،اسلام کی غلط تشریح کرنے والے گمراہ کن گروہ کو کبھی ملک پر اپنی اقدار مسلط نہیں کرنے دینگے۔آرمی چیف نے قرآن پاک کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے خارجیوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے احکامات بیان کرتے ہوئے کہاکہ،، یہ اللہ اور اس کے رسول اللہ ﷺ سے جنگ کرتے ہیںاور زمین پر فساد برپا کرتے ہیں ، ان کی سزا یہ ہے کہ انہیں ختم کردو، پھانسیوں پر لٹکادو اور ان کے ہاتھ پاﺅں مخالف سمت سے کاٹ دو یا انہیں اپنی زمین سے دربدر کردو، یہ سزا دنیا میں ہے اور آخرت میں انہیں اس سے بڑا عذاب دیا جائے گا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خارجیوں کے لیے ایک گنجائش رکھی ہے کہ وہ تمہاری(مسلمانوںکی) گرفت میں آنے سے قبل تائب ہوجائیں اور سر تسلیم خم کردیں تو انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ بہت غفور رحیم ہے،فسادی ریاست کے سامنے خود کو سرنڈر کردیں تو اُن کیلئے رحم کی گنجائش موجودہے۔آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عورت چاہے ماں ہو، بیوی ہو یا بہن، کسی بھی کردار میں عورت کو سب سے زیادہ عزت اسلام نے دی ہے توآج اسے چھیننے والے تم کون ہوتے ہو؟ تمہیں یہ اختیار کس نے دیا؟ آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس قسم کے گمراہ گروہ کو ہم کبھی بھی ملک پر اپنی اقدار مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہرباشعورپاکستانی اچھی طرح سمجھتاہے کہ کسی بھی ملک کے دفاع، آزادی،خودمختاری،سا لمیت، استحکام ترقی اور خوشحالی کیلئے افواج اور عوام کاباہمی اعتماد ، اتحادو یکجہتی لازم وملزوم ہوتا ہے ۔ فوج بیرونی اوراندورنی د شمنوں سے قوم کاتحفظ یقینی بناتی ہے جس میں قوم کاساتھ اتنا ہی اہم ہے جتنا زندہ رہنے کیلئے سانس لینااورسانس لینے کی آکسیجن ضروری ہے ۔ ہماری تاریخ ایسے بے شمار واقعات سے بھری ہوئی ہے جب قوم اور افواج نے مل کر ملک و ملت کی بقا کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ پاک ،بھارت جنگوں میں پاکستانی عوام اور فوج نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور عوام نے اپنی تمام تر توانائیاں افواج کی مدد کےلئے وقف کیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی پاکستانی فوج اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔آج بھی پاکستان کے دفاع اور سا لمیت کیلئے پاکستان کے نوجوانوں ، بچوں ، بوڑھوں سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے نہ صرف ساتھ کھڑی ہے بلکہ ہرقسم کی قربانی دینے کیلئے تیارہے ،دہشتگردی کاتعلق فتنہ الخوارج کے ساتھ ہویاکسی بھی دیگردشمن کے ساتھ ہم اپنے وطن کی حفاظت کیلئے دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان کیساتھ ہیں،تمام دشمن اچھی طرح جان لیں کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میںپاکستانی قوم ہمیشہ اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قیامت تک پاک فوج اورقوم کی یکجہتی و اتحاد قائم رہےگا۔جس طرح فوج کا ہر سپاہی ، سندھی ، پنجابی،بلوچ اور پٹھان ہونے کی بجائے پاکستانیت سے محبت کرتاہے اسی طرح ہرسندھی،سندھی بعد میں ، ہر پنجابی،پنجابی بعد میں ،ہرپٹھان ،پٹھان بعد میں ، ہر بلوچی ، بلوچ بعدمیں پہلے پاکستانی ہے ۔پاکستانی قوم اورافواج کے درمیان خلیج پیداکرنے کی کوشش اورخواہش اللہ تعالیٰ کے حکم سے دشمنوں کے سینوں میں دم توڑدے گی !