پاکستان گزشتہ دودہائیوںسے دہشتگردی کیخلاف حالت جنگ میں ہے اور اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے ہمیشہ دوسروں کیلئے قربانیاں دیں ۔پاکستان کے ہمسائیہ ملک افغانستان کی ہی مثال لے لیں ۔جب افغانستان سے لُٹے پٹے افغان مہاجرین پاکستان آئے تواُنہیں انصارمدینہ کی یادتازہ کرتے ہوئے خوش آمدید کیا گیا ۔ خیبرسے کراچی تک اورگوادرسے برف پوش چوٹیوں تک پاکستانی قوم نے انہیں کبھی احساس نہیں ہونے دیاکہ وُہ کسی بیگانے دیس میں ہیں ۔حکومت پاکستان ،افواج پاکستان اور پوری پاکستانی قوم نے افغانستان کی بحالی اورافغان مہاجرین کی مہمان نوازی ، امداد سمیت انسانی ہمدردی کی کوئی کثر نہیں چھوڑی ۔ لیکن آج وہی افغانستان پاکستان کے احسانات کوفراموش اور بھول کر پاکستان کے ازلی دُشمن بھارت کی گود میں بیٹھا ہوا ہے ۔ اقوام عالم بخوبی جانتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ دُنیامیں امن وامان کیلئے اوردہشتگردی کی جنگ میں کس نے قربانیاں دیں اورکون آج بھی اقلیتوں سمیت لاکھوں کشمیریوں کاخون ناحق بہاچُکاہے اورپاکستان کے دُشمنوں اور خارجیوں کی پُشت پناہی کررہاہے۔گزشتہ روز ایک عزیزدوست جوکہ تاریخ کے معلم ہیں سے گفت وشنید ہورہی تھی تواُنہوں نے بڑی خوبصورت بات کی کہ” کبیرصاحب!وقت بدل چُکا،حالات اب کروٹ بدل چُکے ہیں اب وہ آپ کا یا میرا زمانہ نہیں رہاکہ اخبارات اور کتابوں تک محدودہو اب بات فائیوجی تک پہنچ چُکی ہے اور آج جنریشن زی بخوبی جانتی اور سمجھتی ہے ۔ پروفیسرصاحب نے ہلکی سی مُسکراہٹ سے بات کوآگے بڑھاتے ہوئے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص اورمعرکہ حق میں ایک جنگ افواج پاکستان دُشمن سے لڑرہی تھی اوردوسری جانب پاکستان کی جنریشن زی دُشمن کے جھوٹے پروپیگنڈوں کوبے نقاب کررہی تھی اورجیسے میدان جنگ میں اللہ رب العزت کی مددونصرت سے پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج نے دُشمن کوناکوں چنے چبوائے وہیں سوشل میڈیاپربھی پاکستان کی جنریشن زی نے دُشمن کی خوب درگت بنائی اوراُن کے جھوٹے بیانئے ،جھوٹی ویڈیوز ، تصاویروں کاخوب بھانڈاپھوڑا”۔پروفیسر صاحب کی بات دِل کولگی ،فخربھی ہوااورحقائق بھی یہی ہیں کہ آج اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوجس عزت سے نوازاہے پاکستان کی تاریخ میں اِس کی مثال نہیں ملتی ۔آپریشن بنیان مرصوص او رمعرکہ حق میں پاکستان کی فتح کے بعداقوام عالم پاکستان کوایک اُبھرتی ہوئی عالمی دفاعی،معاشی طاقت کے طورپردیکھ رہے ہیں اورپاکستان کے ساتھ نئے نئے معاہدے بھی کررہے ہیں ۔ حالیہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ ہویاایران کیساتھ دس ارب ڈالرکاتجارتی معاہدہ، سی پیک جیساعظیم الشان منصوبہ ہو یا تُرکیہ ، امارات ، آذربائیجان ، تُرکمانستان ، قازقستان ، بیلاروس سمیت دُنیا بھر سے تجارتی معاہدے واضح دلیل ہیں کہ پاکستان آنیوالے چند سالوں میں خطہ کامعاشی ٹائیگربھی ثابت ہوگا اوریہی بھارت سمیت چنددُشمنوں کوہضم نہیں ہورہااوروُہ آئے روزپاکستان کیخلاف نئی نئی سازشیں رچارہے ہیں۔وطن عزیزمیں آج افواج پاکستان جہاں دہشتگردی کامکمل اور ہمیشہ کیلئے سرکچل رہی ہیںتو وہیں دُشمن نے بھی دہشتگردوں کومحفوظ پناہ گاہیں دینے والے افغانستان کوپاکستان کیخلاف لاکھڑاکیا ہے اوریہ صرف اور صرف دُشمن اِس لئے کررہاہے کہ پاکستان نے جہاں دودہائیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی وہیں آج پاکستان معاشی طورپربھی ایک مضبوط قوت بننے جارہاہے۔اقوام عالم کیساتھ پاکستان کے تجارتی معاہدے دُشمن کی نیندیں حرام کررہے ہیں ۔ اِس حوالے سے گزشتہ روزقومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے بڑی جامع گفتگو کی کہ پاکستان کیلئے آج سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں جن میں عام شہری، مائیں، بہنیں، بچے، ڈاکٹر، انجینئرز، تاجر اور چاروں صوبوں کے باسی شامل ہیں۔اِس جنگ میں افواج پاکستان، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہزاروں افسر اور جوان بھی شہید ہوئے ۔ آج خوارج ،ٹی ٹی پی اورٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ ہے اوراِن دہشتگردوں کو ہمارے دشمنوں کے ذریعے ہر طرح کے وسائل پہنچ رہے ہیں لیکن انشااللہ حکومت پاکستان ،افواج پاکستان اورپوری پاکستانی قوم نے جس طرح 2018 میں دہشتگردی کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا تھااس مرتبہ بھی دہشتگردی کا مکمل سر کچلا جائے گا اور دہشتگردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کرہمیشہ ہمیشہ کیلئے بحر ہند میں ڈبو دیں گے ۔ عصرحاضرمیں پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے امن وامان وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ آج بین الاقوامی سرمایہ کاری سے جہاں پاکستان کی معیشت کے اعشاریئے مثبت سمت گامزن ہیں تووہیں نئے اہداف کیلئے بھی امن وامان کی صورتحال انتہائی ضروری ہے ۔اِس حوالے سے بحیثیت قوم حکومت پاکستان ، افواج پاکستان کیساتھ ساتھ منبرمحراب کی بھی اولین ذمہ داری ہے کہ بچے کُھچے دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انشااللہ پاکستان کے دُشمن ہمیشہ منہ کی کھائیں گے اورپاکستان کا سرسبز ہلالی پرچم تاقیامت لہلاتارہے گا۔
پُرامن ومستحکم پاکستان!

