اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ڈرامے ’حادثہ‘ کو نشر کرنے پر فوری پابندی عائد کردی۔پیمرا کی جانب سے کی ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے ڈرامے کے مواد سے متعلق بہت سی شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد ڈرامے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ڈرامے ’حادثہ‘ پر پیمرا ایکٹ کے سیکشن 27 کے تحت فوری پابندی عائد کرتے ہوئے مذکورہ معاملہ ادارے کی کمیٹی کونسل آف کمپلینٹس کو بھجوادیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کونسل آف کمپلینٹس پیمرا کے قوائد و ضوابط کے تحت ڈرامے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی تاہم تب تک ڈرامے کو نشر کرنے پر پابندی رہے گی۔’حادثہ‘ کی کہانی پاکستانی معاشرے سے مطابقت نہیں رکھتی، اس لیے اس کے نشر ہونے پر فوری پابندی عائد کی گئی۔’حادثہ‘ پر الزام ہے کہ اس کی کہانی 2020 میں لاہور کے قریب موٹروے پر اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے واقعے پر مبنی ہے جبکہ ڈرامے کے میکرز نے اس بیان کو مسترد کیا ہے۔ حادثہ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی حدیقہ کیانی کو بھی تنقید کا سامنا ہے۔