وزیراعظم عمران خان نے عالمی اسکالرز کے ساتھ مکالمے میں کہا ہے کہ بدعنوان قیادت کرپشن کو قابل قبول بنادیتی ہے جبکہ معاشرے کو کرپشن اور جنسی جرائم کا سامنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور عالمی اسکالرز کے درمیان آن لائن مکالمہ ہوا۔ مکالمے میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ممکن ہے آپ کسی سطح پر کرپشن کو ڈیل کرلیں لیکن نچلی سطح پر سرکاری افسران رشوت لیتے رہیں گے، یہاں بھی معاشرے کو مل کر کرپشن کو ناممکن بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ کرپشن پاکستان سمیت دیگر ترقی یافتہ اور مسلمان ممالک کا بھی مسئلہ ہے، معاشرے کو کرپشن اور زیادتی کے واقعات کے خلاف لڑنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ نوجوانوں اوربچوں کیلئے جس قسم کی معلومات دستیاب ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، خواتین اور بچوں میں اچانک بڑھنے والی جنسی جرائم کی ایک بڑی وجہ موبائل فونز پر موجود فحش مواد ہے۔