Site icon Daily Pakistan

گرین لینڈ برف کے نیچے چھپی عالمی جنگ

دنیا کی نظریں اس وقت ایک ایسے جزیرے پر جمی ہیں جو بظاہر برف، خاموشی اور تنہائی کی علامت ہے، مگر حقیقت میں یہی جزیرہ آنیوالے عالمی طاقت کے توازن کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ گرین لینڈ، جو ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے ، آج امریکا، یورپ، روس اور چین کے درمیان ایک نئی اسٹریٹیجک کشمکش کی علامت بن چکا ہے ۔ امریکا کی دلچسپی محض جغرافیہ تک محدود نہیں۔ گرین لینڈ آرکٹک خطے میں واقع ہونے کی وجہ سے میزائل وارننگ سسٹمز، آبدوزوں کی نگرانی اور شمالی بحرِ اوقیانوس کی سیکیورٹی کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ واشنگٹن بخوبی جانتا ہے کہ جو طاقت آرکٹک پر گرفت مضبوط کریگی، وہ مستقبل کی عالمی سیاست میں برتری حاصل کر لے گی۔ اسی لیے امریکا گرین لینڈ پر ملکیت کی نہیں بلکہ موثر اسٹریٹیجک رسائی کی بات کر رہا ہے ۔دوسری جانب یورپ، خصوصا ڈنمارک، اس معاملے میں ایک واضح سرخ لکیر کھینچ چکا ہے۔ یورپی ممالک نیٹو کے تحت دفاعی تعاون کیلئے تیار ہیں، مگر گرین لینڈ کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ان کیلئے قابلِ قبول نہیں۔یہی اختلاف امریکا اور یورپ کے درمیان سیاسی تنائو اور تجارتی معاملات کی رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔اس تصویر کا تیسرا رخ روس اور چین ہیں جو بظاہر خاموش مگر عملی طور پر متحرک ہیں۔ روس پہلے ہی آرکٹک میں اپنے فوجی اڈے مضبوط کر چکا ہے، جبکہ چین گرین لینڈ میں نایاب معدنیات، بندرگاہوں اور مستقبل کی تجارتی گزرگاہوں میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ برف کے پگھلنے سے نئی سمندری راہیں کھل رہی ہیںجو عالمی تجارت کے نقشے کو بدل سکتی ہیں ۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ گرین لینڈ کی جنگ بندوقوں سے نہیں بلکہ وسائل ، راستوں اور اثر و رسوخ سے لڑی جا رہی ہے ۔ لیتھیم، یورینیم اور نایاب دھاتیں وہ اثاثے ہیں جو آنیوالی ٹیکنالوجی اور معیشت کو چلائیں گے اور یہی وہ خزانہ ہے جس نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو اس برفانی جزیرے کی طرف متوجہ کر دیا ہے۔گرین لینڈ آج خاموش ضرور ہے، مگر اس کی خاموشی میں مستقبل کے طوفانوں کی آہٹ صاف سنائی دیتی ہے۔ ممکن ہے آنیوالے برسوں میں یہی جزیرہ ایک نئی سرد جنگ کی علامت بن جائیایسی جنگ جو برف پر نہیں، عالمی سیاست کی بنیادوں پر لڑی جائیگی ۔

Exit mobile version