Home » 2019 » March » 05

Daily Archives: March 5, 2019

سپیکر قومی اور کے پی کے اسمبلی کو نااہلی کیس میں نوٹس جاری

پشاور ہائیکورٹ نے نااہلی کیس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی کو نوٹس جاری کردیئے اور 14 روزمیں فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاورہائیکورٹ میں سپیکرقومی وصوبائی اسمبلی کی نااہلی درخواست پرسماعت ہوئی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسدقیصراورمشتاق غنی نے اختیارات کاناجائزاستعمال کیا،عدالت سے استدعاہے کہ دونوں کو نااہل قراردیاجائے۔

عدالت نے سپیکراسدقیصراورمشتاق غنی کونوٹس جاری کر دیئے،عدالت نے سیکرٹری،ڈپٹی سیکرٹری سمیت 2 ایم پی ایزکوبھی نوٹس کردیئے اور14 روزمیں فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے، مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہاہے کہ انکی اورنواز شریف کے ذاتی معالج کی آج کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو انجائنا کا درد ہوا اور انہوں نے جیل حکام سے نائٹریٹ سپرے مانگا۔ نواز شریف نے بتایا کہ انہیں ایک ہفتے میں 4 بار انجائنا کا درد ہوا ہے۔

مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ نوا زشریف کوہسپتال میں رکھنے کے باوجود انہیں کوئی علاج فراہم نہیں کیا گیا۔ مریم نواز نے لکھا ”نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ ایک بہانے کے طور پر ہسپتال میں نہیں رہنا چاہتے۔“

اپنے پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کے ساتھ حکومت کا سلوک پریشان کن ہے ، مجھے اور خاندان کو نواز شریف کی صحت کو درپیش خطرات پر تشویش ہے۔

سابق وزیراعظم پاکستان کی صاحبزادی مریم نواز نے لکھا کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے۔نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا۔

یاد رہے گزشتہ دنوں نواز شریف کو صحت کی خرابی پر کوٹ لکھپت جیل سے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے انجیو گرافی نہ کرانے کا سارا ملبہ حکومت پر ڈال دیا تھا۔

ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کی تمام ممالک کو بھارت سے تعلقات ختم کرنے کی ہدایت

پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا نہ دینے پر ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن نے تمام ممالک کو بھارت سے تعلقات ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کو خط لکھا گیا ہے جس میں انہیں بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے ساتھ ہر قسم کی بات چیت سے روک دیا گیا ہے۔ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جب تک بھارت کی حکومت تمام ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی تحریری ضمانت نہیں دیتی، اس وقت تک بھارت کی ریسلنگ باڈی سے تمام روابط ختم کردیئے جائیں۔

ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے احکامات کی روشنی میں عملی طور پر ایسا کرنے والی پہلی انٹرنیشنل باڈی بنی ہے۔ آئی او سی نے شوٹنگ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر چند روز پہلے احکامات جاری کیے تھے۔بھارت کو کھیلوں میں تنہا کرنے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن کی کوششوں کا اہم کردار ہے۔

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار نے ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے اس خط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں متعدد مواقع پر پاکستانی ریسلرز کو بروقت ویزے نہ دے کر ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا گیا تھا۔

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت لیا

ابوظہبی   پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں 5 کھلاڑیوں کو تبدیل کیا ہے۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک 8 میں سے 5 میچز چیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ لاہور کی ٹیم ایونٹ میں گزشتہ سیزن کے مقابلے میں قدرے بہتر کارکردگی پیش کرتے نظر آئی اور 7 میچز میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے۔

رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں اب تک 3 مرتبہ مدمقابل ہو چکی ہیں اور ہر مرتبہ فتح پشاور زلمی کا مقدر ہی ٹھہری البتہ لاہور قلندرز آج کے میچ میں فتح حاصل کرنے کا بھرپور عزم رکھتی ہے۔ پشاور زلمی نے ہی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل سیزن 4 میں اب تک کے کم ترین سکور پر بھی آﺅٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ آج کا دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہو گا۔

سپریم کورٹ میں خواتین کوہراساں کرنے سے متعلق قوانین کی تشریح کے معاملے پرسماعت

اسلام آباد سپریم کورٹ آف پاکستان میں خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق قوانین کی تشریح کے معاملے پرسماعت ہوئی،جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی ۔گزشتہ سماعت پرعدالت نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے جواب مانگاتھا ۔وفاقی محتسب کشمالہ برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق بھی پیش ہوئیں۔

دوران سماعت کشمالہ طارق نے کہا کہ سب سے بڑامسئلہ عدالتوں کے حکم امتناع ہیں۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم پاس کرنے میں توآپ بھی شامل تھیں،اٹھارویں ترمیم میں فیئرٹرائل کاحق دیا گیا۔

کشمالہ طارق نے کہا کہ میں نے اٹھارویں ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں ڈالا،عدالت سے استدعا ہے کہ خواتین کے قومی دن 8 مارچ سے پہلے فیصلہ کردیں۔جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ سب سے اہم معاملہ دائرہ اختیارکا تعین ہے۔

عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پربحث کے بعداسی دن سن کرفیصلہ کریں گے،صوبوں نے بھی ابھی تک جواب جمع نہیں کرایا۔

ایل این جی سکینڈل،نیب نے شیخ رشید کو بطور شکایت کنندہ دوبارہ طلب کرلیا

راولپنڈی  قومی احتساب بیورو(نیب)نے ایل این جی سکینڈل میں وزیر ریلوے شیخ رشید کو بطور شکایت کنندہ طلب کر لیا اور وزیر ریلوے کو تمام ثبوت ساتھ لانے کی ہدایت کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو ایل این جی سکینڈل میں دوبارہ طلب کر لیا،وفاقی وزیرشیخ رشید کو 15 مارچ کونیب راولپنڈی طلب میں طلب کیا گیا ہے ۔نیب نے شیخ رشیدکوتمام ثبوت لانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے شیخ رشید کو 27 مارچ کو طلب کیا تھالیکن وزیر ریلوے نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے،ان کا کہناتھا کہ نیب نے دوبارہ طلب کیا تو ثبوت سمیت پیش ہوں گا۔

آبدوز کا سراغ لگانے کے طریقے کون سے ہیں اور پاکستان نے بھارتی آبدوز کا پتہ کیسے لگایا ہو گا؟ ریٹائرڈ کموڈور ظفر اقبال نے انتہائی دلچسپ بات بتا دی، جان کر آپ بھی فخر محسوس کریں گے

لاہور  پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے پاکستانی پانیوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنا کر اسے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی یہ ناکامی پاک بحریہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیں گے۔

ریٹائرڈ کموڈور ظفر اقبال نے اس حوالے سے نجی خبر رساں ادارے کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبدوزوں کو عموماً امن کے دوران شاذ و نادر ہی کہیں تعینات کیا جاتا ہے البتہ کشیدگی کے حالات میں انہیں مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے اور ضرورت پڑنے پر کسی مشن میں حصہ لینے کی غرض سے تعینات کیا جاتا ہے۔ لیکن پاک بحریہ اپنی پوری سمندری حدود کو نظر میں رکھے ہوتی ہے اور یہ سلسلہ ایک لمحے کے تعطل کے بغیر 24 گھنٹے جاری رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اپنی سمندری حدود کی حفاظت کرنے کی مکمل قابلیت موجود ہے، اس لئے ہی جب بھارتی آبدوزوں نے پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ان کا سراغ لگا کر واپس جانے پر مجبور کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آبدوزوں کا سراغ لگانا انتہائی مشکل کام ہے کیونکہ کنوینشنل آبدوز انتہائی خاموشی سے سفر کرتی ہے جس کی وجہ سے انہیں ”ویپن آف سٹیلتھ“ بھی کہا جاتا ہے اور اس کا سراغ لگانے کیلئے آوازوں کا سہارا لیا جاتا ہے۔

اس مقصد کیلئے طیارہ فضا سے ”سونو بوائز“ ڈراپ کرتا ہے، جس کے ذریعے سمندری آواز کو سنا جاتا ہے۔ ہر آبدوز کی اپنی مشینری کی وجہ سے مخصوص آواز ہوتی ہے جبکہ بھارت کے پاس موجود آبدوزوں پر ”اینا کوائک“ کوٹنگ ہے جس کی وجہ سے آواز خاصی کم ہوجاتی ہے اور اس کا پتہ چلانا مزید مشکل ہو جاتا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کے سونو بوائز، افسران اور سیلرز اتنی مہارت رکھتے ہیں کہ اس معمولی آواز کو سن کر جان لیتے ہیں کہ یہاں آبدوز موجود ہے۔

ریٹائرڈ کموڈور ظفر اقبال نے بتایا کہ آبدوز کا پتا لگانے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ جب اسے اپنے انجن چارج کرنے کیلئے ہوا درکار ہوتی ہے تو وہ سمندر کی سطح پر اوپر آتی ہے اور معمولی سا پائپ نکال کر ہوا حاصل کرتی ہے جس سے ڈیزل انجن چلتے ہیں چنانچہ انجن چلنے کی آواز سے بھی اس کا سراغ لگایا جانا ممکن ہے۔

اس کے علاوہ آبدوز کی موجودگی معلوم کرنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ ریڈار پر نکلے ہوئے چھوٹے سے پائپ یا انفرا ریڈ سینسر سے اس کو شناخت کیا جاتا ہے جبکہ پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو کو دیکھیں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سنارکل کرتے ہوئے انفراریڈ کیمرے کی مدد سے اس کا سراغ لگایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پانیوں میں آبدوز کے آنے مطلب ہے کہ وہ انٹیلی جنس معلومات حاصل کررہے تھے تاہم وہ حملہ بھی کرسکتے تھے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے آبدوز یہ پتہ لگانے کیلئے بھیجی کہ پاکستان اس کا سراغ لگا سکتا ہے یا نہیں۔ پاکستان کی خصوصی اقتصادی حدود200ناٹیکل میل ہے جبکہ ساحل سے 12 میل تک ریاستی پانی ہوتا ہے جس کے اندر کسی کو داخل ہونے کی قطعی اجازت نہیں ہوتی جس کے بعد 12 سے 25 میل تک ملحقہ علاقہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن کے دوران اس ملحقہ حدود سے گزرتے ہوئے مطلع کرنا پڑتا ہے لیکن کشیدگی کے وقت اس طرح بغیر بتائے بھارتی آبدوز کے داخل ہونے کی کوشش کا مطلب ہے کہ ان کا ارادہ درست نہیں اور اس صورت میں انہیں نشانہ بنایا جاسکتا ہے

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات

نئی دہلی  بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات ہیں ، کئی انٹرنیٹ صارفین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کیں۔ لیکن تاحال کسی ہیکر گروپ نے پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوام کو صبر سے کام لینے کی تلقین کی۔ مبینہ طور پر ہیکرز نے بی جے پی کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر لگائی اور ساتھ میں ’بوہیمین ریپسوڈی‘ کا گانا بھی لگایا۔ ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا کہ نریندر مودی نے عوام کو پاگل بنایا ہے اور ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے۔جس کے بعد ویب سائٹ بند کر دی گئی۔

ویب سائٹ انتظامیہ کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ویب سائٹ بند ہے ، آئی ٹی ماہرین خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی ویب سائٹ دوبارہ بحال ہو جائے گی۔ انتظامیہ نے ویب سائٹ ہیک ہونے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔ بھارتی میڈیا نے حکمران جماعت کی ویب سائٹ ہیک ہونے پر پاکستانی ہیکرز پر شک ظاہر کیا اور کہا کہ حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران کئی پاکستانی ہیکرز نے بھارتی ویب سائٹس ہیک کی تھیں۔

تاہم حکمران جماعت کی ویب سائٹ ہیک کرنے والے گروہ سے متعلق کوئی معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور کہا کہ جن سے ایک ویب سائٹ نہیں سنبھالی جاتی وہ ملک سنبھالنے چلے ہیں۔

Google Analytics Alternative