Home » 2019 » March » 12 (page 3)

Daily Archives: March 12, 2019

ایک ماہ میں مہنگائی کا 5 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، دی اکانومسٹ

دی اکانومسٹ کی اکانومک انٹیلیجنس جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2019 کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

دی اکانومسٹ نے اکانومک انٹیلی جنس یونٹ کی جائزہ رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں 2019 کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوا، روپے کی قدر میں کمی مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ ہے اور مکانات کے کرایوں، پانی و بجلی گیس کے نرخوں میں اضافے نے بھی مہنگائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق ہاؤسنگ، پانی بجلی گیس کے نرخ میں سال بہ سال 11.6 فیصد اضافہ ہوا، غذائی اشیاء کی قیمتوں میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا، فروری کے مہینے میں افراط زر کی شرح 56 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جب کہ زرعی پیداوار میں کمی بھی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمت میں اضافہ کا سبب بنے گی۔

کالعدم تنظیموں سے متعلق ایف اے ٹی ایف کے اعتراضات دور کردیے، اسد عمر

 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں سے متعلق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اعتراضات دور کردیے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کی ایف اے ٹی ایف میں شرکت کا مخالف ہے، کیونکہ بھارت نے پاکستان کے خلاف سخت بیانات دیے ہیں اور ایف اے ٹی ایف کو سیاسی طور پر بھی استعمال کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کو پاکستان پر سب سے بڑا اعتراض کالعدم تنظیموں کو ہائی رسک قرار نہ دینا تھا، لیکن یہ تقاضا ہم نے گزشتہ ہفتے پورا کردیا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم نے کالعدم تنظیموں کے خلاف نئے اقدامات اٹھائے ہیں اور انہیں پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیدیا ہے، اب امکانات پیدا ہوگئے ہیں کہ ستمبر میں پاکستان کو کلیئر قرار دیدیا جائے۔

گزشتہ روز پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ  کے بھارتی سربراہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے ایف اے ٹی ایف کے سربراہ کو خط میں کہا ہے کہ  ایشیا پیسیفک گروپ کے سربراہ بھارتی اور پاکستان سے متعلق متعصب ہیں، لہذا انہیں عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ ایف اے ٹی ایف کا پاکستان سے متعلق جائزہ عمل شفاف، غیر جانبدار اور بامقصد ہوسکے۔

پاکستان کو جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا اور پاکستان چاہتا ہے کہ اس کا نام گرے لسٹ سے ہٹا دیا جائے کیونکہ اس فہرست میں شمولیت سے بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی میں مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان سے دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت ختم کرنے کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کیا ہے۔

پلوامہ حملے کے ایک اور ماسٹر مائنڈ کی ہلاکت کا دعویٰ، بھارت کی قلابازی

سری نگر: بھارتی فوج نے اپنے پہلے دعویٰ پر یوٹرن لیتے ہوئے پلوامہ حملے کے ایک اور ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں سرچ آپریشن کے دوران پلوامہ حملے کے ماسٹر مائنڈ مدثر احمد خان المعروف محمد بھائی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ قبل ازیں بھارتی فوج پلوامہ حملے کا ماسٹر مائنڈ عبدالرشید غازی نامی شخص کو بتا کر اُس کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کرچکی ہے۔

بھارتی فوج کے حالیہ دعویٰ سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکمراں جماعت بی جے پی اور وزیراعظم نریندرا مودی کی طرح بھارت کی فوج بھی یوٹرن لینے میں ثانی نہیں رکھتی۔ بھارتی فوج نے پلوامہ حملے کے ’نئے ماسٹر مائنڈ‘ کی اپنے 3 ساتھیوں سمیت مقابلے کے بعد ہلاکت کے دعوے نے ایک بار پھر دنیا کو ہنسنے کا موقع دے دیا ہے۔

بھارتی فوج نے اچانک نمودار ہونے والے پلوامہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کے بارے میں بتایا کہ مدثر احمد خان المعروف محمد بھائی 23 سالہ نوجوان ہے جو پیشے کے لحاظ سے الیکٹریشن ہے اور حریت پسند جماعتوں کے لیے زیر زمین رہتے ہوئے نور محمد تانترے کے لیے کام کرتا تھا۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ 2017 میں مسلح جدوجہد کا حصہ بننے والے مدثر احمد خان نے اپنے استاد نور محمد تانترے کی مقابلے میں ہلاکت کے بعد پلوامہ حملے کا منصوبہ بنایا جس کے لیے ماروتی کار کا انتظام کیا اور اس میں بارودی مواد بھی نصب کیا۔ مدثر اور پلوامہ حملے کے خودکش  بمبار عادل ڈار کے درمیان مستقل رابطہ رہتا تھا۔

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 29ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز کے کپتان فخر زمان اور رکی ویسل نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 27 رنز کی شراکت قائم کی تو ویسل نے ہمت ہار گئے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ایونٹ کے اپنے آخری میچ میں بھی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن مایوس کن دکھائی دی، سہیل اختر 5، حارث سہیل 7، ڈیوڈ ویسے 30،گنارتنے 12 اور کپتان فخر زمان 53 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عباس نے 3، شاہد آفریدی نے 2، محمد الیاس اور کرس گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عمر صدیق اور جیمز ونس نے کیا لیکن اوپنر اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور عمر صدیق 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جیمز ونس بھی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد شان مسعود اور جانسن چارلس نے وکٹ کے چاروں اطراف اسٹروک شارٹس کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

شان مسعود 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جانسن چارلس نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویسے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے، اس لیے اس میچ کے نتیجے سے پوائنٹس ٹیبل پر کوالیفائر ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

آج کھیلا جانے والا دوسرا میچ شام 7 بجے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا، یہ میچ دونوں ہی ٹیموں کے لیے خاصا اہمیت کا حامل ہے۔

پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

اگر کراچی کنگز میچ جیتنے میں کامیاب رہی تو دوسری پوزیشن کے لیے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا رن ریٹ دیکھا جائے گا اور پشاور زلمی کی کامیابی کی صورت میں وہ پہلی پوزیشن کی امیدوار بن جائے گی۔

اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

روس: انٹرنیٹ پر پابندیوں کے خلاف ہزاروں افراد کا مظاہرہ

ماسکو: روس میں ہزاروں افراد نے انٹرنیٹ پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کی پالیسی کے خلاف مظاہرہ کیا جن کے بارے میں خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ مکمل سینسر شپ کا روپ دھار کر ملک کو دنیا سے منقطع کردیں گی۔

پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں سائبر سیکیورٹی کے سلسلے میں روسی انٹرنیٹ ٹریفک کو غیر ملکی سرورز تک موڑنے سے روکنے کے لیے بل پیش کرنے کے بعد ماسکو میں بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مذکورہ اقدام کو ناقدین نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے آن لائن مواد کو کنٹرول کی تازہ کوشش قرار دیا جس کے بارے میں کچھ افراد نے ملک کے نیٹ ورکس کو شمالی کوریا کی طرح مکمل تنہائی میں جانے کا خطرہ ظاہر کیا۔

اس حوالے سے کچھ رضاکاروں کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور میڈیا کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں اور موسیقی سے وابستہ افراد کی بات سننے کے لیے 15 ہزار سے زائد افراد اکٹھا ہوئے، واضح رہے کہ موسیقاروں نے بھی حالیہ مہینوں میں حکومتی دباؤ کی شکایات کی ہیں۔

اس بارے میں انٹرنیٹ کی آزادی کے لیے کام کرنے والے سائبیریا کے ایک کارکن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادی محدود کررہی ہے جس میں انٹرنیٹ کی آزادی بھی شامل ہے میں یہ آپ کو اس لیے بتاسکتا ہوں کیوں کہ میں ایک ٹوئٹ کرنے کے جرم میں ایک ماہ تک جیل میں رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے متعدد افراد کو بغیر کسی وجہ کے گرفتار کیا، ایک رپورٹر نے دیکھا کہ ریلی میں داخل ہونے والے ایک شخص کو ہاتھوں اور پاؤں سے کھینچ کر لے جایا جارہا ہے۔

اس بارے میں ٹیلی گرام کی معروف میسیجنگ ایپلکیشن، جسے روسی حکام متعدد مرتبہ بلاک کرنے کی کوشش کرچکے ہیں، نے اپنے صارفین سے ریلی میں شرکت کرنے کی درخواست کی تھی۔

مذکورہ ایپلکیشن کے آفیشل اکاؤنٹ پر روسی زبان میں لکھے گئے ایک پیغام میں کہا گیا تھا کہ ’بل کا مقصد روس کو باقی دنیا سے منقطع کرنا ہے، جس کے بعد وہ غیر ملکی سماجی نیٹ ورکس اور میسنجرز کو بلاک کرسکتے ہیں، یہ بل ایک مکمل سینسر شپ ہے۔

کونسی پاکستانی اداکارہ انسٹاگرام پر زیادہ فعال؟

کراچی: سوشل میڈیا موجودہ دور میں ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے کا سب سے طاقتور میڈیم ہے جس کے ذریعےنا صرف پرستار اپنے پسندیدہ اسٹارز سے متعلق ہر بات سے با خبررہتے ہیں بلکہ شوبز اسٹارز بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے چاہنے والوں سےبراہ راست رابطے میں رہتے ہیں۔

سوشل میڈیا کی دنیا میں فیس بک اور ٹوئٹر کی اپنی اہمیت ہے لیکن تصاویر شیئر کرنے والی ایپ ’’انسٹاگرام‘‘ نے اس فیلڈ میں جس تیزی سے اپنی جگہ بنائی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انسٹاگرام کے ذریعے عام افراد کے ساتھ شوبز اسٹارز بھی تصاویر اور مختصر دورانیے کی ویڈیوز شیئر کرکے لوگوں کو اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں سے آگاہ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی طرح انسٹاگرام پر بھی پاکستانی اداکاراؤں کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

ماہرہ خان

نامور پاکستانی اداکارہ  ماہرہ خان جہاں ٹوئٹر پر 17 لاکھ سے زائد فالوورز کے ساتھ اپنی ہم وطن اداکاراؤں کے مقابلے سب سے آگے ہیں، وہیں انسٹاگرام پر بھی انہیں فالو کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ انسٹاگرام پر ماہرہ خان کو 3.9 ملین(تقریباً 39 لاکھ) لوگ فالو کرتے ہیں۔

ماورا حسین

ماہرہ خان کے بعد پاکستان کی جو اداکارہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ مقبول ہیں وہ اداکارہ ماورا حسین ہیں جن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 3.7 ملین (تقریباً 37 لاکھ)ہے۔

سجل علی

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سجل علی بھی انسٹاگرام پر بہت زیادہ فعال ہیں ان کے چاہنے والوں کی تعداد انسٹاگرام پر 2.8 ملین (28 لاکھ سے زائد)ہے۔

عروہ حسین

ماورا حسین کی بہن اداکارہ عروہ حسین بھی انسٹاگرام پر بہت زیادہ فعال رہتی ہیں ان کے فالوورز کی تعداد2.5 ملین(25 لاکھ سے زائد) ہے۔

مومنہ مستحسن

اپنے دلکش حسن اوردلفریب آواز کے باعث لوگوں کو دیوانہ بنانے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن کے فالوورز کی تعداد انسٹاگرام پر 2.4 ملین (24 لاکھ سے زائد)ہے۔

مہوش حیات

پاکستان کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات اکثر اپنے خیالات کا اظہار انسٹاگرام پر مختصر ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعےکرتی ہیں اور ان کی رائے کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے بہت اہمیت دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے انہیں 2.2 ملین 22 لاکھ سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں۔

نیلم منیر

پاکستان کی خوبرو اداکارہ نیلم منیر بھی انسٹاگرام پر بہت زیادہ سرگرم ہیں انہیں 2 ملین تقریباً 20 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں۔

صبا قمر

پاکستان کی باصلاحیت اور خوبصورت اداکارہ صبا قمر بھی انسٹاگرام پر بہت زیادہ فعال ہیں اور اپنی تصاویر کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو اپنی روزمرہ سرگرمیوں سے باخبر رکھتی ہیں انسٹاگرام پر صبا قمر کے چاہنے والوں کی تعداد1.7 ملین تقریباً 17 لاکھ سے زائد ہے۔

ارمینا خان

فلم’’جاناں‘‘اور’’بن روئے‘‘کے ذریعے اپنی پہچان بنانے والی خوبرو اداکارہ ارمینا خان ٹوئٹرکی طرح  انسٹاگرام پر بھی بہت زیادہ  فعال ہیں اور انہیں 1.4 ملین (14 لاکھ سے زائد)لوگ فالو کرتے ہیں۔

صنم بلوچ

پاکستان ٹی وی کی نامور اداکارہ اورمیزبان صنم بلوچ بھی انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں ان کے انسٹاگرام پر 1.2 ملین (12 لاکھ سے زائد)فالوورز ہیں۔

وینا ملک

پاکستانی اداکارہ اور میزبان وینا ملک کے فالوورز کی تعداد انسٹاگرام پر 67 ہزار سے زائد ہے۔ وینا ملک انسٹاگرام کے مقابلے ٹوئٹر پر زیادہ سرگرم رہتی ہیں۔

اداکارہ میرا

پاکستان فلم انڈسٹری کی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا بھی انسٹاگرام پر بہت زیادہ سرگرم رہتی ہیں انہیں تقریباً 61 ہزار سے زیادہ لوگ فالو کرتے ہیں۔

ڈیرن سیمی بھی پاکستان میں ’کلین اینڈ گرین‘ مہم کا حصہ بن گئے

پشاور زلمی اور ویسٹ انڈیز کے چیمپیئن کپتان ڈیرن سیمی بھی ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘ مہم کا حصہ بن گئے، گورنر ہاؤس میں ٹیم کے چیئرمین کے ہمراہ پودا بھی لگایا۔

پشاور زلمی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کپتان ڈیرن سیمی کے ہمراہ گورنر ہاؤس سندھ کا دورہ کیا اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے ملاقات کی۔

ڈیرن سیمی نے گورنر ہاؤس میں پودا لگایا — فوٹو: پشاور زلمی
ڈیرن سیمی نے گورنر ہاؤس میں پودا لگایا — فوٹو: پشاور زلمی

گورنر عمران اسمٰعیل کی دعوت پر کیے جانے والے اس دورے کو ڈیرن سیمی نے اپنے لیے باعث فخر قرار دیا۔

ڈیرن سیمی اور جاوید آفریدی نے گورنر ہاؤس میں پودا لگا کر وزیراعظم کے 10 ملین ٹری سونامی مہم میں زلمی فیملی کی جانب سے حصہ ڈالا۔

آج مجھے اپنا بچپن یاد آگیا، ڈیرن سیمی — فوٹو: پشاور زلمی
آج مجھے اپنا بچپن یاد آگیا، ڈیرن سیمی — فوٹو: پشاور زلمی

اس موقع پر ڈیرن سیمی نے اپنے ماضی کی یاد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں اپنا بچپن یاد آگیا جب وہ اپنے والدین کے ساتھ کاشتکاری کیا کرتے تھے۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں ہر شخص سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ماحول کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ہریالی کی حفاظت کی جاسکے۔

نیشنل اسٹیڈیم آکر پشاور زلمی کو سپورٹ کریں، ڈیرن سیمی کی اپیل — فوٹو: پشاور زلمی
نیشنل اسٹیڈیم آکر پشاور زلمی کو سپورٹ کریں، ڈیرن سیمی کی اپیل — فوٹو: پشاور زلمی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے گروپ اسٹیج کے آخری میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کے لیے پرجوش ہے۔

ڈیرن سیمی نے کراچی کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ نیشنل اسٹیڈیم آکر پشاور زلمی کو بھی سپورٹ کریں۔

ڈیرن سیمی گورنر سندھ کی دعوت پر گورنر ہاؤس پہنچے — فوٹو: پشاور زلمی
ڈیرن سیمی گورنر سندھ کی دعوت پر گورنر ہاؤس پہنچے — فوٹو: پشاور زلمی

چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے دعوت دینے پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا شکریہ ادا کیا اور شاندار سیکیورٹی انتظامات کو بھی سراہا۔

جاوید آفریدی سیکیورٹی سے متاثر ہوئے — فوٹو: پشاور زلمی
جاوید آفریدی سیکیورٹی سے متاثر ہوئے — فوٹو: پشاور زلمی

’فیس بک پولیو ویکسینیشن کے مخالفین سے لڑنے کو تیار‘

اسلام آباد: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے پاکستان میں ویکسین مخالف ویڈیوز کی رسائی کو محدود کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

وزیر اعظم کے ترجمان برائے پولیو بابر بن عطا نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت چاہتی تھی کہ ویکسینیشن کو مسلمانوں کے خلاف سازش بتانے والی ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈرو ادھانوم اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس کو اعتماد میں لے لیا ہے اور ایسی ویڈیوز کو فیس بک اور یوٹیوب سے مکمل طور پر خاتمے کے لیے ہم اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیوں کو شامل کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں گزشتہ ماہ خسرہ کے پھیلنے کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ویکسین مخالف ویڈیوز کی وجہ سے کئی افراد نے اپنے بچوں کو ویکسین نہیں دی تھی۔

امریکا کے محکمہ صحت نے اس کے بعد فیصلہ کیا کہ ’اینٹی ویکسر‘ کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔

واضح رہے کہ اینٹی ویکسر وہ ہوتے ہیں جو ویکسینیشن کے مخالفین ہوں، عمومی طور پر وہ والدین جو اپنے بچوں کو ادویات پلانا نہ چاہتے ہوں۔

ترجمان برائے پولیو کا کہنا تھا کہ ’اس پیش رفت سے ہمیں ایک موقع ملا ہے کیونکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بڑی تعداد میں ویڈیوز پھیل رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ویکسین حرام ہیں اور انہیں مسلمانوں کے خلاف سازش کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی ویڈیوز کو سماجی رابطے کی ویب سائٹس سے ہٹانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ کے ہمراہ گزشتہ ہفتے اجلاس کے دوران میں نے اس مسئلے پر پی ٹی اے کا تعاون بھی طلب کیا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سماجی ذمہ داری کے طور پر تمام موبائیل فون کمپنیاں اپنے صارفین کو یہ پیغام بھیجیں گی کہ پولیو کے قطرے کیوں پینے ضروری ہیں اور بچوں کو اس وبا سے بچانے کا یہی واحد حل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ٹول فری نمبر پر تقریباً 50 ماہرین پولیو ویکسین کے حوالے سے سوالات کا جواب دینے کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ عوام ہر مہم میں باقی رہ جانے والے بچوں کی اطلاع بھی دے سکیں گے اور پولیو پروگرام والے ان کالز کے چارجز ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی ٹی اے کے چیئرمین سے ویکسین مخالف سوشل میڈیا مہمات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

بابر بن عطاء کا کہنا تھا کہ ’فیس بک نے پی ٹی اے کو بتایا ہے کہ وہ ویڈیوز کو ڈیلیٹ نہیں کرسکتے تاہم انہوں نے پاکستان میں ایسی ویڈیوز کی رسائی کو محدود کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاہم ہم نے ان سے ویڈیوز کو ہٹانے پر زور دیا ہے کیونکہ ان ویڈیوز اور پیغامات سے نئی نسل کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے‘۔

پاکستان دنیا کے واحد 3 ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو وبا بچوں کو مفلوج بنا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پولیو کیسز کی تعداد دو دہائیوں میں کئی ہزاروں میں تھی تاہم گزشتہ ایک دہائی میں اس کے خلاف مہمات سے کیسز کی تعداد کم ہوئی جس کے بعد 2016 میں صرف 20 کیسز سامنے آئے اور 2017 میں کیسز کی تعداد صرف 8 تھی۔

تاہم گزشتہ سال ایک درجن بچوں میں اس موزی وبا کی تشخیص ہوئی تھی اور رواں سال کے پہلے حصے میں 4 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

Google Analytics Alternative