Home » 2019 » March » 24

Daily Archives: March 24, 2019

شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں تقسیم ایوارڈز کی تقریب

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک اور قوم کے لیے اہم خدمات سرانجام دینے والی 128 سول اور 18 غیرملکی شخصیات کو ملٹری اور سول ایوارڈز سے نوازا۔

ریڈیو پاکستان میں شائع رپورٹ کے مطابق کرائسٹ چرچ دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانی نعیم رشید کو بھی ہمت اورحوصلے پرقومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی مساجد پر سفید فام دہشت گرد کے حملے میں نعیم رشید نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تھی اور اس دوران جام شہادت نوش کیا۔

اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے والے اپنے شعبوں کے ماہرین اور اس اعزاز کے صحیح معنوں میں حقدار ہیں۔

فوجی کیٹیگری میں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بصالت کے اعزازات دیئے گئے۔

سول کیٹیگری میں نشان امتیاز، ہلال قائد اعظم، ہلال امتیاز، ستارہ پاکستان، ستارہ شجاعت، ستارہ امتیاز، صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، ستارہ قائد اعظم، تمغہ شجاعت اورتمغہ امتیاز شامل ہیں۔

سول ایوارڈ حاصل کرنے والے نمایاں افراد میں سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وسیم اکرم، سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس، کرکٹر یاسر شاہ، گلوکار عطاءاللہ خان عیسیٰ خیلوی اور سجاد علی، فلم اداکار بابرہ شریف، ریما خان، مہوش حیات، شبیر جان اور افتخار ٹھاکر، نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ، ٹی وی اینکر ارشد شریف اور تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی شامل ہیں۔

سول ایوارڈ حاصل کرنے والے افراد کی مکمل فہرست مندرجہ ذیل ہے۔

ہلال پاکستان: سیشیرو ایتو (جاپان)، شو شاؤشی (چین) اور اسمٰعیل کاہرامن (ترکی)۔

ہلال امتیاز: زبیر ایوب بیگ (پنجاب)، غلام اصغر (اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات (پنجاب)، وسیم اکرم (پنجاب)، وقار یونس (پنجاب)، پروفیسر رجب اکدا (ترکی)، ڈاکٹر مائیکل جینسن (جرمنی) اور پروفیسر عبدالباری خان (سندھ)۔

ہلال قائد اعظم: کونگ ژوانیو (چین)، وانگ ژیاتاؤ (چین) اور ہو ژیاؤلیان (چین)۔

ستارہ پاکستان: وجیہہ حارث (رومانیہ)، محمد الیاس خان (آزاد جموں و کشمیر)، لونگ یوژیانگ (چین) اور لن یی (چین)۔

ستارہ شجاعت: محمد ادریس شہید، شہید نواب زادہ میر سراج رئیسانی (بلوچستان)، اسد علی (سندھ) معراج احمد عمرانی شہید (بلوچستان)۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان پر 141 شخصیات کو سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا

ستارہ امتیاز: محمد ارشد (پنجاب)، ڈاکٹر امتیاز احمد (سندھ)، ڈاکٹر سید کامران مجیس، ڈاکٹر محمد ظفر الزمان (پنجاب)، لیفٹننٹ کرنل (ر) منظور احمد (پنجاب)، پروفیسر ڈاکٹر شاہد عبدالسمیع، ڈاکٹر پرویز اے چوہدری، پروفیسر (ر) محمد لطیف چوہدری، ڈاکٹر عنایت اللہ، کلیم اللہ لاشاری (سندھ)، محمد احمد شاہ (سندھ)، سجاد علی (سندھ)، منیر حسین (مرحوم) (پنجاب)، بابرہ شریف (پنجاب)، کامل خان ممتاز (پنجاب)، عطاءاللہ خان عیسیٰ خیلوی، پروفیسر صاحب زادہ حمیداللہ، یاسر شاہ (کے پی)، شمیم احمد شیخ (کینیڈا)، ڈاکٹر آصف محمد رحمٰن (امریکا)، ڈاکٹر ظیاء الحسن، اسٹیون جے بوریان (امریکا)، ڈاکٹر جیمز اے تیبے (امریکا)، لو رونگھوائی (چین)، خواجہ مسعود اختر، سید ابو احمد عاکف (سندھ)، پیر محمد دیوان (سندھ)، محمد بشیر فاروقی (سندھ)، سمر علی خان (سندھ)، اقبال علی لاکھانی، عقیل کریم ڈھیڈھی (سندھ)، یونس تبا، صائمہ شہباز ملک اور نیلوفر سعید (سندھ)۔

تمغائے حسن کارکردگی: حامد محمود (پنجاب)، محمد سعید الرحمٰن (پنجاب)، محمد شاہد سلیم (پنجاب)، ارشد علی (پنجاب)، ڈاکٹر سلمہ خانم (پنجاب)، وقار اختر (کے پی)، رضا الہیٰ (کے پی)، وقار الزمان (کے پی)، محمد حسن (سندھ)، انجینیئر ڈاکٹر ناصر محمود خان (پنجاب)، پروفیسر ڈاکٹر سروش ہشمت لودھی (سندھ)، پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید (پنجاب)، محمد شبیر جان (سندھ)، افتخار احمد ٹھاکر (پنجاب)، عشرت فاطمہ (اسلام آباد)، سیانی خاتون (سندھ)، بشیر احمد (پنجاب)، ریما خان (پنجاب)، ناصر ادیب، تاج بلوچ (سندھ)، صوفیا یزدانی، محمد ارشد شریف (پنجاب)، محمد انعام بٹ (پنجاب)، لقمان علی افضل، ثناء اللہ گھمن، محمد اشرف علی (مرحوم) (گلگت-بلتستان)، رشید مسعود خان (بلوچستان) اور محمد امن اللہ خان (پنجاب)۔

ستارہ قائد اعظم: نوید احمد شیروانی (امریکا)۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز

تمغہ پاکستان: لی ژودونگ (چین)۔

تمغہ شجاعت: محمد حنیف بشیر (پنجاب)، عمران عقیق (پنجاب)، قمر زمان (کے پی)، محمد فیاض ٹیپو (کے پی)، سید نعمت اللہ (بلوچستان)، سید غائب علی شاہ (گلگت-بلتستان)، حاجی زاہد خان (کے پی)، خشحال خان (کے پی)،بریگیڈیئر رضوان افضل (کے پی)، محمد یونس (سندھ)، ساجد حسین (بلوچستان)، عمر ساجد شہید (پنجاب)، ڈاکٹر خالد خان (کے پی)، محمد نعمان ظفر (پنجاب، وجاحت اللہ آفریدی (کے پی)، سید محمد عمر مبین جیلانی شہید (پنجاب)، صوبیدار میجر (ر) اللہ دتہ شہید (پنجاب)، محمد اقبال (پنجاب)، سید فواد علی (مرحوم) (کے پی)، محب خان (مرحوم) (کے پی)، سید شاہ رخ حیدر زیدی (اسلام آباد)، صائم شفاعت (مرحوم) (آزاد جموں و کشمیر) اور اکرم خان شہید (پنجاب)۔

تمغہ امتیاز: محمد یوسف گوندل (پنجاب)، رانا محمد زعیم (پنجاب)، ڈاکٹر مظہر اقبال (پنجاب)، ڈاکٹر شہزاد عالم (پنجاب)، ڈاکٹر عظمیٰ سلیم (گلگت-بلتستان)، ڈاکٹر اکرام علی ملک (اسلام آباد)، ڈاکٹر افتخار احمد (کے پی)، پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ وامق زبیری (سندھ)، سید صبیح الدین رحمانی (سندھ)، سید علی عباس (سندھ)، محمد رفیق شاد (بلوچستان)، خواجہ صفر علی (کے پی)، مہوش حیات (سندھ)، سردار علی ٹھاکر (کے پی)، اختر گل (کے پی)، فلائیٹ لیفٹننٹ صدیق شیخ (پنجاب) اور ملک امین اسلم خان (کے پی)۔

نوازشریف کے گردوں کا مرض تیسرے درجے تک پہنچ چکا ہے، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے گردوں کا مرض تیسرے اسٹیج تک پہنچ گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے (ن) لیگ کی رہنما مریم نواز نے بتایا ہے کہ آج نواز شریف سے جیل میں ملاقات ہوئی ہے، ان کے گردوں کا مرض مزید بڑھ گیا ہے۔

مریم نواز نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ٹیسٹس میں گردوں کا ٹیسٹ ٹھیک نہیں آیا، اور رپورٹ کے مطابق ان کے گردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے، نواز شریف کے بازو میں بھی بدستور تکلیف ہے۔

ڈیم فنڈ؛ کینیڈا میں عمران خان کے دستخط شدہ 2 بلے 65 ہزار ڈالرز میں نیلام

اوتاوا: کینیڈا میں ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے 2 دستخط شدہ بلے 65 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگئے۔

کینیڈا میں ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے 2 دستخط شدہ بلے نیلامی کے لئے پیش کئے گئے، جنہیں پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں ملک حفیظ اور لالہ عارف وڑائچ نے بالترتیب 30 ہزار اور 35 ہزار  ڈالرز میں خرید لیا۔ ذرائع کے مطابق کینیڈا میں منعقدہ تقریب میں ڈیموں کے لئے 4 لاکھ 25 ہزار 786 ڈالرز کے عطیات جمع ہوئے، جب کہ کینیڈا میں اب تک مجموعی طور پر 20 لاکھ ڈالرز کی رقم جمع ہوچکی ہے۔

اس موقع پر سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈیم تعمیر کو روکا نہیں جاسکتا، سپریم کورٹ احکامات کو ماننا سول اور فوجی اداروں پر لازم ہے۔ میں گلگت بلتستان کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی زمینوں پر ڈیم بننا ہے، اس حوالے سے سب بڑی قربانی ان لوگوں کی ہے، وزیراعظم عمران خان کی دیانت داری پر کوئی شبہ نہیں۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ 40 سے 50 سال کے دوران کوئی ڈیم نہیں بنایا گیا، اس مسئلے پر آگاہی کا سہرا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے سر جاتا ہے، سابق چیف جسٹس اور وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے خراج تحسین کے مستحق ہیں، اور بہت جلد دونوں ڈیموں پر کام شروع ہوجائے گا۔

 

ملائیشیا کے وزیراعظم کی جے ایف 17 تھنڈر میں دلچسپی

اسلام آباد:ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے جے ایف 17 تھنڈر طیارے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد واپس چلے گئے ہیں، ملائیشیا کے وزیراعظم وطن واپسی کے لیے نورخان ایئربیس پہنچے جہاں انہیں پاک فضائیہ کی جیکٹ تحفے میں دی گئی اور بعد ازاں انہیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ایئرچیف مجاہد انور خان کی جانب سے پاکستان کے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر مہاتیر محمد نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا ان طیاروں کو خریدنے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے اور اب اس خریداری کا معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آنے والے ملائیشیا کے وزیراعظم نے یوم پاکستان کی خصوصی تقریب میں بطور اعزازی مہمان شرکت کی جہاں انہیں مسلح افواج نے سلامی دی اس دوران انہوں نے شاندار پریڈ بھی دیکھی۔

واضح رہے ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی تھی  جب کہ ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کو دفاعی نمائش میں شرکت کی بھی دعوت دی گئی تھی۔

دہلی میں یوم پاکستان کی تقریب میں مہمانوں کے ساتھ بھارتی ایجنسیوں کی بدتمیزی

بھارتی خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے ساتھ بدتمیزی کی اور ہراساں کیا۔

یوم پاکستان پر ہمسایہ ملک بھارت کے دارالحکومت میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، ہائی کمشنر سہیل محمود نے قومی پرچم لہرایا ، قومی ترانہ پڑھا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں ، بھارتی کاروباری شخصیات اورحریت رہنماؤں نے شرکت کی، تاہم بھارتی حکومتی نمائندے تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

تقریب کے اختتام کے بعد ہائی کمیشن کے باہر بھارتی خفیہ اداروں کے سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے شرکاء کو ڈرایا دھمکایا۔ تقریب میں شریک بھارتی تاجروں سے پوچھ گچھ کے نام پر ہراساں کیا گیا، بھارتی ایجنسی کے اہلکاروں کے نامناسب رویے پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت کے غیر سفارتی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارت کو اوچھی حرکات سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

قبل ازیں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت پر واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔ دھونس اوردھمکیوں کا استعمال ماضی میں فائدہ مند ہوا ہے اورنہ ہی اب ہوگا۔ جموں و کشمیرسمیت تمام تنازعات کا منصفانہ حل مذاکرات ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے مزید کہا کہ باہمی کشیدگی کے خاتمے کے لئے بھارت نے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا، بھارتی کمانڈر کی رہائی اور کرتارپور راہداری پر مذاکرات سے تناؤ میں کمی آئی ہے لیکن سرحدی کشیدگی کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔

ہائی کمشنر سہیل محمود نے وزیراعظم عمران خان کی پہلی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ایک قدم بڑھانے پر دو قدم آگے آنے کے وزیراعظم کے عزم کا بھارت نے مثبت جواب نہیں دیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہمیشہ برابری اور احترام کے ساتھ پُر امن اور اچھے تعلقات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یوم پاکستان کی تقریب میں اسکول کی چھت گرنے سے 6 بچے، خاتون ٹیچر جاں بحق

گوجرانوالا: کشمیر روڈ پر نجی اسکول میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران خستہ حال چھت گرنے سے 6 کم سن طلبہ اور خاتون ٹیچر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

گوجرانوالہ میں کشمیر روڈ پر کے ٹی ماڈل اسکول کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ اور ٹیچر شدید زخمی ہوگئے۔

امدادی کارکنوں اور موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر بچوں کو اسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 6 بچے اور ایک استانی جاں بحق ہوگئی جبکہ 16 افراد زخمی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں 23 مارچ اور رزلٹ کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

پولیس نے اسکول کے پرنسپل سعید اور ایک کلرک کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا کہ اسکول کی چھت پہ ٹینٹ لگائے گئے تھے جس کے لیے چھ انچ کے کیل ٹھونکے گئے جس سے چھت کمزور ہوگئی، پھر بارش بھی ہوئی جس کے باعث ٹینٹ بھاری ہوگئے، بچوں کے دیوار سے ٹیک لگانے اور ہوا چلنے پر خستہ ہال دیوار گرگئی۔

مہاتیرمحمدکی پاکستان آمد۔۔۔دونوں ممالک کے مابین مختلف معاہدوں پردستخط

adaria

یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی کے طورپرملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد تشریف لے کرآئے ،وہ تین روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں اس دوران پاکستان اورملائیشیا کے درمیان بہت سارے معاہدوں پردستخط بھی ہوئے اور دوست ملک نے جے ایف 17تھنڈرمیں خصوصی طورپردلچسپی کااظہارکیا۔ نیز ٹینک شکن میزائل خریدنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔سرمایہ کاری کے حوالے سے ملائیشیاپاکستان پہلاکارپلانٹ بھی لگائے گا اس موقع پردونوں ممالک کے ہم منصب سربراہان نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی جس میں اس بات کااظہارکیاگیاکہ اسلاموفوبیا کوجان بوجھ کرپھیلایاگیا اس کامقابلہ محبت سے کرناہوگا۔ پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ پاکستان میں کار پلانٹ لگانے سمیت 5بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ ملائیشیا نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں اور ٹینک شکن میزائلوں کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی ۔ وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ ملائیشیا پاکستان سے حلال گوشت اور چاول خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا فریقین نے مختلف شعبوں میں لاکھوں ملین ڈالرز کے کاروبار اور سرمایہ کاری پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کی خواہش کے بارے میں بھی بتایا۔اس موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی، ہم غریب نہیں ہوتے کرپشن ہمیں غریب کر دیتی ہے، پاکستان کرپشن روکنے کیلئے ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے، دونوں وزرا اعظم کے درمیان تنہائی میں ملاقات ہوئی اور وفود کے سطح پر مذاکرات ہوئے۔ اس سے قبل مہاتیر محمد جب پی ایم ہاؤس پہنچے تو ان کا استقبال وزیر اعظم عمران خان نے کیا، معزز مہمان کو مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، دوطرفہ مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے پانچ سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہاکہ میں پاکستان اور ملائیشیا کی طویل دوستی میں نئے دور آنے پر بہت خوش ہوں، یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرنا باعث اعزاز ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے نتیجے میں مسلمانوں کی جدوجہد کو نقصان پہنچایا گیا اور کرائسٹ چرچ کا واقعہ بھی اسلامو فوبیا کا نتیجہ ہے۔ملائیشیا مسلم دنیا کیلئے ماڈل کے طور پر ابھرا اور اس نے مسلم دنیا کے معاملات کو حل کرنے کیلئے کردار ادا کیا۔ دہشت گردی نے اسلامی ممالک کو بہت متاثر کیا جبکہ دنیا بھر میں جان بوجھ کر اسلامو فوبیا کی ترغیب دی گئی۔ ملک کیلئے امن و استحکام ضروری ہے، ورنہ کوئی سرمایہ کاری نہیں کرے گا، ہمارے سب سے اچھے تعلقات ہیں سوائے اسرائیل کے۔ اسرائیل سے ہم نے کسی بھی قسم کا کوئی بھی تعلق نہیں رکھا۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے بغیر کوئی بھی سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے وزرا پھولوں کے سوا کوئی تحفہ قبول نہیں کرتے۔ ملائیشیا میں 500 ڈالر سے زیادہ تحفہ کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے وزیراعظم پاکستان کو ملائیشین کارکی چابی پیش کی اور تقریب میں پاکستان میں کار پلانٹ لگانے کا اعلان بھی کیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو ایوان صدر میں تقریب کے دوران نشان پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا۔

او آئی سی نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا

نیوزی لینڈ کے سانحہ کرائسٹ چرچ میں پچاس مسلمانوں کی شہادت کے بعدوہاں کی وزیراعظم نے انتہائی اہم اقدامات اٹھائے جس میں خطرناک اسلحہ پرپابندی، مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی ، نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کاآغازتلاوت کلام پاک سے ہونا اور پھر خصوصی طورپرنیوزی لینڈ کی فضا اللہ اکبر سے گونج اٹھی جبکہ مسجد النور کے سامنے نمازِ جمعہ کے اجتماع میں وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے علاوہ ہزاروں غیر مسلم افراد نے بھی شرکت کی،خطبے میں امام کا کہناتھاکہ ہم دل شکستہ ضرورلیکن حوصلے نہیں ٹوٹے، ہم سب متحد ہیں، نماز جمع سے قبل وزیر اعظم نے تقریر کا آغاز آنحضرت ﷺ کے ذکرسے کیا ، مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم خواتین بھی حجاب میں نظر آئیں جبکہ مسلمانوں سے اظہار یکجہتی میں پورے ملک میں 2منٹ کی خاموشی بھی کی گئی ۔ اذان سے قبل جیسنڈا آرڈرن نے مسلمانوں کے نام ایک مختصر خطاب کیا ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے ساتھ سوگوار ہے، ہم ایک ہی ہیں۔اسلامو فوبیا ایک قاتل حقیقت ہے جس کا درد مسلمان کئی برسوں سے محسوس کررہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے یہ انتہائی احسن اورقابل تقلیداقدام ہیں دیگرممالک کو بھی ان پرعمل کرنے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب اوآئی سی کے چھ نکاتی اعلامیے میں پاکستان کے چارنکات بھی شامل ہیں ،او آئی سی نے کہاکہ اسلا مو فوبیاپھیلانے والوں کو دہشت گرد قراردیاجائے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی طرف سے نفرت اورجرم پرمبنی تقریر روکنے کیلئے نظام وضع کرنے کی حمایت کی جائے۔بھارت جو نام نہاد جمہوریت کادعویدار ہے اسے بھی ہدف تنقیدبنایاگیا نیز پاکستان کی جانب سے پیش کردہ چارنکات کو بے حد پذیرائی ملی۔او آئی سی نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اقدامات کو سراہاہے۔
یوم پاکستان کے موقع پرمودی کی ٹوئیٹ کامثبت جواب
23مارچ کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے یوم پاکستان پروزیراعظم عمران خان کے نام نیک خوہشات کا پیغام بھیجا ہے ،اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی کا پیغام شیئر کیا جس میں بھارتی وزیر اعظم نے پاکستان کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہاکیا۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے اپنے جوبی ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے پاکستانی عوام کے نام پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں ،جیساکہ ہم پوم پاکستان منا رہے ہیں ،میںیقین رکھتا ہوں کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر جو مرکزی تنازعہ ہے سمیت تمام ایشوز کو حل کیلئے بھارت کے ساتھ جامع بات چیت شروع کی جائے۔وزیراعظم پاکستان نے ہمیشہ کی طرح فوری طورپر بھارت کو مثبت انداز میں جواب دیا۔اب مودی کوچاہیے کہ وہ اپنی ٹوئیٹ پرقائم رہتے ہوئے امن کی جانب مزیدآگے بڑھے۔
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ،مولاناتقی عثمانی بال بال بچ گئے
شہرقائدایک مرتبہ پھردہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کے نرغے میں آگیاہے ۔گزشتہ روزکراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ممتاز عالم دین مولانا تقی عثمانی اور مولانا عامر شہاب کی گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 محافظ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ نیپا پل کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے دارالعلوم کورنگی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دارالعلوم کورنگی کے مولانا شہاب زخمی ہوگئے جبکہ مولاناتقی عثمانی کواللہ تعالیٰ نے بال بال بچالیا۔وزیراعظم عمران خان نے مفتی محمد تقی عثمانی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

صدر ٹرمپ اور اتحادی افواج کا شام سے داعش کے مکمل خاتمے کا اعلان

دمشق: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے شدت پسند تنظیم داعش کے سو فیصد خاتمے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں داعش کے آخری ٹھکانے میں گھمسان جنگ کا خاتمہ داعش کی شکست سے ہوگیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام میں داعش سے برسرپیکار سیریئن ڈیموکریٹک فورس نے بھی شام سے داعش کے سو فیصد خاتمے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں داعش کی مکمل شکست کا اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو داعش جنگجوؤں سے واگزار کرائے گئے علاقوں کے نقشے بھی دکھائے، اسی طرح وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے بھی اپنی پریس بریفنگ کے دوران شام میں داعش کی خود ساختہ خلافت کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی حمایت یافتہ مسلح گروپ سیریئن ڈیموکریٹک فورس نے داعش کے آخری ٹھکانے باغوز میں اپنی فتح کا اعلان کرتے ہوئے داعش کے 5 سالہ خود ساختہ خلافت کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حمایت یافتہ گروپ نے واگزار کرائے علاقوں میں اپنے جھنڈے لہرائے ہیں اور سپاہیوں نے فتح کا جشن منایا۔

ادھر شامی حکومت کی جانب سے داعش کے مکمل خاتمے کے امریکی دعوے سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے، شامی صدر بشارالاسد نے ہی چند ماہ قبل شام میں داعش کے خلاف حتمی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اتحادی فوج کو داعش کے آخری ٹھکانے پر پیش قدمی کی ہدایت جاری کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر اور سیریئن ڈیموکریٹک فورس نے اپنے دعوؤں کے ثبوت کے طور پر کسی گرفتار جنگجو یا لڑائی کے دوران مارے جانے والے جنگجوؤں اور ان سے برآمد ہونے والے سلحے یا مغویوں کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ داعش کی جانب سے بھی کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Google Analytics Alternative