Home » 2019 » April » 03

Daily Archives: April 3, 2019

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں اوگرا کرتی ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں اوگرا کرتی ہے حکومت پیٹرول پر وصول کیے گئے ٹیکس میں کمی و بیشی کرسکتی ہے، بجٹ سے قبل ایک اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری ٹیکس ایمنسٹی کا پر زور مطالبہ کررہی ہے، اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر کرنے کیلیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم بجٹ سے پہلے ہی لائی جائے گی، ابھی اس اسکیم کے خدوخال تیار کیے جارہے ہیں، اسکیم لانے کی منطق یہ ہے کہ لوگ جیل جانا پسند نہیں کریں گے بلکہ اپنا پیسہ لائیں گے۔

سیاست دانوں اور سول سرونٹس کو بھی ایمنسٹی سے فائدے اٹھانے کی تجویز ہے

وزیر خزانہ نے کہا کہ نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے ہم نے تجاویز طلب کی ہیں، یہ تجویز بھی آئی تھیں کہ سیاست دانوں اور سول سرونٹس کو بھی ایمنسٹی سے فائدے کی اجازت دی جائے تاہم اسکیم پر ابھی سوچا جا رہا ہے ابھی کوئی حتمی پلان نہیں بنایا گیا۔

نان فائلر کے لیے جائیداد کی خریداری پر سے پابندی جلد ہٹادیں گے

وزیر خزانہ نے کہا کہ یکم جولائی سے نان فائلر کے لیے جائیداد کی خریداری پر پابندی بھی ہٹادی جائے گی، کے پی، فیڈریشن اور  پنجاب میں نان فائلر کے لیے جائیداد کی خریداری کی اجازت دے دی جائے گی تاہم اس کے لیے پراپرٹی ویلیو ایشن کا نظام درست کرنا ہوگا۔

پیٹرول کی قیمت 75 روپے اور ٹیکس 23 روپے وصول کررہے ہیں

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ اس وقت پٹرول کی بنیادی قیمت (بیسک پرائس) 75 روپے 57 پیسے فی لیٹر ہے اور اس کی قیمت میں 23 روپے 30 پیسے ٹیکس شامل ہے، حکومت پیٹرول کی قیمتیں مقرر نہیں کرسکتی بلکہ صرف پیٹرول پر ٹیکس کی شرح میں کمی یا اضافہ کرتی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتا ہے، ہماری سفارشات کو کئی دفعہ وزیراعظم نے نہیں مانا۔

یہ کبھی نہیں کہا کہ ڈالر کو  140 روپے پر ہی روکیں گے

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ ڈالر کو  140 روپے پر ہی روکیں گے، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ابھی روپے کی قدر ڈالر کی اصل ویلیو کے برابر ہے، ڈالر میں ملکی معیشت کا حجم کم ہوگا لیکن روپے کی صورت میں معیشت کا حجم بڑھ جائے گا۔ پی ٹی آئی کے 9 ماہ کے دور میں سرکاری غیر ملکی قرضے میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جب کہ جنوری 2017ء سے مارچ 2018ء تک غیر ملکی قرضوں میں 6 ارب 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

غیرملکی کرنسی اکاؤنٹس کے ذریعے  پیسہ باہر بھجوانے کیلیے ترمیم لا رہے ہیں

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد 2000 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کی وجہ سے دفاعی اخراجات پر اثر پڑے گا مگر کتنا پڑے گا یہ ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا، غیرملکی کرنسی اکاؤنٹس کے ذریعے  پیسہ باہر بھجوانے کے لیے ترمیم لا رہے ہیں، فارن کرنسی اکاؤنٹس سے سرمایہ کاری کے لیے پیسہ باہر بھجوانے کے لیے اسٹیٹ بینک کی شرائط لاگو ہوں گی۔

جہانگیر ترین وزیراعظم کی اجازت سے کابینہ اجلاس میں بیٹھتے ہیں 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین پر سرکاری عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کی ہے، عدالت عظمیٰ نے ان کے سانس لینے پر پابندی نہیں لگائی، وزیر اعظم کابینہ اجلاس میں کسی کو بھی بلاسکتے ہیں، جہانگیر ترین وزیراعظم کی اجازت سے کابینہ اجلاس میں بیٹھتے ہیں سرکاری فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوتے، معیشت سے متعلق تمام فیصلے میں کررہا ہوں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی  میں منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں جیو اسٹریٹجک ماحول اور مشرقی سرحد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کور کمانڈرز نے ملک میں پائیدار امن کیلئے کی گئی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مادر وطن کے خلاف کسی بھی جارحیت اور اشتعال کا بھرپور دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس موقع پر سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، اور اس مثبت راہ پر ہے جہاں طاقت کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے۔

ڈاکٹرز کا نوازشریف کا ایم آر آئی اور ایم آر اے کرانے کا فیصلہ

 لاہور: ڈاکٹرز نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے خطرے کے پیش نظر ایم آر آئی اور ایم آر اے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا آج ایک بار پھر شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ لیے گئے، ڈاکٹرز نے جدید مشین کے ذریعے ایکوکارڈیوگرام کیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے جسم میں خون کے بہاؤ میں رکاوٹ پائی گئی جب کہ  گردن اور دماغ کو خون کی پوری مقدار میں فراہمی نہیں ہورہی، ایسی صورت میں مریض کی گردن کے بالائی حصوں اور دماغ کو خون کی 43 فیصد فراہمی متاثر ہونا خطرناک ہوسکتا ہے، طبی لحاظ سے یہ مریض کو سنگین ہارٹ اٹیک ہونے کی علامت تصور ہوتی اس لیے خطرے کے پیش نظر نوازشریف کا ا ایم آر آئی اور ایم آر اے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذاکٹرز کے مطابق نوازشریف کے گردوں کو خون کی فراہمی بھی متاثر پائی گئی، گردوں میں پتھری کی تشخیص کے لئے سی ٹی کب، چھاتی اور ریڑھ کی ہڈی کا سی ٹی سکین بھی کیاجائے گا، اس کے ساتھ ساتھ کل لاہور کے نجی اسپتال میں ایم آرآئی اور ایم آر اے اور بعض دیگر ٹیسٹ ہوں گے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں نواز شریف کو لاحق تمام بیماریوں کی تشخیص کی جائے گی، نوازشریف کے علاج پر کتنا وقت صرف ہوگا، ابھی کہنا قبل ازوقت ہوگا تاہم لندن میں نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹر لارنس سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر عدنان کے مطابق نواز شریف کے گردوں کی تکلیف میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے جب کہ ان کے لندن میں موجود ذاتی معالج ڈاکٹر لارنس سے بھی مشاورت کی جارہی ہے۔

’طیفا ان ٹربل‘ کی میوزک البم لکس اسٹائل ایوارڈزسے باہر، ہدایت کار کا شکوہ

چند روز قبل ملک کے مشہور لکس اسٹائل ایوارڈز (ایل ایس اے) کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا جس پر متعدد ستاروں، فلم سازوں اور ہدایت کاروں نے خفگی کا اظہار کیا ہے۔

اداکار و گلوکار علی ظفر اور اداکارہ مایا علی کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے سینما گھروں میں کامیابی سے راج کیا اور 50 کروڑ سے زائد کا ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کہانی اور موسیقی کے اعتبار سے بہترین اور مضبوط ثابت ہوئی تاہم فلم کے ایک ایک گانے کو کئی ملین ویوز بھی ملے لیکن اس کے باجود لکس اسٹائل ایوارڈز کی میوزک کیٹیگری کی نامزدگیوں میں اس کا انتخاب نہیں کیا گیا

ایسے میں فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے ہدایت کار احسن رحیم نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ سے شکوہ اور ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

احسن رحیم ٹوئٹر پیغام میں لکھتے ہیں کہ ’میں بہت کم ہی ایسے معاملات پر تبصرے کرتا ہوں لیکن جیسے میں نے دیکھا کہ میری فلم ’طیفا ان ٹربل‘ جس کی میوزک البم سال کی سب سے سپر ہٹ رہی اور تقریباً 33 ملین ہٹس حاصل کیے اس کو باجود اسے لکس اسٹائل ایوارڈز کی میوزک کیٹیگری سے مکمل طور پر نکال دیا گیا اس پر مجھے حیرانی سے زیادہ مایوسی ہوئی ہے‘۔

View image on TwitterView image on Twitter

Ahsan Rahim@theotherahsan

@omair78 @Fareshte @KamranJawaid @LuxStyleAwards @FriehaAltaf
My appeal to the team of , and those who believe in standing for the right.

43 people are talking about this

ہدایت کار نے کہا کہ یہ جانبدرانہ نامزدگیاں ہیں جس کی وجہ ذاتی پسند اور نا پسند ہے، اس پر غور کیا گیا نہ اس سے متعلق کوئی سوال کیا جارہا ہے‘۔

احسن رحیم نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی جانبدرانہ نامزدگیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے تمام شوبز ستاروں اور میڈیا سے درخواست کی ہے۔

لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگیوں کے اعلان کے بعد صرف احسن رحیم ہی اعتراض کرتے ہوئے نظر نہیں آئے بلکہ دیگر فنکاروں نے بھی اس حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں۔

اداکارہ مہوش حیات نے بھی ہدایت کار احسن رحیم کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میرٹ کی بنیاد پر پرانے اور نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے‘۔

اداکارہ نے سوال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے نمبرز خود واضح کر رہے ہیں ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ یہ کیا کر رہا ہے؟۔

MehwishHayat

@MehwishHayat

Merit is the greatest motivator for old artists and new. The numbers speak for themselves on teefa in trouble what is doing ?!

Ahsan Rahim@theotherahsan

@omair78 @Fareshte @KamranJawaid @LuxStyleAwards @FriehaAltaf
My appeal to the team of #LSA2019, #unilever and those who believe in standing for the right.

View image on Twitter
View image on Twitter
57 people are talking about this

بھارتی جہازوں کو F-16 نے یاJF-17نے نشانہ بنایا۔۔۔ یہ سوال بے معنی ہے

adaria

بھارت کوپاکستان نےایل او سی کی فضائی خلاف ورزی پر وہ سبق سکھایا جس کووہ ابھی تک بھول نہیں پارہا، ایک ڈراؤنے خواب کی طرح روز اس کو یہ نظرآتا ہے کہ پاکستان نے اس کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیاہے، بین الاقوامی سطح پربھارت کو علیحدہ سبکی کاسامناکرناپڑرہاہے ،وہ تاحال اس سحر سے ہی نہیں نکل پایا کہ اس کے جنگی جہازوں کوجے ایف 17تھنڈریاایف16نے گرایا،جبکہ پاکستان نے کئی مرتبہ واضح کیاکہ دشمن کے جہازوں کو جے ایف17تھنڈرنے نشانہ بنایا۔ گزشتہ روز بھی ترجمان پاک فوج نے کہاکہ بھارت کی یہ بات ماضی کاحصہ بن چکی ہے ، پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جہازوں کو مارگرایاہے۔ ظاہرہے جس وقت دشمن نے حملہ کیااس وقت پاک فضائیہ کے تمام جنگی جہاز بشمول ایف16 فضاء میں بلندتھے ۔نیزترجمان پاک فوج نے یہ بھی واضح کیاکہ ملکی سالمیت اورسرحدوں کے دفاع کے لئے پاکستان اپنی ہرصلاحیت کامرضی سے استعمال کرنے کاحق رکھتاہے،مودی اپنے گریبان میں خودجھانک لے کہ اس نے بھارت کو کس طرح ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے ،رفال طیاروں کاسکینڈل اس کاپیچھاکررہاہے ہرآئے دن وہ اپنی انتخابی مہم میں پاکستان کے خلاف بے سروپاہرزہ سرائی کرتارہتاہے مگراب اسے کچھ بھی حاصل ہونے والانہیں ہے ۔اس کی اپنی عوام حتیٰ کہ فوج بھی مودی کی پالیسیوں اوراس کے اقدام سے تنگ آمدبجنگ آمد ہے۔آئے دن بھارتی فوجی خودکشیاں کرتے رہتے ہیں ملک کے اندر غربت وافلاس کادوردورہ ہے انسانی حقوق کاپیاسا بھارتی نریندرمودی صرف انتخابات جیتناچاہتاہے اس کے لئے چاہے اس کچھ بھی کرگزرناپڑے ۔اس سلسلے میں پرنیکاگاندھی اورراہول گاندھی بھی واضح طورپرکہہ چکے ہیں کہ آخرکارمودی اورکتنے انسانوں کی جان لے گا،سرحدی حالات کو خراب کرنابھارت کی جانب سے معمول کاوطیرہ ہے۔ آئے روز ایل او سی کی خلاف ورزیاں اورپھرجب پاکستان کی جانب سے بھرپورانداز میں جواب دیاجاتاہے تو بھارتی دشمن نہ صرف بھاری جانی ومالی نقصان اٹھاتاہے بلکہ کہیں چھپ کردبک کربیٹھ بھی جاتاہے اوراس کی توپیں خاموش ہوجاتی ہیں۔بھارت کی جانب سے فضائی کارروائی کے حوالے سے آئے دن الزام تراشیوں کے جواب میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ نے دو بھارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ،بھارتی جہازوں کو ایف سولہ نے نشانہ بنایا یا جے ایف17نے، یہ سوال بے معنی ہے، پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی جہازوں کو اپنے دفاع میں مار گرایا ، بھارت اپنی خواہش کے مطابق کوئی بھی جہاز چن لے نتیجے پر فرق نہیں پڑتا۔ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران کسی پاکستانی ایف سولہ طیارے کو نشانہ بنانے اور ایف سولہ کے استعمال کے معاملہ پر آئی ایس پی آر نے کہا کہ 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی پاکستانی فضائی حدود کے اندر سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے کی، بعد میں جب دو بھارتی جہازوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو انہیں پاک فضائیہ نے نشانہ بنایا۔ پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی جہازوں کو اپنے دفاع میں مار گرایا ، جب بھارتی جہاز آئے تو فضائیہ کے تمام جہاز بشمول ایف 16 فضا میں موجود تھے۔بھارت اپنی خواہش کے مطابق حتیٰ کہ ایف 16 چن لے اس سے کوئی جہاز چن لے نتیجے پر فرق نہیں پڑتا، اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو انڈین جہاز ہی نشانہ بنے، پاکستان اپنے دفاع کیلئے اپنی ہر صلاحیت کا مرضی کے مطابق استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔

بڑھتی مہنگائی۔۔۔حکومت کے لئے توجہ طلب مسئلہ
معیشت تومعلوم نہیں مضبوط اورمستحکم ہورہی ہے یانہیں، البتہ مہنگائی منہ پھاڑے عوام کوآئے دن نگلتی جارہی ہے ،پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے حال ہی میں جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین شرح پرموجود ہے ،مارچ دوہزاراٹھارہ کی نسبت مارچ دوہزارانیس میں مہنگائی 9.41فیصد بڑھی ،اپریل 2014ء میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 9.1فیصد ہے ۔اعداد وشمار کے مطابق رواں سال جولائی تامارچ مہنگائی 6.7فیصد بڑھی جبکہ فروری کی نسبت مارچ میں مہنگائی1.42فیصدبڑھی ،مارچ 2019ء میں2018 کی نسبت ٹماٹر315فیصد ، سبز مرچ 151 فیصد، مٹر 54 فیصد اورکھیرے 45فیصدمہنگے ہوئے،یہ توتین ،چاروہ بنیادی چیزیں جو روزمرہ معمول کی زندگی میں استعمال ہوتی ہیں ان کے بغیر گزاراممکن نہیں کیونکہ گوشت اپنی جگہ مہنگا ہے سبزیاں اس سے زیادہ مہنگی ہیں۔دالوں کی جانب جایاجائے تووہ بھی مصداق اس کے کہ یہ منہ اورمسورکی دال ، کوئی اب دال بھی نہیں کھاسکتا،ذرائع آمدن نہ ہونے کے برابرہیں روزگارکے مواقع مفقود ہیں ،دولقمے حاصل کرنامحال ہوچکا ہے ،حکومت مہنگائی پرقابو پانے میں تاحال ناکام نظرآرہی ہے ،ہرتاجرنے اپنے اپنے ریٹ آویزاں کئے ہوئے ہیں ،کوئی پرسان حال نہیں، چیک اینڈبیلنس کانظام موثرنہیں پھرخوشی اورآنے والے اچھے وقت کی نویددینا، ثمرات عوام تک پہنچانا یہ ایک عجیب وغریب سابیان نظرآتاہے ابھی تک عوام ان سہولیات کو ترس رہی ہے ادویات تک کی قیمت آسمان تک پہنچادی گئی ہے ۔آئے روز چیزوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے سے عام آدمی کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس جانب توجہ دے تاکہ غریب عوام سکھ کاسانس لے سکے۔
عمران خان کے لئے دوسال اہم
پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز کے چیف ایڈیٹر اور روز نیوز کے چیئرمین ایس کے نیازی نے اپنے پروگرام ’’سچی بات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان سے سیکھنا چاہیے،آئندہ کوئی ایسی غلطی نہ کرے ، بھارت سے کشیدگی کے دوران آئی ایس پی آر نے بہت اچھے طریقے سے مسائل کو ہینڈل کیا، ہم جنرل قمر جاوید باجوہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قیادت میں فوج نے کامیابیاں سمیٹیں،سب لوگ آئی ایس پی آر کی تعریف کررہے ہیں ، میڈیا نے بھی آئی ایس پی آرکے ساتھ بہت تعاون کیا،سوشل میڈیا ہو،پرنٹ میڈیا ہو،الیکٹرانک میڈیا سب کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے، سابق صدر پرویزمشرف کی طبیعت خراب ہے،ان کو وہ بیماری ہے جو دنیا میں بہت کم لوگوں کو ہے،میں تو کہتا ہوں پرویزمشرف کی ملک کیلئے بہت خدمات ہیں،میری تو خواہش ہے کہ پرویز مشرف کو ریلیف ملے ، اگرعمران خان2سال گزار گئے تو پھرہم انہیں اگلے10سال تک دیکھ رہے ہیں،عمران خان نے گھوٹکی میں پہلی دفعہ کہا کہ جو باہر جانا چاہتا ہے پیسے دے اور چلا جائے،پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے عام آدمی متاثر ہوگا۔ اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ اصل میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں14فیصدپٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں،حکومت نے ٹیکسز کم کئے ہیں،اس حکومت کو کریڈ ٹ دینا چاہیے،پٹرول کی قیمتیں بڑھانا کسی کے اختیار میں نہیں ہے یہ انٹرنیشنل لیول پر ہوتا ہے۔پرویزمشرف کے وکیل سلمان صفدر نے پروگرام سچی بات میں کہا کہ پرویز مشرف کی اس وقت صحت کافی خراب ہے،اس وقت پرویز مشرف کا واپس نہ آنا ان کی اپنی مرضی نہیں ہے،ان کی ہرروزکیموتھراپی ہوتی ہے اوران کی ادویات تبدیل کی جاتی ہیں۔

بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جارہا، فواد چوہدری

 اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ غریبوں کے لیےکفالت کا پروگرام شروع کیاجارہاہے  تاہم بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جارہا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اب تک 33 اجلاس ہوچکے ہیں، آج ہونے والی کابینہ میٹنگ میں 607 فیصلےکیے گئے ہیں، ان فیصلوں پر 90 روز میں عمل درآمد ہوگا، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق 18 فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، غریبوں کے لیے کفالت کا نیا پروگرام احساس شروع کیا جا رہا ہے، اور اسی احساس کے تحت بہت سے نئے پروگرام شروع کیے جائیں گے، تاہم پہلے سے موجود بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں کھیلوں اور فن ثقافت کو  سیاست سے دور رکھا جاتا ہے لیکن بھارت نے اس کے برعکس پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں فن کا مظاہرہ کرنے پر پابندی عائد کی، پاکستان سپر لیگ کے عین درمیان میں جان بوجھ کر پاک بھارت کشیدگی پیدا کی گئی بھارتی کرکٹ ٹیم نے فوجی کیپ پہن کرمیچ کھیلا، بھارت کا اس رویے پر پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا، پاکستان سپر لیگ کی نشریات کو بھارت میں بند کیا گیا، اس کے ردعمل میں اب وفاقی کابینہ نے بھی پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے

افغانستان میں طالبان کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بلخ میں طالبان جنگجوؤں نے گشت کرنے والی پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

صوبائی پوليس کے ترجمان عديل شاہ عديل نے میڈیا کو بتايا کہ پير اور منگل کی درميانی شب ضلع شولگارہ ميں ایک راکٹ داغا گیا جس پر مقامی چیک پوسٹ کے پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو طالبان جنگجوؤں نے اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا 3 گھنٹوں تک مقابلہ کیا اور جنگجوؤں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، جنگجو اپنے زخمی ساتھیوں کو بھی ساتھ لے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ مقابلے کے دوران طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔

طالبان کی جانب سے حملے سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے جب کہ افغان حکومت نے بھی حملے میں مارے جانے والے طالبان جنگوؤں کی تعداد اور تفصیلات فراہم نہیں کی ہے، دو روز قبل قندھار اور غزنی کی پولیس چیک پوسٹوں پر طالبان جنگجوؤں کے حملے میں مجمو عی طور پر 13 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ کی نشریات پر پابندی کا فیصلہ

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نشریات پر پابندی عائد کیے جانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے وفاقی کابینہ سے آئی پی ایل پر پابندی کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش کی تھی جس کے بعد اب بھارت کے ڈومیسٹک کرکٹ کی نشریات دکھانے کی ضرورت نہیں رہی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی نشریاتی ادارے نے ٹورنامنٹ کے درمیان میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کی نشریات دکھانے سے انکار کیا، تاکہ لیگ کو نقصان پہنچے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری حکومت ذاتی طور پر سمجھتی ہے کہ سیاسی تنازعات کو کھیلوں اور ثقافت پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، پاکستانی شہریوں، اداکاروں، فنکاروں اور کرکٹرز کی جانب جیسا رویہ رکھا گیا اور بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف میچ فوجی کیپ پہن کر کھیلا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مشہور بھارتی تاجر مکیش امبانی کی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس کو رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نشریاتی حقوق دیئے تھے، بعد ازاں ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے لیگ کی مزید نشریات سے انکار کردیا تھا۔

اس حوالے سے پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم جی ریلائنس نے ہمیں مطلع کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل 2019 کے بقیہ میچز کے لیے ہمارے ساتھ پارٹنرشپ نہیں کر سکیں گے اور پی سی بی تمام حقوق محفوظ رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت چینل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کی لائیو کوریج کے نشریاتی حقوق حاصل کرنے کے باوجود ایونٹ کی نشریات بند کر دی تھیں، جبکہ دیگر بھارتی ویب سائٹس نے بھی لیگ کے میچوں کی اسکور اپ ڈیٹس بند کر دی تھیں۔

بھارت میں پی ایس ایل کے میچز دکھانے کے حقوق ڈی اسپورٹس کے پاس تھے جس نے پی ایس ایل کے رواں سیزن کی نشریات بند کر دیں۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق مشترکہ طور پر بلٹز ایڈورٹائزنگ اور ٹیک فرنٹ کو 36 ملین ڈالر میں فروخت کیے تھے اور اس معاہدے کا اختتام 2022 میں ہونا تھا۔

انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز 23 مارچ کو ہوا تھا اور اس کے تیسرے روز ہی مایہ ناز بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون پر آئی پی ایل کے دوران انگلش بلے باز جوز بٹلر کو کرکٹ کی روح کے منافی ’منکڈ‘ طریقے سے رن آؤٹ کرنے پر عالمی سطح پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

Google Analytics Alternative