Home » 2019 » April » 08

Daily Archives: April 8, 2019

رمضان شوگر مل کے منیجر کو دبئی جانے سے روک دیا گیا

ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے رمضان شوگر مل کے منیجر محمد مشتاق کو دبئی جانے سے روک دیا اور جہاز سے آف لوڈ کرکے نیب کے حوالے کر دیا۔

ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد مشتاق کو ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے پرآف لوڈ کیا گیا۔

محمد مشتاق کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، انہیں لاہور سے دبئی جانے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔

محمد مشتاق پی آئی اے کی پرواز 203سے لاہور سے دبئی روانہ ہو رہے تھے۔

محمد مشتاق پر الزام ہے کہ انہوں نے میاں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 60 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کی تھی۔

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق محمد مشتاق شریف فیملی کے فرنٹ مین ہیں، جو حمزہ شہباز کی ماڈل ٹاؤن میں گرفتاری کے لیے چھاپے کے موقع پر انڈر گراؤنڈ ہو گئے تھے۔

وزیراعظم آفس کےچھٹے فلور پرلگی آگ بجھادی گئی

وزیراعظم سیکریٹریٹ کے چھٹے فلور پر واقع کمرے میں لگنے والی آگ پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس کے چھٹے فلور پر کیبنٹ بلاک کے برابر میں واقع کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعدکمرے میں موجود اسٹاف نے فوری طور پر کمرہ خالی کردیا۔

آگ بجھانے کے لیے وزیراعظم آفس کے فائر سسٹم سے مدد لی گئی، اس کے علاوہ واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئیں اور کم وقت میں ہی آگ پر قابو پالیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ کیبنٹ بلاک کے کمرے کی انڈر گراؤنڈ وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے باعث آتشزدگی ہوئی، اس کمرے میں کیبنٹ اجلاس کے حوالے سے ڈاکیومینٹیشن کی جاتی ہے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ آگ کے باعث کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ جس وقت آگ لگی اس وقت وزیراعظم عمران خان میٹنگ روم میں میٹنگ کررہے تھے، آگ کی اطلاع پر بھی وزیراعظم نے میٹنگ جاری رکھی جس پر دوبارہ وزیراعظم کو اطلاع دی گئی کہ دھواں پھیل رہا ہے عمارت سے نکلنا ہوگا۔

دوبارہ اطلاع پر وزیراعظم نےکہا پہلے اسٹاف کوعمارت سےنکالیں پھر میں نکلوں گا۔

وزیراعظم سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف میکنزی سے ملاقات کی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف میکنزی نےوزیراعظم آفس میں ملاقات کی ، ملاقات میں پاک امریکا دفاعی تعاون اورسلامتی سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل امریکی سینٹ کام کےکمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے نیول ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا پاک بحریہ کے سربراہ نےمعززمہمان کا استقبال کیا ، جس کے بعد امریکی سینٹ کام کےکمانڈر کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات ہوئی،ملاقات کے دوران خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے بحری دہشت گردی اور قزاقی کے تدارک کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور کاوشوں پر روشنی ڈالی ، جنرل کینتھ میکنزی نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں ہرقسم کی مدر کایقین دلایا ۔

ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم 2019ء پر وزیراعظم کو بریفنگ

ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کی تفصیلی بریفنگ وزیراعظم عمران خان کو دے دی گئی ہے جس کے بعد اسکیم 15 اپریل کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔

دستاویز کے مطابق ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کے ذریعے بے نامی اثاثے ظاہر کیے جاسکیں گے، اسکیم سےجنوری 2000 سے سرکاری عہدہ رکھنے والے مستفید نہیں ہوسکیں گے جب کہ کمیشن یا جرائم سے حاصل کردہ رقم پر اسکیم کا اطلاق نہیں ہوسکے گا اور عدالتوں میں زیر التوا کیسز پر بھی اسکیم کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اسکیم کے تحت غیر اعلان شدہ بینک اکاؤنٹس، پلاٹس، زمین، اپارٹمنٹس، گاڑیاں اورسونا ظاہر کیا جاسکتا ہے۔

دستاویز کے مطابق اسکیم کے تحت بے نامی اثاثوں پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور دوسرے اثاثہ جات کی مالیت کا 7.5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، بیرون ملک سے زرمبادلہ واپس لانے والے5 فیصد ٹیکس دے کر مستفید ہوسکیں گے، بینک اکاؤنٹس کی انٹریز پر یکم جولائی 2013ء سے 30 جون 2018ء تک ایک فیصد کی شرح سے ٹیکس دیا جاسکے گا جب کہ بے نامی بینک اکاؤنٹس پر 2 فیصد کی شرح سے یکم جنوری 2017ء سے 15 اپریل 2019ء تک 2 فیصد کی شرح سے ٹیکس لاگو ہوگا۔

اسکیم سے مستفید ہونے والوں کو گزشتہ سال کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے ہوں گے، اسکیم سے مستفید ہونے والوں کوگزشتہ 5 سال کے اثاثہ جات پر3 فیصد شرح سے سیلز ٹیکس یا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی جب کہ اسکیم کے تحت تمام ٹیکسز رواں سال 30 جون تک ادا کرنے ہوں گے۔

دستاویز کے مطابق 50 لاکھ سے زیادہ ملکیت کے سونے اور ہیرے جواہرات پر اسکیم کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم سے 30 جون 2019ء تک فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور اسکیم مکمل ہوتے ہی نادرا کے ذریعے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اسکیم جاری کرتے وقت آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کو اعتماد میں لیا جائے گا اور اسکیم جاری کرنے سے قبل عدلیہ کو آگاہ کیا جائے گا جب کہ سیاسی قیادت سے اسکیم کے حق میں اگاہی مہم چلانے کا کہا جائے گا۔

خیبرپختونخوا :لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کرنے کا اعلان کردیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے، لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ان کے عہدوں کے مطابق جگہ ملے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ کسی کو بے روزگار نہ کیا جائے، قبائلی اضلاع کے انضمام کا مقصد ان کی 70 سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہے، صوبائی حکومت کے اقدام سے 48 ہزار لوگوں کو فائدہ ہوا ہے۔

بھارت: جھوٹے کیس میں میر واعظ عمر فاروق دوبارہ طلب

قابض بھارتی انتظامیہ نے حریت رہنماؤں پر زندگی تنگ کر دی، بھارتی تحقیقاتی ادارے نے جھوٹے فنڈنگ کیس میں حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ طلب کر لیا۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کوآج نئی دہلی میں طلب کیا ہے، جس کے لیے وہ کشمیر سے نئی دیلی پہنچ گئے ہیں۔

کشمیری میڈیاکے مطابق میر واعظ عمر فاروق پر دہشت گردی کی فنڈنگ کا جھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔

این آئی اے نے سید علی گیلانی کے بیٹے نعیم گیلانی کو بھی کل نئی دہلی میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر طلب کیا ہے۔

’دوحا میں طالبان سے ملاقات میں افغان معاشرے کا ہر فرد شریک ہوگا‘

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ دوحا میں ہونے والی طالبان اور افغان وفد ملاقات میں افغان خواتین، مرد، نوجوان سمیت افغان معاشرے کا ہر فرد شریک ہوگا۔

افغان مفاہمتی عمل کے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہنا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی سے آج اہم ملاقات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانوں سے مل کر دیگر فریقین اور افغان معاشرے کے ساتھ کام کرنے کا ربط بن گیا ہے، طالبان افغان اجلاس کے نمائندوں سے ملاقات کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ طالبان اور افغان وفد کے درمیان اپریل کے وسط میں دوحا میں ملاقات ہوگی، طالبان اور افغان حکومت کی جانب سے دوحا ملاقات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

شمالی کوریا،سالانہ انٹرنیشنل میراتھن کا انعقاد

شمالی کوریا میں سالانہ انٹرنیشنل میراتھن کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے آئے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور خوب دوڑ لگاتے ہوئے اپنی فٹنس کا عملی مظاہرہ کیا اور شائقین کی خوب داد سمیٹی۔

شمالی کوریا کے دارالحکومت Pyongyangمیں منعقد ہونے والی اس30ویں سالانہ بین الاقوامی ریس میں شمالی کوریا ، چین، مراکش، کینیا، ایتھوپیا، آسٹریلیا ،پرتگال سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے16سو سے زائد افراد نے حصہ لیا اور طویل راستے پر دوڑتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی بھرپور کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی منعقد ہونے والی اس سالانہ ریس میں ہالف میراتھن مرحلے میں خواتین کی کیٹگری میں شمالی کوریا کی Ri Kwang Ok اور مردوں کی کیٹگری میں شمالی کوریا کے Ri Kang Bom فاتح قرار پائے جبکہ فل میراتھن مرحلے میں خواتین کی کیٹگری میں سوئزرلینڈ کی اور مردوں کی کیٹگری میں روس کے کھلاڑی نے یہ مقابلہ اپنے نام کیا ۔

Google Analytics Alternative