Home » 2019 » July » 05

Daily Archives: July 5, 2019

نیب کا سیاسی تعلق ثابت ہوا تو استعفیٰ دے دوں گا، چیئرمین نیب

اسلام آباد: چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ مہینوں سے برسراقتدار رہنے والوں کا بھی احتساب  ہورہا ہے لیکن 35 سال سے برسراقتدار رہنے والوں کا حساب پہلے ضروری ہے۔ 

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کسی بھی قسم کی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، نیب یکطرفہ کارروائیاں کر رہی ہے تو ثابت کریں، اگر آپ نے کرپشن کی ہے تو نیب کارروائی کرے گا، کیا نیب نے کبھی ارکان پارلیمنٹ یا سیاستدانوں سے ملاقات کی، لوگوں کی نیب کو سیاست زدہ قرار دینے کی کوشش ناکام ہوئی اور جس سے ملاقاتیں ثابت ہو جائیں استعفیٰ دے دوں گا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ چند اراکین  پارلیمنٹ کے خلاف  نیب کے کیسز رجسٹرڈ ہیں، شہادتیں موجود ہوں تو کیا نیب آنکھیں بند کر لے، کروڑوں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے،  وقت آنے پر عدالت میں منی لانڈرنگ کے ثبوت پیش کریں گے، پروڈکشن آرڈر پر باہر آنے والے کہتے ہیں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، چند لوگوں کو اکٹھا کرکے وکٹری کا نشان بنانے سے آپ بے قصور ثابت نہ ہو سکتے جب کہ بیوروکریسی اپنا کام ٹھیک کرے تو نیب آپ کی طرف کیوں دیکھے گی لیکن جو کرے گا وہ بھرے گا یہ نیب کی پالیسی ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہناتھا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کروڑوں اور اربوں کی منی لانڈرنگ کچھ لوگ کہتے ہیں نیب کو ختم کر دینا چاہیے، نیب کو ملنے والا ایک ایک پیسہ جائز کام پر خرچ ہوتا ہے، بجٹ کی شکل میں ملنے والے پیسے قوم کی امانت ہیں، جو نیب پر خرچ ہو رہا ہے نیب اس سے کئی گنا واپس لوٹا رہا ہے، نیب اس وقت خزانے میں 326بلین کی رقم جمع کرا چکا ہے، کرپشن کا حساب نہ لیا جائے تو نیب خود مجرم ہے، نیب کی وجہ سے آج لوگوں کو ان کی رقوم مل رہی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کو کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی، نیب کے نزدیک سب برابر ہیں چاہے وہ برسر اقتدارہیں یا نہیں، مہینوں سے برسراقتدار کا بھی احتساب  ہورہا ہے لیکن 35 سال سے برسراقتدار رہنے والوں کا حساب پہلے ضروری ہے،  ہم نے فیس نہیں کیس دیکھا ہے، شہادتیں نہیں ملیں تو کیس داخل دفتر کردیا گیا لیکن جن کے پاس موٹرسائیکل تھی ان کی دبئی میں جائیداد نکل آئے تو کیا نیب ان سے نہ پوچھے، ملزم کے ہاتھ جتنے چاہے لمبے ہوں قانون سے لمبے نہیں، ماضی میں لیے گئے 100 ارب ڈالرذاتی طور پر خرچ کیے گئے اور اگر 100 ارب ڈالرز خرچ ہوئے ہوتے تو اسپتالوں،درسگاہوں کی حالت بدلی ہوئی ہوتی۔

حکومت پر الزام لگا کر اپوزیشن اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں لیکن اپوزیشن حکومت پر الزام لگا کر اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان اور رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء نے  بھی شرکت کی، اجلاس میں اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن صرف اپنے جرائم سے توجہ ہٹانے کے لئے حکومت پر الزامات لگا رہی ہے، انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے، لیگی رہنما راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، جن لوگوں پر مقدمات ہیں عدالتوں میں ان کی صفائی دیں، پاکستان میں اب ادارے اور عدالتیں آزاد ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، لیکن اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، وزیراعظم کو پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات،  خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور کاروباری طبقے کے مسائل اور حل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پرپوری توجہ دی گئی، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کومعاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔

 

رانا ثناء اللہ کی منشیات حرام اور وزیراعظم کی منشیات حلال ہے، بلاول بھٹو زرداری

مہمند: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی منشیات حرام ہے مگر وزیراعظم کی منشیات حلال ہے۔

مہمند میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دہرا معیار ہے، حکومت کا ایک نہیں دو پاکستان دیکھو جس میں جھونپڑی حرام اور بنی گالا حلال ہے، ایم کیو ایم کی فارن فنڈنگ حرام اور پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ حلال ہے، رانا ثناء اللہ کی منشیات حرام ہے مگر وزیراعظم کی منشیات حلال ہے، نوازشریف کی آف شور حرام اور لاڈلے کی آف شورحلال ہے، یہ جھوٹے لوگ ہیں جو جھوٹ پر جھوٹ بول رہے  ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا، ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا، وزیراعظم نے اپنے ہی پیش کئے بجٹ پر ووٹ نہیں دیا اور اب وزیراعظم جھوٹی کہانیاں بولتےہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کے دور میں قبائلی علاقوں کے فنڈ کے لیے 500 فیصد اورتنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کیا گیا، ہماری حکومت نے پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا جب کہ انقلابی سی پیک منصوبہ شروع کیا، لیکن اب تبدیلی اور انصاف کے نام پرعوام کے سارے حقوق چھینے جارہے ہیں، نیا پاکستان اور تبدیلی کے نام پر سارے حقوق سلب کیے جارہے ہیں، آپ کے جمہوری حقوق پامال اورانسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ  پختونخوا اور قبائلی علاقے میں ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے،وانا میں گھی پلانٹ ہے تو ذوالفقار بھٹو کا بنایا ہوا ہے، باجوڑ میں پہلا کالج ذوالفقار بھٹو کا بنایا ہوا ہے، صدر زرداری نے این ایف سی اور پختونخوا کو شناخت دی اور تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا خیبرپختونخوا اور فاٹا کو دیا،شہید بینظیر نے کہا اگر نوکری دینا جرم ہے تو بار بار کروں گی۔

امریکا جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے، شمالی کوریا

پیانگ یانگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے چند روز بعد ہی شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ہمارے خلاف جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان حالیہ ملاقات اور مذاکرات کے بحالی کے باوجود امریکا جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے اور امریکا کو پابندیاں لگانے کا جنون ہے جب کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

خیال رہے امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خط بھیجا گیا ہے جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں اور شمالی کوریا کے ورکرز کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شمالی کورین وفد نے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے جان بوجھ کر شمالی کوریا کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش سے محتاط رہنا ہوگا۔

خیال رہے 30 جون کو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں انہوں نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ملاقات کی تھی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ٹیم بنانے پر اتفاق ہوا تھا تاہم ملاقات کے چند روز بعد ہی دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر سے کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے۔

کترینہ کیف بھی سلمان خان کی فٹنس کی دلدادہ

ممبئی: بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف بھی انڈسٹری کے سلطان سلمان خان کی فٹنس کی دلدادہ نکلی۔

بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنے کسرتی جسم اور 6 پیکس کی وجہ سے پہچانے جانے والے دبنگ اداکار سلمان خان کا انڈسٹری میں کوئی ثانی نہیں۔ لیکن ان دنوں سلمان خان بڑی اسکرین کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں۔ وہ اکثر ورزش کے دوران کی تصاویر پوسٹ کرتے ہیں اور ساتھ ہی مداحوں کی رہنمائی کے لئے منفرد مکالمات بھی لکھتے ہیں۔

سلمان خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ ورزش کرتے نظر آرہے ہیں۔ اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اگر دکھانا ہے، ہرانا ہے، مارنا ہے تو محنت کرکے اپنا لیول بڑھا کے کام سے مارو کیوں کہ سخت محنت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

سلمان خان کے کسرتی جسم کو دیکھ کر اُن کے مداح دیوانے تو ہیں ہی تاہم اب کترینہ کیف بھی سلو میاں کے جسمانی خدو خال کی شیدائی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں دبنگ خان کو فٹنس آئیکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی اداکار کا تن سازی کے لئے پر جوش ہونا بہت متاثر کن عمل ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ ماہرانہ انداز میں ورزش کر رہے ہیں۔

میرا کی ’’باجی‘‘ نے 4 دن میں 3 کروڑ روپے سے زائد کمالیے

کراچی: اداکارہ میرا کی فلم’’باجی‘‘ نے ریلیز کے 4 دنوں میں 3 کروڑ سے زائد کمالیے۔

اداکارہ میرا، عثمان خالد بٹ اورماڈل آمنہ الیاس کی فلم ’’باجی‘‘ نے ریلیز کے 4 دنوں میں 33 ملین تقریباً ساڑھے تین کروڑ کمالیے۔اداکارہ میرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کا 4 دنوں کا بزنس شیئر کراتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

28 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’’باجی‘‘ شائقین کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ اس فلم کو اداکارہ میرا کی فلموں میں واپسی قراردیاجارہاتھا۔ فلم میں میرا بہترین پرفارمنس دینے کے ساتھ بہت خوبصورت بھی نظر آئی ہیں۔

واضح رہے کہ ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ میرا نے فلم میں اپنے کردار سے متعلق بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ہمیشہ چیلنج سے بھرپور کردار کرنے کو ترجیح دی ہے اور فلم’’باجی‘‘ نے مجھے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع دیا ہے۔

سیاحت کے فروغ میں پنجاب حکومت کی کاوشیں

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار جہاں عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں وہیں سیاحت کے فروغ کےلئے بھی ان کی کاوشیں اپنی مثال آپ ہیں ۔ نئے پاکستان میں صوبہ پنجاب کو ہر لحاظ سے ترقی یافتہ بنانے کےلئے سیاحت کے میں میدان میں بھی نئے مقامات کو دریافت کرنا اور دریافت شدہ مقامات کو مزید ترقی دے کر سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پنجاب میں سیاحت کو صنعت کے طور پر فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ جنوبی پنجاب کے علاقے کو سیاحت کے حوالے سے ماضی میں بری طرح نظرانداز کیاگیا ۔ جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقامات کی ڈویلپمنٹ سے سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ نئے مقامات کے ضمن میں وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوہ سلیمان کو سیاحتی مقام کیلئے مختص کرنے اور سیاحتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ۔ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹس کی تزئین و آرائش کافیصلہ بھی کیا گیا ۔ سیاحت کو پروموٹ کرنے کیلئے کیمپنگ ساءٹس ،ہپ سفاری،پیراگلائیڈنگ اور لوکل ہیرٹیج بازار بھی بنائے جائیں گے ۔ کوہ سلیمان کے علاقے میں سیاحت کی بہت صلاحیت ہے ۔ کلچرل ٹورازم کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگارکے مواقع میسر ہوں گے ۔ یہ بھی ہدایت کی گئی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کوہ سلیمان کے سیاحتی مقامات کی تشہیر کی جائے اورنئے سیاحتی مقامات میں پانی ،سکیورٹی اوردیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ نئے سیاحتی مقامات پر سولر پینل کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا بھی جا ئزہ لیا جائے ۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سمال ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے بھی زیر غور ہیں ۔ مبارکی ٹاپ میں سیاحوں کیلئے تمام تر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ سیاحت کے فروغ کےلئے وزیر اعلیٰ نے ایک بہت ہی مستحسن قدم اٹھایا ہے کہ پنجاب میں مختلف محکموں کے 177 ریسٹ ہاوَسز کو عوام کےلئے کھول دیا ۔ یوں پنجاب میں سفر کرنے والے عام شہری خصوصاً تفریحی مقامات پر بنے ہوئے ریسٹ ہاوَسز میں ایک رات کا 1500 سے 3000 تک کرایہ ادا کر کے قیام کر سکتے ہیں ۔ اس سے قبل یہ ریسٹ ہاوَسز صرف سرکاری عہدیداروں کےلئے ان کے ذاتی استعمال میں ہوتے تھے جو کئی کئی دن تک اپنے پورے خاندانوں کے ساتھ یہاں مفت سرکاری خرچ پر قیام کرتے اور ان کے جانے کے بعد ان ریسٹ ہاوَسز کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام دوبارہ کروانا پڑ جاتا تھاجس پر الگ سے خرچہ آتا تھا ۔ اب عام لوگ مہنگے ہوٹلوں میں قیام کرنے کی بجائے انتہائی کم قیمت پر ان ریسٹ ہاوَسز میں قیام کر سکتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت مری اورراولپنڈی شہر میں 12 ہزار سے زیادہ کیمرے لگائے جائیں گے ۔ خاص طورپر سیاحتی مقام مری میں سیاحوں کی سہولت اور جرائم کو روکنے میں یہ کیمرے بہت اہم کردار ادا کریں گے ۔ کیمرے اندرون شہر کی سڑکوں پر لگیں گے جس کی وجہ سے مری شہر مکمل طور پر مانیٹر ہوسکے گا اور شہر میں سٹریٹ کرائم ، ڈکیتی ، حادثات اور امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے پولیس مستعدی سے کام کرسکے گی ۔ سیف سٹی عمار میں بم ڈسپوزل سکواڈ ، سول ڈیفنس ، ریسکیو1122 ، ڈولفن فورس سمیت دیگر ایمرجنسی سورسز کے دفاتر بھی ہوں گے ۔ اس طرح مری میں بڑھتے ہوئے جرائم اور سیاحوں کیساتھ بدسلوکی کے واقعات کے بعد پنجاب حکومت نے ڈولفن فورس تعینات کردی ہے ۔ ڈولفن فورس ناصرف سیاحوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرے گی بلکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی ۔ تعنیاتی کے فوری بعد ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے مری میں گشت بھی شروع کردیا ۔ گذشتہ سال مری میں ہوٹل مالکان کی طرف سے سیاحوں کیساتھ بدسلوکی کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے ۔ تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد سیاحوں کی جانب سے مری کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی گئی ۔ ان واقعات میں سوشل میڈیا پر خواتین سیاحوں پر بھی تشدد کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں ۔ تاہم ڈولفن فورس کی تعیناتی سے اب مری میں سیاحت کے فروغ میں مدد مل سکے گی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سیاحوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی ۔ مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھے گا ۔ سیاحوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر ہوں گیں ۔ وزیراعلیٰ نے مری میں اوور چارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کے بارے میں شکایات کانوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو سیاحوں کی شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ہماری تجویز ہے کہ اوورچارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے کیونکہ سیاحتی مقامات پر اوورچارجنگ کرکے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ اس کے علاوہ مری میں پارکنگ کا مسئلہ بہت بڑا ہے ۔ اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے ۔ اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں ۔

پولیس مقابلوں کے چیمپئن رانا ثنا اللہ نے سیکڑوں بے گناہوں کو مروایا، فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ پولیس مقابلوں کے چیمپئن تھے اور سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 2007 میں  چارڈر آف کرپشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کا نام دیا گیا، میچ فکسنگ کرکے سیاست کرتے رہے اور باریاں فکس کرکے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا گیا، شخصیات مضبوط ہوتی گئیں اور ادارے کمزور ہوتے گئے، چوتھی نسل کو گروی رکھا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے حقوق کا ضامن بن کر آئے ہیں، اگر وہ سسٹم کا حصہ بن جاتے تو ان کیلئے قابل قبول تھا، لیکن ان کا عزم محنت کش کو حق دلانا تھا، انہوں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ نہ کرپشن کرنی ہے نہ کرنے دینی ہے، آصف زرداری کے بے نامی دار اثاثے سامنے آئے ہیں، بے نامی دار اثاثے ایف بی آر نے اٹیچ کر لئے ہیں اب آصف زرداری کو عمران خان کیسے اچھے لگ سکتے ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پولیس مقابلوں کے چیمپئن تھے اور سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا گیا، فاشسٹ حکومت وہ ہوتی ہے جو حاملہ عورتوں کو گولیاں مارے، جو نشہ پھیلا رہا تھا اسے ہیرو بنا کر پیش کیا جارہا ہے، حکومت نے نشہ پھیلانے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنا ہے، اب پاکستان بدل چکا ہے نئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہے، بڑے چہروں پر قانون کا اطلاق ہو گا تو عام آدمی کو بھی پیغام جائے گا کہ اب قانون کی حکمرانی ہے۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ عمران خان جب وزیر اعظم بنے تو امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر پاکستان نے جو موقف اپنایا اس پر خاموشی ہوئی، آج عمران خان وقار کے ساتھ امریکا جا رہے ہیں، امریکا کی منتیں کر کے نہیں بلکہ  ڈنکے کی چوٹ پر اور سینہ تان کر جارہے ہیں، یہ نیا پاکستان ہے کہ عمران خان سفیر کے گھر میں رہیں گے اور  نہ کسی فائیو سٹار ہوٹل میں۔

 

Google Analytics Alternative